Sunday, 22 December 2024
  1.  Home/
  2. Express/
  3. Ayen, Umeed Ko Dhoondte Hain

Ayen, Umeed Ko Dhoondte Hain

10اگست 1976کو شمالی آئر لینڈ کے شہر بلفاسٹ کی گلیوں میں ایک عجیب واقعہ رونما ہوا تھا، ایک آدمی فرارکی کوشش میں پیچھا کرنے والوں کو دھوکہ دینے کے لیے اپنی گاڑی لے کر ایک گلی میں پہنچ گیا تھا۔

اچانک گولی چلنے کی آواز آتی ہے، زخمی ڈرائیورگاڑی کے اسٹیر نگ پر گر جاتا ہے، گاڑی چکرا کر ایک باڑ سے ٹکرا جاتی ہے اور ایک ماں اور تین بچوں پر چڑھ جاتی ہے، ماں اگرچہ شدید زخمی ہوئی مگر بچ گئی جب کہ اس کے تینوں بچے موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔ یقینا یہ واقعہ اتنا عجیب نہیں تھا جس زمین پر بھی جنگ اپنے پنجے گاڑتی ہے خو ف اور تشدد پھوٹ پڑتے ہیں، بچوں کی ہلاکت کسی طرح بھی قابل ذکر نہیں ہوتی۔

مگر 1976 کے اگست میں بلفاسٹ کے اس واقعے نے بالکل ہی مختلف نتیجہ پیش کیا اس علاقے میں جہاں تین بچے ہلاک ہوئے تھے ایک گھریلو خاتون رہتی تھی اس نے کارکے باڑ سے ٹکرانے کی آواز سنی اور جوں ہی وہ موقعے کی طرف دوڑ کر پہنچی اس کی آنکھوں میں خوف کا پورا منظر سما گیا، اس منظر نے اس کو ہلا کر رکھ دیا بلکہ مزید یہ ہوا کہ اس پر تشدد اور دہشت انگیز واقعے کے خلاف کچھ کرگذرنے کی پر جوش خواہش پر اس پر طاری ہوگئی۔

اوہ خدایا! اب ہمیں کچھ کرنا ہی پڑے گا مشورے کرنے کے یا منصوبے بنانے کے لیے وقت نہیں تھا، اس نے اس انداز میں سوچا ہی نہیں بس وجدانی کیفیت میں وہ ہی کچھ کیا جو اس کے دل نے کہا وہ اس سٹر ک پر واقع ہر مکان پرگئی جہاں یہ حادثہ ہوا تھا خوف کا لبریز پیالہ الٹ چکا تھا وقت آگیا تھا کہ ہر عام مر د اور عورت کو ایسے بے رحم تشدد پر احتجاج کے لیے اٹھ کھڑے ہونا چاہیے۔ اب یہ سیاسی رویوں یا مذہبی عقائد کا معاملہ نہیں رہ گیا تھا بس اس کا ایک ہی علاج تھا عوام خود اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔

ریڈیو اور ٹیلی ویژن نے ایک گھریلو عورت کی مہم میں کچھ دلچسپی دکھائی اور اسے دہشت کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کے لیے آئرش عوام کے نام ایک اپیل نشرکرنے کا موقع فراہم کیا۔ اس کی اپیل کا فوراً جواب ملا، زیادہ سے زیادہ لوگوں نے ان کی پکار پر لبیک کہا، سب سے پہلے تینوں بچوں کی خالہ آگے بڑھی اور ان دو عورتوں نے مل کر جنگ زدہ علاقے کی طرف اپنے صلح کے سادہ مگر دل کو چھو لینے والے پیغام کے ساتھ دلیر ی سے قدم بڑھائے۔

اس مختصر سی ابتداء سے آج ساری دنیا میں وہ کچھ ہوا جس کو شمالی آئرلینڈ کی امن تحریک کے نام سے جانا جاتاہے۔ 1976 کا نوبیل انعام گھریلو خاتون بیٹی ولیمز اور تینوں بچوں کی خالہ مریڈکو ریگن کو دیاگیا یہ عورتیں اپنی مہم میں کیوں کامیاب ہوئیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ محاذ جنگ کے دونوں جانب اس کی آرزو نے جڑیں پکڑ لی تھیں، ان دونوں عورتوں نے جوکچھ کہا وہ ہزاروں دلوں کے خیالات کی گونج تھیں اس لیے وہ عام ذہانت کی ترجمان بن گئیں انھوں نے غلط سمت سے شروعات کی اوپر سے نہیں چالاک ذہنوں کے درمیان سے نہیں جو سیاسی بصیرت کے حامل تھے نہیں، انھوں نے عام آدمی سے رابطہ کیا۔

