Sunday, 12 January 2025
    1.  Home/
    2. 92 News/
    3. Khokhla Nizam, Banjar Aankhon Ka Noha

    Khokhla Nizam, Banjar Aankhon Ka Noha

    پاکستان کی سیاسی ومعاشی صورت حال نے معاشرے کو اخلاقی طور پر بھی دیوالیہ کر دیا ہے، طاقتور اشرافیہ نے سسٹم کو اپنے تابع کرتے کرتے اس قدر بنجر اور کھوکھلا کر دیا ہے کہ اس کی درستی اب ناممکن ہو چکی ہے، اگر کوئی قسمت کا مارا اس سسٹم اور نظام کو بہتر کرنے کا سوچتا بھی ہے تو بھاگ کھڑا ہوتا ہے۔

    چھہتر برس ہم نے صرف تجربات میں ضائع کیے، وہ تجربات جن کا نقصان صرف عام آدمی کو ہوا، اشرافیہ نے اپنی ناکامیوں کا ملبہ بھی عام آدمی پر پھینکا، سیاسی، عسکری اور معاشی اشرافیہ نے نظام کو اس قدر برہنہ کر دیا ہے کہ اس عریانی سے پوری دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ چھہتر سالہ تاریخ سے ہم نے کیا سیکھا، شاید کچھ بھی نہیں، جب جب کسی مردِ قلندر نے اشرافیہ کو للکارا، اس کی زبان بندی کے لیے سارا مافیا اکٹھا ہوگیا، اس گٹھ جوڑ نے سسٹم کی رہی سہی کسر بھی نکال دی۔

    آج ملک جس نہج پر پہنچ چکا ہے، یہ سب ایک دن میں نہیں ہوا، اس کے پیچھے برسوں کی پلاننگ ہے، سیاسی اشرافیہ اور سرمایہ دار، جس کی نااہلی اور ہٹ دھرمی کا خمیازہ پچیس کروڑ عوام بھگت رہے ہیں۔ اس تباہی کی ذمہ داری کسی ایک سیاسی پارٹی یا کسی بھی ایک شخص پر نہیں ڈالی جا سکتی، کوئی ایک ادارہ بھی اس تباہی کا ذمہ دار نہیں ہے، اس زیادتی کا ہر وہ شخص، ادارہ یا پارٹی ذمہ دار ہے جس کا مستقبل اس ملک اور یہاں کے عوام سے وابستہ نہیں۔

    حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کا بہت شورو غل ہے، ہونا بھی چاہیے، یہ کمیشن کم از کم اس بات کی نشان دہی ضرور کرتا ہے کہ مافیا اور طاقتور اشرافیہ نے مل کر اس نظام کی تباہی میں کیا کردار ادا کیا، اہم تو یہ ہے کہ اس ملک میں ایسے مفاد پرست کردار کیوں کرپیدا ہوئے جنہوں نے اپنے مفاد پر سسٹم کو کیسے قربان کیا، سقوط ڈھاکہ سے بہت پہلے، یہاں ایسا نظام ترتیب پا چکا تھا جس کا مقصد ایک مخصوص طبقے کی نمود ونمائش اور شہ خرچیوں کا خیال رکھنا تھا، تقسیم کے فوری بعد ایک ایسا طبقہ تیار کیا گیا جس کے لیے وطنِ عزیز کسی صورت بھی اہم نہیں تھا، مفادات کی جنگ لڑنے والوں نے تقسیم کے زخم کوپلک جھپکتے ہی فراموش کر دیا۔

    لاکھوں کی تعداد میں قربانیاں رائیگاں چلی گئیں، دنیا کی سب سے بڑی ہجرت اور اس سے پیدا ہونے والی صورت حال نے مہاجرین کو امید و یاس کی ملی جلی کیفیت میں مبتلا کر دیا، آج جب ہم یہ نوحہ لکھ رہے ہیں کہ ہمارے ساتھ کیا ہوا، کیوں ہوا اور کیسے ہوا تو شاید وہ نسل معدوم ہو چکی جو فسادات کی اندوہ ناک کہانی سنا سکتی تھی۔

