بھارت نے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر ہوائی حملہ کیا اور پاکستان نے دن کی روشنی میں دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ایسا کھرا جواب دیا کہ بھارتی جنگی جنون کو جیسے سانپ سونگھ گیا ہو۔ کل تک جو سرحد پار سے سوشل میڈیا پر پاکستان کو طعنہ دے رہے تھے کہ جنگی طیاروں کو اس لیے پاکستان نے نہیں مار گرایا کیونکہ اندھیرا تھا، وہ سارے کے سارے کہیں گم ہی ہو گئے۔ بھارت نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ بالاکوٹ کے علاقہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ قریباً ساڑھے تین سو مبینہ دہشت گردوں اور شدت پسندوں کو بھی مار دیا گیا۔ لیکن جب صبح ہوئی تو دنیا نے دیکھا کہ نہ کوئی عمارت گری اور نہ ہی کسی ایک بھی فرد کی جان گئی۔ ہاں! شجر کاری مہم چلانے والے پاکستان میں بھارتی حملے سے متاثرہ علاقے میں کئی درخت ضرور جڑوں سے اکھڑ گئے۔ جواب میں پاکستان نے بھارت کے دو جنگی طیاروں کو مار گرایا اور ایک بھارتی پائلٹ کو زندہ گرفتار بھی کر لیا جس کا اعلان وزیراعظم عمران خان کے علاوہ پاکستانی فوج کے ترجمان اور دفتر خارجہ نے بھی کیا۔
ایک روز قبل تک اپنی فتح کے شادیانے بجانے والے بھارت نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ دوسرے ہی روز پاکستان اُس سے ایسا بدلہ لے گا کہ دنیا بھر میں بھارت اور اُس کی فوجی طاقت کی جگ ہنسائی ہو گی۔ بھارت تو اپنے دعوے کے حق میں کوئی ایک بھی شہادت میسر نہ کر سکا لیکن پاکستان نے دنیا بھر کو تباہ شدہ بھارتی جنگی جہازوں کے ملبہ کے ساتھ ساتھ گرفتار بھارتی پائلٹ کی تصاویر اور وڈیوز بھی جاری کر دیں۔ اس کامیاب جوابی کارروائی پر ہم اپنے رب للعالمین کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ ہمیں اور ہماری افواج کو اس قابل بنایا کہ ہم دشمن کے عزائم کو اس طرح نیست و نابود کر سکیں۔ پاکستانی قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے جس کے جذبۂ شہادت کے سامنے دشمن کی بڑی سے بڑی فوج بھی نہیں ٹھہر سکتی۔ مودی اپنے اسلحہ کے زور اور بڑی طاقتوں سے دوستی کے نشہ میں پاکستان پر حملہ آور ہوا لیکن اُسے ایک بار پھر پاکستانی افواج نے یاد دلا دیا کہ شوقِ شہادت رکھنے والی فوج کے لیے اسلحہ کی حیثیت ثانوی ہے۔ یہ وہ فوج ہے جسے اسلام تعلیم دیتا ہے کہ "دشمن سے مقابلہ کی آرزو مت کرو اور اللہ سے عافیت مانگو لیکن اگر مقابلہ کی نوبت آ جائے اور تم پر جنگ مسلط کر دی جائے تو پھر جم جاو، ثابت قدم رہو اور جان لو کہ جنت تلواروں کے سائے تلے ہے،۔ (مفہوم) جس فوج کا یہ ایمان ہو وہ مودی اور بھارت سے کہاں گھبرانے والی ہے۔ ایمان کی بنیاد پہ لڑنے والوں نے تو ماضی میں بھی دنیا کی بڑی بڑی طاقتوں کو شکست دی اور آج کی تاریخ میں بھی دنیا کو یہی دکھایا۔ اگر سابق سویت یونین اور امریکہ نے افغانستان میں مار کھائی تو پھر بھارت اور مودی کی کیا حیثیت کہ پاکستان کو میلی نظر سے دیکھیں۔
پاکستانی قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ساتھ پوری سیاسی قیادت کی تعریف کرتی ہے کہ سب نے اپنے سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے بھارتی جارحیت کو منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ لیکن ماشاء اللہ جو پاکستان ائیر فورس نے کر دکھایا، اُس نے پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ تمام کشمیریوں کا دل بھی باغ باغ کر دیا۔ مجھے یقین ہے کہ بھارت کو پاکستان کی جانب سے ملنے والے کڑاکے دار جواب نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو بھی خوش کیا ہو گا۔ امید ہے کہ بھارتی جنگی جنون اب ٹھنڈا ہو گا اور بھارت کو اپنی غلطی کا احساس بھی ہوگا، اس کا ایک اشارہ اپنے جنگی طیارے مار گرائے جانے کے بعد ٹویٹر پر بھارت میں #NoToWar کا ٹرینڈ پہلے نمبر پر آ جانا ہے۔
مودی کے لیے تو لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے والی صوتحال بن گئی لیکن اب بھی پاکستان کی سیاسی و فوجی قیادت کی طرف سے ایک ہی پیغام بھارت کو دیا گیا ہے کہ ہم لڑنا نہیں چاہتے کیونکہ دو ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ کا مطلب مکمل تباہی ہے۔ بھارت کو یہ بھی یاددہانی کرائی گئی کہ پاکستان کی طرف سے امن کے پیغام کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ ہر مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے اور یہ یقین دہانی کراتا ہے کہ اگر پلوامہ حملے میں کسی پاکستانی کی شمولیت کے اُس کے پاس شواہد ہیں تو پاکستان ہر ممکن تعاون بھی کرے گا اور کارروائی بھی کرے گا۔ بھارت پہلے تو نہ سمجھا لیکن امید ہے کہ اب خوب سمجھ گیا ہو گا۔