Wednesday, 01 January 2025
  1.  Home/
  2. Express/
  3. 6 Hazaar 480 Ghantay

6 Hazaar 480 Ghantay

یں نے تنہائی کو انجوائے کرنا خواجہ صاحب سے سیکھا تھا، خواجہ صاحب مجھے ایک دن مارگلہ کی پہاڑیوں پر لے گئے، انھوں نے پیر سوہاوہ کے قریب گاڑی رکوائی، مجھے نیچے اتروایا اور پہاڑی کی پگڈنڈی پر چل پڑے۔

ہم چلتے چلتے ایک وادی میں آ گئے، پہاڑ کے دامن میں کوئی گاؤں تھا، یہ شام کا وقت تھا اور ڈوبتے ہوئے سورج کی شعاعیں مکانوں کی چھتوں سے منعکس ہو رہی تھیں، گاؤں کے درمیان سے پانی کا نالا گزر رہا تھا اور ہم جس زاویے پر کھڑے تھے اس سے ہمیں پانی میں آسمان کی نیلاہٹ اور ڈوبتے سورج کی سرخی ایک دوسرے میں گھلتی دکھائی دے رہی تھی۔ گاؤں کے چاروں طرف جنگل تھا، مجھے ایک لمحے کے لیے محسوس ہوا یہ منظر ایک پیالہ ہے جس کے پیندے میں سرخ ٹماٹروں کا گودا پڑا ہے جب کہ کسی ماہر شیف نے پیالے کی گول دیواروں پر پودینے کی چٹنی کا لیپ کر دیا ہے۔

میں نے ایک لمبی سانس لی اور خواجہ صاحب کی طرف دیکھا، وہ مسکرائے اور آگے چل پڑے، میں بھی ان کے پیچھے چل پڑا۔ ہم گھنٹہ بھر چلتے رہے، اسی دوران گاؤں اور چٹنی سے بھرا پیالہ دونوں پگڈنڈی کے کسی موڑ میں گم ہو گئے، سفر کے دوران سورج نے بھی ہمارا ساتھ چھوڑ دیا اور رات آہستہ آہستہ ہمارے راستے میں حائل ہونے لگی۔ میرے دل میں خوف ٹشو پر گرے سیاہی کے دھبے کی طرح آہستہ آہستہ پھیل رہا تھا لیکن میں خواجہ صاحب کے احترام میں چپ چاپ چلتا رہا، خواجہ صاحب تھوڑی دیر بعد رک گئے، یہ ایک عجیب جگہ تھی، دس دس فٹ کے فاصلے پر دو چٹانیں تھیں۔

چٹانوں کے سامنے پچاس ساٹھ فٹ اونچی چھوٹی سی پہاڑی تھی اور پہاڑی سے مختلف رنگوں کی روشنیاں آسمان کی طرف اٹھ رہی تھیں، چٹانوں کی دوسری طرف وہ پگڈنڈی تھی جس پر ہم کھڑے تھے اور ہماری پشت پر ایک گھنا سیاہ جنگل تھا اور اس جنگل سے جنگلی کیڑوں کی ہزاروں قسم کی آوازیں آ رہی تھیں۔

میں نے خواجہ صاحب کی طرف دیکھا، وہ مسکرائے، انھوں نے دائیں چٹان کی طرف اشارہ کیا اور فرمایا "آپ اس چٹان پر چڑھ کر بیٹھ جائیں، آپ نے آدھ گھنٹہ وہیں بیٹھے رہنا ہے اور خبردار آپ نے 30 منٹ تک یہ جگہ نہیں چھوڑنی" میں نے بے بسی سے ان کی طرف دیکھا، چٹان پر چڑھا اور چپ چاپ بیٹھ گیا۔ خواجہ صاحب دوسری چٹان پر بیٹھے، انھوں نے کندھے سے رومال اتارا، سر پر ڈالا اور راجپوت عورتوں کی طرح گھونگھٹ نکال کر بیٹھ گئے۔ میں نے دائیں بائیں دیکھا، پھر سامنے نظر دوڑائی اور پہاڑی کی دوسری طرف اٹھنے والی روشنیوں کے بارے میں سوچنے لگا۔

میں نے سوچا، یہ روشنیاں کہاں سے آ رہی ہیں؟ مجھے شروع شروع میں محسوس ہوا سی ڈی اے نے پہاڑ پر لائٹس لگا رکھی ہیں اور یہ روشنیاں انہی لائٹس کی پیداوار ہیں لیکن میں نے جلد ہی یہ خیال ذہن سے جھٹک دیا کیونکہ سڑک سے دو گھنٹے کی پیدل واک پر لائٹس لگوانے کی کوئی تُک نہیں بنتی تھی۔