ایک کھر ے اور ساد ہ پیغام کے ساتھ۔ انھوں نے کبھی اپنے کام کی مشکلات کی پرواہ نہیں کی، بس وہ اپنے کام میں جتی رہیں اس لیے کہ انھوں نے پورا یقین تھا کہ یہ کچھ ہے جس کی اشد ضرورت ہے ایک باہمت، بے غرض، عمل جو ہزاروں کے لیے روحانی فیضان ثابت ہوا، جس نے ظلمت میں ایک شمع روشن کی جس نے ان لوگوں کو نئی امید دلائی جو سمجھتے تھے کہ ساری امیدیں ختم ہوچکی ہیں۔ آج اگر ہم پاکستان میں امیدکو ڈھونڈنے نکلیں تو ہرجگہ ہمارا استقبال مایوسی پہلے سے کررہی ہوگی۔ ہم امیدکو ملک میں کہیں بھی تلاش نہیں کر پائیں گے۔ ہاں نا امیدی، مایوسی اور بے بسی سے ہماری ملاقات نہ چاہتے ہوئے بھی بار بار خود بخود ہوتی چلی جائے گی۔

آج پاکستان میں سب بے بس ہیں، سب خوفزدہ ہیں بے بسی اورخوف کا آپس میں کیا تعلق ہے۔ آئیں، اس نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اس سے بھی پہلے بے بسی کو جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔ جب آپ کسی ایسی صورتحال سے دوچار ہوجاتے ہیں جس سے باہر نکلنے کی کوئی راہ آپ کو دکھائی اور سجھائی نہیں دے رہی ہو اور آپ کا دل اور ذہن شل ہوکر آپ کا ساتھ دینے سے صاف انکار کر دیں۔ جب آپ کے دل اور ذہن میں ہولوں کا غبارگردش کرنے لگے جب آپ کے اعصاب، حوصلہ، جذبہ، ہمت آپ کے دشمن بن جائیں۔

توآپ بے بس ہوجاتے ہیں اور جب آپ بے بس ہو جاتے ہیں تو پھر اسی لمحے آپ کی تاک میں بیٹھے خوف آپ کو دبوچ لیتے ہیں روزگارکا خوف، بے عزتی کا خوف، بے اختیاری کا خوف، مہنگائی کا خوف، پانی، بجلی، صحت کا خوف، بیماریوں کے خوف پھر آپ کے اندر ننگا ناچنا شروع کر دیتے ہیں اور پھر آپ نا امیدی کی چادر اوڑھ لیتے ہیں، آج ہم سب کو اپنی نا امیدی کے علاوہ اورکسی بات کا ہوش نہیں۔ آج ہم سب اپنی اپنی نظروں میں بے توقیر ہیں سب سے زیادہ وحشت ناک صورتحال یہ ہے کہ ہم سب اس کو اپنی آخری منزل سمجھے بیٹھے ہیں۔

یہ ماننے کے لیے تیار ہی نہیں ہیں کہ ناامیدی کبھی آخری منزل نہیں ہوتی جب امید مرتی ہے تو نا امیدی پیداہوتی ہے جب نا امیدی مرتی ہے تو ایک بار پھر امید پیدا ہوتی ہے۔ اگر یہ بات غلط ہوتی تو بیٹی ولیمز اور مریڈ کوریگن کبھی بھی اس وحشت، دہشت اور نا امیدی کے حالات میں اپنے گھروں سے نہیں نکلتیں اورکبھی بھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوتیں۔ کیا ہم ان دونوں گھریلو خواتین سے بھی گئے گذرے ہوگئے ہیں، جو نا امیدی، مایوسی کے خلاف اور اپنی بے بسی کے خلاف اپنے گھروں سے نکلنے کے لیے تیار نہیں ہیں، ان کے خلاف بولنے، اٹھنے اور دوسروں کو آواز دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

یاد رکھیں ! یہ زندگی آپ کو صرف ایک بار جینے کے لیے ملی ہے اگر آپ ان ہی حالات میں زندہ رہنے پر راضی ہیں تو پھر الگ بات ہے، اگر نہیں تو پھر شمالی آئرلینڈ کی ان دونوں گھریلو خواتین کی طرح بس آپ کو عام لوگوں کو آواز دینے کی ضرورت ہے پھرآپ دیکھیں گے کہ کس طرح عام لوگ آپ کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہوتے ہیں کیونکہ ناامیدی کبھی آخری منزل نہیں ہوتی۔ یاد رکھیں، عام لوگ آپ کی آوازکے منتظر ہیں۔