Monday, 13 January 2025
  1.  Home/
  2. Guest/
  3. Insanon Ki Khoon Asham Basti

Insanon Ki Khoon Asham Basti

براعظم امریکہ میں چمگادڑوں کی ایک انوکھی قسم پائی جاتی ہے، اسے Vampire Batیعنی "خون آشام چمگادڑ" کہا جاتا ہے، یہ چمگادڑ دیکھنے میں بالکل چمگادڑ لگتی ہے کیونکہ یہ چمگادڑ ہی ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ یہ حسبِ توفیق دوسرے جانوروں کا خون چوستی ہے جن میں انسان بھی شامل ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر دو دن تک کسی چمگادڑ کو خون پینے کے لیے کوئی شکار نہ ملے تو اُس کی حالت غیر ہو جاتی ہے، پھر وہ اپنی برادری میں کسی ایسی چمگادڑ سے خون کا عطیہ مانگ لیتی ہے جو سیر ہو کر آئی ہو، یہ چمگادڑیں اِس خون کے تحفے کو یاد رکھتی ہیں اور پھر ضرورت پڑنے پر اپنی محسنہ چمگادڑ کو اتنا ہی خون لوٹا بھی دیتی ہیں جب اسے کہیں سے خون نہیں ملتا اور یوں تعاون کا یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔

ماہر حیوانیات جیرالڈ کارٹر نے مشی گن میں چمگادڑوں کے گروہ کو ایک جگہ بند کرکے تین سال تک اُن کا بغور مشاہدہ کیا (کیسے کیسے لوگ ہیں دنیا میں ) اِس دوران کارٹر مدوظلہ نے پورا حساب رکھا کہ کون کون سی چمگادڑ اپنے کھانے پینے میں دوسروں کو شریک کرتی ہے، اِس مقصد کے لیے موصوف نے کچھ چمگادڑوں کو 24 گھنٹوں کے لیے بھوکا رکھا اور پھر انہیں دوسروں کے ساتھ چھوڑ دیا، یہ تجربہ سینکڑوں مرتبہ دہرایا گیا تاکہ کسی قسم کا ابہام نہ رہے۔ کارٹر کو یہ جان کر بہت حیرت ہوئی کہ ایسی بھوکی چمگادڑیں جو پہلے دوسروں کو اپنے کھانے میں شریک کر چکی تھیں اُن کی فوراً مدد کی گئی اور انہیں کھانا میں شامل کیا گیا مگر وہ بھوکی چمگادڑیں جنہوں نے کسی کی مدد نہیں کی تھی اُن کی بھی جواباً کسی نے مدد نہیں کی اور وہ بھوکی ہی رہیں، مگر اُن سے یہ سلوک زیادہ دیر روا نہیں رکھا گیا اور جلد ہی انہیں بھی کھانے پینے میں شریک کر لیا گیا۔

اِن خون آشام چمگادڑوں کی طرح انسان نے بھی خون چوسنے کے کچھ خوشنما طریقے وضع کر رکھے ہیں جن کی آڑ میں سوٹڈ بوٹڈ لوگ انسانوں کا خون چوستے ہیں اور عام لوگوں کو احساس ہی نہیں ہو پاتا، فرق مگر یہ ہے کہ چمگادڑیں محض چند قطرے خون چوستی ہیں اور پھر اپنی برادری میں ضرورت مندوں کو عطیہ بھی کرتی ہیں جبکہ ہم انسانوں کے خون چوسنے کی کوئی حد نہیں۔

سیٹھ صاحب اپنے کارخانے میں مزدور کو کام دیتے ہیں، مزدور خوش ہو جاتا ہے کہ اسے نوکری مل گئی، غریب کو احساس ہی نہیں ہو پاتا کہ دراصل سیٹھ صاحب نے اسے نوکری نہیں بلکہ اُس نے سیٹھ کو اپنا خون پینے کی اجازت دی ہے۔ دفاتر میں براجمان خون آشام افسر دن رات سائلوں کاخون چوستے ہیں، یہ افسران روزانہ سوٹ ٹائی لگا کر اپنی کرسی پر آ کر بیٹھ جاتے ہیں اور فائلوں پر انگریزی میں نوٹ لکھتے ہیں، بظاہر ان سب کی انگریزی مختلف ہوتی ہے مگر نتیجہ میں کام ایک ہی ہوتا ہے، عوام کا خون چوسنا۔

بڑی بڑی کمپنیوں کا بھی یہی وتیرہ مگر انداز قدرے دلفریب ہے، یہ کسی ڈریکولا کی طرح حملہ آور نہیں ہوتیں بلکہ حسین عورت کے روپ میں ناز و ادا کے ساتھ جلوے دکھاتی ہیں، کارپوریٹ کے لفظ میں ویسے ہی بڑی دلکشی ہے۔ ایپل کو ہی لے لیں، اس کے ہر فون کے پیچھے لکھا ہوتا ہے "کیلیفورنیا میں ڈیزائن کیا گیا، چین میں بنایا گیا"۔

