Wednesday, 30 October 2024
  1.  Home/
  2. Guest/
  3. Jannay Ka Gharoor Aor Na Jannay Ki Aajzi

Jannay Ka Gharoor Aor Na Jannay Ki Aajzi

علم نور بھی اور علم حجاب بھی ،اگر علم کا مقصد شہرت اور ناموری ہو تو یہ حجاب، اگر علم کی منشاء خدا کی رضااور مخلوقِ خدا کی بھلائی تو یہ نور اوراگر علم اَنا کے خول سے نہ نکلے تو یہ حجاب اوراگر علم ادراک و آگہی کا ذریعہ ہو جائے تو یہ نور، لیکن اہم بات یہ کہ جاننے کا غرور اگر نہ جاننے کی عاجزی میں بدل جائے تو پھر ہر حجاب نور ہوجائے ۔

کتاب اللہ میں 167 مرتبہ علم پر بات ہوئی جبکہ 854 بار لفظ علم استعمال ہوا ، اگر ایک طرف علم کی اہمیت یوں سامنے آئی کہ ’’اللہ کی باتیں صرف اہلِ علم ہی جانیں ، ہم نیکوکاروں کو علم وحکمت عطا کریں اور اللہ کو علم والے پسند ‘‘ تو دوسری طرف علم کی فضیلت ایسے بیان ہوئی کہ ’’ اللہ کے علم کے ساتھ قرآن اتارا گیا ،اللہ کے ہاں درجہ بندیاں علم کے لحاظ سے اور کامل علم والوں کیلئے بڑا اجر‘‘،حضور ؐ اکثر یہ دعاکیا کرتے کہ ’’اے اللہ میرے علم میں اضافہ فرما‘‘ ، آپؐ کا ہی فرمان کہ ’’جس نے علم کو امام بنا یا وہ دنیا کا امام بن گیا ‘‘، حضرت علیؓ فرمائیں ’’ کام کے لوگ تو صرف دو ہی ایک عالم اور دوسرا طالب علم ‘‘ ، مولانا رومی ؒ کہیں ’’ علم کے بنا انسان یتیم اور عالم مرنے کے بعد بھی زندہ ‘‘ ، شیخ سعدیؒ بتائیں ’’خدا کے ناراض ہو نے کی ایک نشانی یہ بھی کہ بندے پر علم کے دروازے بند ہوجائیں ‘‘ اور خلیل جبران کے مطابق ’’ عقل علم کے بنا ادھوری اور علم عمل کے بغیر نامکمل ‘‘ ۔

صاحبو! علم کا درجہ یہ کہ باری تعالیٰ خود بھی معلم اور ہر نبی ،پیغمبر اور رسول بھی معلم ، علم کا مقام یہ کہ حضرت آدم ؑ کی تخلیق پر جب ملائکہ معترض ہوئے ، جب 14 بنیادی حروف جنہیں قرآن مجید میں حروفِ مقطعات کہاجائے ،حضرت آدم ؑ اور ملائکہ کو دے کر سوالات ہوئے جب ملائکہ صرف یہی کہہ پائے کہ ’’ ہمیں تو اتنا ہی علم جتنا تو نے سکھا رکھا‘‘ اورجب حضرت آدم ؑ نے ہر سوال کا جواب دے دیا تو پھر حکمِ الہی سے ملائکہ نے جو سجدہ حضرت آدم ؑ کو کیا ایک طرح سے یہ سجدہ تعظیمِ علمیت کو بھی ہوا ۔ ایک بارواصف علی واصف سے کسی نے بڑا دلچسپ سوال پوچھا ’’علم کیا ہے اور کیا ہماری روایتی تعلیم بھی علم ہی کہلائے ‘‘ جواب آیا ’’ نہ نہ علم اور تعلیم کو Mix نہ کرنا ،کیونکہ ضرورت کا علم اور شے اور علم کی ضرورت اور شے ، علم اور تعلیم دو علیحدہ علیحدہ جہان ،تعلیم کا تعلق ڈگریوں سے اور علم ڈگریوں اور یونیورسٹیوں سے بے نیازاور تعلیم کا مقصد نوکری ،حصولِ رزق اورسماجی مرتبہ جبکہ علم نوکری ،روٹی اور عہدوں سے بالآتر‘‘ ، استادوں کے استاد واصف علی واصف بات کرتے کرتے رُکے اورپھر چند لمحوں کے توقف کے بعد دوبارہ بولے ’’علم تو اُس کی خاص عطا کہ جو سب کو سب کچھ عطا کرے، علم ہر طاقت سے بڑی طاقت ، علم صاحبِ ظر ف بنادے ،علم دنیا کے اندھیروں میں مستقل روشنی ،علم آخرت کے راستوں کا نشان ، علم پہچا ن ، علم عرفان ، علم نامعلوم سے نجات کا نام ، علم معلوم کی نفی اور علم تو وہ جہان کہ جہاں اپنے معلوم پہ نازاں انسان ہمہ وقت نامعلوم کی زدمیں ‘‘۔