میں نے سوچا یہ روحانی روشنیاں ہیں اور کسی قطب، کسی ابدال نے ان کا بندوبست کیا ہے اور خواجہ صاحب اپنی روحانی لو بلند کرنے کے لیے یہاں آئے ہیں مگر میں نے چند لمحوں میں یہ خیال بھی جھٹک دیا کیونکہ ابدال اور قطب کسی ایک جگہ کو روحانی مقام نہیں بننے دیتے۔ میں نے سوچا یہ شیطانی روشنیاں ہیں اور ان کا مقصد لوگوں کو گمراہ کرنا ہے لیکن میں نے جلد ہی یہ خیال بھی ذہن سے جھٹک دیا کیونکہ اگر یہ روشنیاں واقعی شیطانی ہوتیں تو پھر خواجہ صاحب کبھی یہاں نہ آتے اور اس کے بعد روشنیوں کا گورکھ دھندہ میرے ذہن میں پھیلتا چلا گیا۔

میرے ذہن میں ہر سیکنڈ بعد روشنیوں کے بارے میں کوئی نہ کوئی نیا تھیسس پیدا ہوتا اور میں اگلے ہی سیکنڈ میں کسی نہ کسی جواز، کسی نہ کسی دلیل کی الکلی سے اس تھیسس کے تیزاب کو نمک بنا دیتا۔ یہ سلسلہ جاری رہا یہاں تک کہ خواجہ صاحب نے گھونگھٹ اٹھایا، مسکرا کر میری طرف دیکھا اور فرمایا "چلیں " میں نے قید با مشقت سے رہائی پانے والے قیدی کی طرح فوراً چٹان سے چھلانگ لگا دی، اور چپ چاپ خواجہ صاحب کے پیچھے چل پڑا، یہ ایک گہری سیاہ بلکہ اندھی رات تھی اور ہم دونوں پیدائشی نابیناؤں کی طرح ٹٹول ٹٹول کر راستہ تلاش کر رہے تھے، میرے اندر شدید بے چینی تھی، میں خواجہ صاحب سے اس ساری خواری کی وجہ معلوم کرنا چاہتا تھا لیکن خواجہ صاحب کی ساری توجہ راستے پر تھی، ہم راستے سے الجھتے، لڑتے اور بگڑتے ہوئے تین گھنٹوں میں گاڑی تک پہنچے۔

ہم نے واپسی کا سفر شروع کر دیا، دامن کوہ کے قریب پہنچ کر خواجہ صاحب نے فرمایا "انسان ماں کے پیٹ میں نو ماہ تک تنہا رہتا ہے، تنہائی کے ان دو سو ستر دنوں میں اس کے پاس ماں کے دل کی دھڑکن اور اندھیرے کے سوا کچھ نہیں ہوتا، اندھیرے اور تنہائی کے ان دو سو ستر دنوں میں وہ آہستہ آہستہ لیکوڈ سے سالڈ کی شکل اختیار کرتا ہے۔

اس کے تمام اعضاء درخت کی شاخوں کی طرح ایک ایک کر کے جنم لیتے ہیں یہاں تک کہ وہ ماں کے دل کی دھڑکن کو سمجھنے لگتا ہے اور باہر کی روشنیاں ماں کے پیٹ کی دیواروں سے چھن چھن کر اس تک پہنچنے لگتی ہیں اور وہ ان روشنیوں کی ماہیت کا اندازہ لگا نے کی کوشش شروع کر دیتا ہے" میں نے حیرت سے ان کی طرف دیکھا، وہ بولے "اللہ تعالیٰ نے انسان کے لیے ستر لاکھ لذتیں پیدا کی ہیں لیکن اللہ نے سب سے بڑی لذت تنہائی میں رکھی ہے" وہ رکے، انھوں نے سانس لیا اور بولے "تم تنہائی کی لذت کا اندازہ صرف اس بات سے لگا لو کہ اللہ کے ایک لاکھ چوبیس ہزار نبی میجی ٹیشن (مراقبے) کے لیے جنگلوں، پہاڑوں، غاروں اور ویرانوں میں جاتے تھے اور اس عمل میں انھیں اس قدر لذت محسوس ہوتی تھی کہ وہ غاروں تک محدود ہونے کی کوشش کرتے تھے یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ کو وحی کے ذریعے انھیں واپس بستیوں میں جانے اور لوگوں کو دعوت دینے کا حکم دینا پڑتا تھا۔