چین میں جو کمپنی آئی فون بناتی ہے اس کے تیرہ لاکھ ملازمین ہیں، اس سے زیادہ ملازمین صرف ایک کارپوریٹ فاسٹ فوڈ چین کے ہیں، مگر اِس کمپنی کے ملازمین کے استحصال کا یہ عالم ہے کہ 2010میں 18ملازموں نے خودکشی کی کوشش کی جن میں سے 14کی موت واقع ہوئی، کچھ لوگوں نے تو دن دہاڑے کمپنی کی عمارت کی چھت سے کود کر اپنی جان دی۔

خون چوسنے والی اِس کمپنی فاکس کون کے سی ای او ٹیری گاؤ نے اِن خود کشیوں کا حل یہ نکالا کہ اپنی عمارتوں کے باہر جال بچھا دیے تاکہ کودنے والے اُن پر آن گریں، یہی نہیں بلکہ اُن سے ایک حلف نامہ لیا جانے لگا کہ وہ کمپنی کی ملازمت کے دوران خود کشی نہیں کریں گے۔

آنجہانی سٹیو جابز سے جب اس معاملے پر رائے مانگی گئی تو اِس صدی کے عظیم ڈیزائنر نے کہا "فاکس کون کمپنی میں خود کشی کی شرح چین کی قومی اوسط سے بڑھ کر نہیں ہے"۔ 2012میں کمپنی کی عمارت کی چھت پر 150ملازم جمع ہوئے اور انہوں نے دھمکی دی کہ وہ کود کر اپنی جان دینے لگے ہیں، بڑی مشکل سے انتظامیہ نے انہیں راضی کرکے نیچے اتارا، وعدہ یہ کیا گیا کہ اُن کا خون کم چوسا جائے گا۔

یہی کمپنی ایمیزون کی سپلائر بھی ہے، برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ کے مطابق ایمیزون کی طرف سے دیے گئے اہداف کو پورا کرنے کے لیے کمپنی نے بچوں کو بھی نہیں بخشا اور دن رات ان کا خون چوس کر اُن سے کام لیا اور چینی لیبر قوانین کی خلاف ورزی کی۔

یہ کمپنیاں بے شک غریبوں کا خون پیتی ہیں مگر بدلے میں تھوڑا بہت معاوضہ بھی دے دیتی ہیں، مفت خوری نہیں کرتیں، غریب مزدور خون کے عوض اپنے بچوں کی روٹی تو پوری کر ہی لیتا ہے، ویسے بھی اِس سفاک دنیا سے اور کیا مل سکتا ہے! مگر ہم نے چونکہ دنیا کی امامت کا ٹھیکہ اٹھا رکھا ہے اس لیے ہمیشہ دو قدم آگے ہی رہتے ہیں، ہماری تسلی خون چوسنے سے نہیں ہوتی، ہم کتنا بھی خون پی لیں پیاس نہیں بجھتی، ہم سڑک پر اندھا دھند گولیاں برسا کر معصوم بچوں کے سامنے اِن کے ماں باپ کا خون بہاتے ہیں اور اُس کے بعد ڈنکے کی چوٹ پر انصاف کا بھی خون کر ڈالتے ہیں، ہمارا بس چلتا تو ہم شاید اُن بچوں کا بھی خون پی جاتے جو غلطی سے زندہ بچ گئے۔

اِنسانوں کی اِس خون آشام بستی سے تو چمگادڑوں کا وہ گروہ بہتر ہے جو ایک دوسرے کا خون پینے کے بجائے دوسرے جانوروں کا خون پیتا ہے اور پھر ضرورت پڑنے پر آپس میں بانٹ بھی لیتا ہے۔ ہم لوگ تو خونی چمگادڑوں سے بھی بدتر ثابت ہوئے ہیں!

About Yasir Pirzada

Yasir Pirzada

Muhammad Yasir Pirzada, is a Pakistani writer and columnist based in Lahore. He is the son of famous Urdu writer Ata ul Haq Qasmi. His weekly column "Zara Hat Kay" in Daily Jang, Pakistan’s most widely circulated Urdu daily and his fortnightly column with the name "Off the beaten track" in The News, a leading English daily, addresses issues of an ordinary citizen in humorous style.

Yasir did his graduation from Government College, Lahore and then joined The Nation, an English daily. He later acquired post-graduate degree in Political Science from University of the Punjab and then joined Civil Services of Pakistan.

While doing his Masters from University of the Punjab, Yasir wrote some columns in daily Nawa-i-Waqt with the name of "Zara Hat Key". However, since November 2006, Yasir has been writing regular weekly column in Daily Jang; and since October 2009 a fortnightly column in the YOU Magazine of daily The News.