دوستو ! آج بھی زندہ و تابندہ زیادہ تر بڑے ایسے کہ جن کے پاس تعلیم نہیں تھی مگر علم تھا ، جیسے ارسطو کے پاس علم تھا تعلیم نہیں ، وہ مرزا غالب اور وارث شاہ جو آج ایم اے کے نصاب کالازمی حصہ ، وہ خود بی اے بھی نہ تھے ، اور تو اورشیکسپیئرجو جب دوسری جماعت میں تھا تو سکول سے بھاگ گیا مگر آگے چل کر اسی نے 36 یادگار ڈرامے ، لازوال افسانے اور بے مثال نظمیں لکھ ڈالیں،لیکن کبھی کسی نے غور کیا کہ یہ سب ابھی تک کیوں زندہ اور انکے اِردگرد گذر چکے لاکھوں ،کروڑوں تعلیم والوں کا کیوں کسی کو کچھ پتا نہیں،تو یہ اس لیئے کہ علم نے آج تک کسی کو مرنے نہیں دیا ،علم زندہ رہے اور زندہ رکھے ،ا بھی کل ہی کی بات کہ زہر کا پیالہ پکڑے سقراط سے جب کہا گیا کہ ’’مرتے ہوئے اتنا سکون اور اطمینان کیسے ‘‘ تو سقراط ہنس کر بولا’’ میں زہر کو انجوائے کر رہا، کیونکہ مجھے علم کہ میں مر کر بھی نہیں مروں گا اور مجھے مارنے والے زندہ ہو کر بھی مُردوں جیسے ‘‘۔

قارئین کرام! علم کی ایک بڑی نشانی یہ کہ علم نافع ہو، مطلب علم نفع پہنچائے دونوں جہانوں میں اور پھر یاد رہے کہ علمِ نافع ہی بتائے کہ اگر نیت اور ارادے میں عاقبت اور آخرت ہو تو ہر کام نیکی اور اگر نیت اور ارادے میں دنیا ہو تو ہر عبادت فانی،یہ علمِ نافع ہی جو یہ سمجھائے کہ جب سب کچھ یہیں چھوڑ جانا تو پھر جمع کیا کرنا ،یہ علمِ نافع ہی جو ہر مصیبت اور ہر آزمائش میں قدم اکھڑنے نہ دے ،جو سولی اور نیزوں پر بھی میٹھی نیند سُلا دے،جو خالق ،رازق اور مالک کی پہچان کرائے ، جو تکبر اور غفلت سے بچائے، جو ثابت کرے کہ چاند او رمریخ پر پہنچنے سے بڑا کام مشیت کو پہچاننا ، جو دعا کا علم ،خیال کا علم ،روح کا علم ، دین کا علم ،خود شناسی کا علم اور قبر کا علم اور یہ علمِ نافع ہی کہ جسکے لیئے اہلِ نظر نے رو رو کر دعائیں کیں کہ ’’اے اللہ ہم پناہ مانگتے ہیں اس علم سے جو نفع نہ دے ، اے رب ہمیں علمِ نافع عطا کر ‘‘ ،لیکن صاحبو ! چونکہ علمِ نافع کی منزلیں بڑی ہی نازک اور یہاں بھول چوک ایسے ہی کہ جیسے ’’وہ بڑھیا کہ جس نے عمر بھر سوت کات کر آخر میں اسے الجھا دیا ‘‘ ، اسی لیئے اس سفر میں جہاں ہر قدم پھونک پھونک کر رکھنا وہاں یاد یہ بھی رکھنا کہ علم نور بھی اور علم حجاب بھی ،اگر علم کا مقصد شہرت اور ناموری تو یہ حجاب،اگر علم کی منشاء خدا کی رضااور مخلوقِ خدا کی بھلائی تو یہ نور اوراگر علم اَنا کے خول سے نہ نکلے تو یہ حجاب اوراگر علم ادراک و آگہی کا ذریعہ ہو جائے تو یہ نور، لیکن اہم بات یہ کہ جاننے کا غرور اگر نہ جاننے کی عاجزی میں بدل جائے تو پھر ہر حجاب نور ہوجائے ۔