    آج کا برسراقتدار طبقہ اپنے ٹویٹس اور ویڈیوز خطبات میں حمود الرحمن کمیشن کا راگ الاپتا تھا، تب انھیں کوئی پوچھنے والا نہیں تھا۔ میری نسل کے لوگوں کا المیہ یہ نہیں کہ حکومت کس کی ہے، مینڈیٹ کس کا ہے، ہمارا المیہ تو یہ ہے کہ اس نظام کی برہنگی کی ذمہ داری کوئی تو قبول کرے، جنھوں نے میرے لوگوں کی آنکھیں بنجر کر دیں، انھیں سنہری خوابوں سے محروم کیا، ان کا کچھ تو حساب ہونا چاہیے۔

    ہمارے جمہوری پارلیمان کی کہانی کیا ہے، یہی کہ ہر تین ساڑھے تین سال بعد ہم اپنا وزیر اعظم گھر بھیج دیتے ہیں، ہمارے جمہوری نظام کی عریانی کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ، چھہتر سالوں میں ہم اپنے تعلیمی نظام کی بھی وضاحت نہیں کر سکے، ہم آج تک فیصلہ نہیں کر سکے کہ ہم نے اردو میڈیم نسل تیار کرنی ہے یا انگریزی میڈم، ہم آج تک قرضوں سے نجات کا کوئی واضح پیٹرن نہیں بنا سکے، ہم آج تک اداروں کی حدود کا تعین نہیں کر سکے، ہم آج تک اپنے عدالتی نظام پر اٹھائے جانے والے سوالوں کا جواب نہیں دے سکے، ہمارے طاقتور ادارے اور لوگ، آج تک اس سسٹم اور اس پس ماندہ قوم کو" اون" نہیں کر سکے، میڈیا جس نے وہی سچ دکھایا جتنا اسے بتایا گیا، کیوں؟

    آج جب ہم پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں تو صرف اور صرف شکستہ خواب ہیں، ہم اپنا نوحہ کسے سنائیں، اب معاملہ آنسو بہانے سے بھی بہت آگے نکل چکا، چیخیں مارنے کو دل کرتا ہے مگر کیا کریں، چیخیں ماریں گے تو قید کر دیے جائیں گے، غدار کہلائیں گے، مار ڈالیں جائیں گے، اٹھا لیے جائیں گے یا پھر پھانسی لگا دیے جائیں گے۔

    ہمارے جن اداروں نے جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا تھا، اشرافیہ نے انھیں بھی یرغمال بنا دیا ہے، بلیک میلرز نے ہر اس شخص کو بلیک میل کیا، خوار کیا، جس نے نظام کی کمزوریوں کی نشان دہی کی، ہر اس شخص کو پابند سلاسل کر دیا گیا جس نے تھوڑی سی بھی کوشش کی کہ اس نظام اور اس سے پیدا ہونے والی تباہی کو ٹھیک کیا جائے، اس ملک کی سمت درست کی جائے، اداروں کی حدود کا تعین کیا جائے، عالمی سرمایہ دار کی بدمعاشیوں کا پردہ چاک کرتے ہوئے ملک مفاد کی بات کی جائے۔

    اب صورت حال ایسی ہے کہ ناامیدی اور یاسیت نے پوری قوم کو اندھیروں میں مبتلا کر دیا ہے، شدید خواہش کے باوجود ایسا نہیں لگتا کہ حالات ٹھیک ہوں گے، یہ تماشا جو پوری پلاننگ سے رچایا گیا، شاید ہی اب ختم ہو، شاید ہی حالات بہتر ہوں، اس مایوسی کوئی حل نہیں یا اگر ہے بھی تو نظر نہیں آ رہا۔