یہ نبی بعثت کے بعد بھی ویرانوں، جنگلوں اور غاروں کی طرف بھاگتے رہے اور اللہ تعالیٰ انھیں ہر بار واپس بھجواتا رہا۔ تم اولیائے کرام کو بھی دیکھو، تمام اولیائے کرام خانقاہوں، حجروں اور کوٹھڑیوں میں محدود ہونے کی کوشش کیوں کرتے ہیں؟ درویش اپنی شناخت لوگوں میں کیوں گم کر دیتے ہیں کیونکہ یہ لوگ بھی تنہائی کی لذت، تنہائی کی برکتوں سے واقف ہوتے ہیں چنانچہ یہ تنہائی کو انجوائے کرتے ہیں " وہ رکے اور چند لمحے بعد بولے "تنہائی کتنی عظیم چیز ہے تم اس کا اندازہ زندگی کے آغاز اور موت جیسے اختتام سے لگا لو، اللہ تعالیٰ انسان کو پیدا ہونے سے قبل دو سو ستر دن تک اکیلا رکھتا ہے۔

وہ انسان کو پیدا بھی تنہا کرتا ہے، انسان مرتا بھی اکیلا ہے اور مرنے کے بعد حشر تک قبر میں بھی اکیلا رہتا ہے۔۔ کیوں؟ یہ تنہائی ہے! اور یہ تنہائی کی لذت ہے!۔ تنہائی اس قدر عظیم نعمت ہے کہ جب انسان پیدا ہوتا ہے تو وہ تنہائی چھن جانے پر چیخ کر احتجاج کرتا ہے" وہ رکے اور دوبارہ بولے "ساری عبادتیں، ساری نمازیں اور ساری دعائیں کیا ہیں؟ یہ بھی ایک مختصر تنہائی ہیں، ہم نماز شروع کرنے سے پہلے کیا کرتے ہیں؟ ہم اپنے آپ کو تنہا کرتے ہیں اور اس کے بعد خود کو اللہ کے دربار میں کھڑا کر دیتے ہیں، ایسا کیوں ہے؟ اس لیے کہ تنہائی دنیا کی واحد چیز ہے جو انسان کو اللہ سے جوڑتی ہے۔

جو اسے اللہ کا قرب عطا کرتی ہے اور یہ قرب ہی بنیادی طور پر وہ لذت ہوتی ہے جسے انسان پیدائش سے قبل اور انتقال کے بعد محسوس کرتا ہے چنانچہ اگر تم زندگی کو انجوائے کرنا چاہتے ہو، تم زندگی کی اصل لذت کو محسوس کرنا چاہتے ہو تو کبھی کبھی پہاڑ کی کسی چٹان پر آ کر اکیلے بیٹھ جایا کرو، کسی جھیل کے کنارے جایا کرو، کسی خوبصورت منظر میں اتر جایا کرو اور کبھی کبھی کسی ایسی اجنبی جگہ چلے جایا کرو جہاں تمہیں کوئی نہ جانتا ہو اور تم کسی خاموش جگہ بیٹھ کر اپنے ارد گرد دیکھا کرو، تمہیں ایک ایسی لذت محسوس ہو گی جو ہزاروں محبتیں مل کر نہیں دے سکتیں"۔

وہ رکے اور نرم آواز میں بولے "انسان کو زندگی کو سمجھنے کے لیے زندگی میں 270 دنوں کے برابر تنہائیاں درکار ہوتی ہیں، یہ چھ ہزار چار سو اسی گھنٹے بنتے ہیں چنانچہ انسان کو یہ ساڑھے چھ ہزار گھنٹے اپنے آپ کو ضرور دینے چاہئیں کیونکہ ان کے بغیر یہ زندگی کے مقصد کو نہیں سمجھ سکتا" اور وہ دن ہے اور آج کا دن ہے میں تنہائی کو انجوائے کرنے کا کوئی موقع ضایع نہیں کرتا۔

About Javed Chaudhry

Javed Chaudhry

Javed Chaudhry is a newspaper columnist in Pakistan. His series of columns have been published in six volumes in Urdu language. His most notable column ZERO POINT has great influence upon people of Pakistan especially Youth and Muslims of Pakistan. He writes for the Urdu newspaper Daily Express four time a week, covering topics ranging from social issues to politics.