Tuesday, 05 November 2024
  1.  Home/
  2. 92 News/
  3. Bye Bye Basant. Welcome Valentine

Bye Bye Basant. Welcome Valentine

اِک دن رہیں بسنت میں اِک دن جئیں بہار میں اِک دن پھریں بے انت میں اِک دن چلیں خمار میں دو دن رکیں گرہست میں اِک دن کسی دیار میں (منیر نیازی)آپ مشہور پنجابی لوگ گیت"جگنی، کے ان مصرعوں سے تو آگاہ ہوں گے کہ، جگنی جاوڑی وچ روہی۔ اوتھے رو رو کملی ہوئی۔ اوہدی وات نہ لیندا کوئی۔ یعنی جگنی روہی کے ویرانے میں چلی گئی اور وہاں رو رو کر کملی ہو گئی اور پھر بھی کسی نے اس کی خبر نہ لی۔ ان دنوں بے چاری بسنت بھی جگنی ہو چکی ہے۔ دشمنوں کے نرغے میں آ گئی ہے۔ روتی ہے فریادیں کرتی ہے اور پھر بھی کوئی نہیں جو اس کے آنسو پونچھے، اس کی خبر لے۔ ہر کوئی لٹھ لے کر بسنت کے پیچھے پڑا ہوا ہے کہ یہ تو ہندو تہوار ہے۔ کفر کی ریت ہے اور پاکستان اس روز دن دونی رات چوگنی ترقی کرے گا جب بسنت کو ہمیشہ کے لئے لاہور سے نکال دیا جائے گا۔ خاندانی نظام خطرے میں ہے، ہماری روحانی اقدار کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ ہمارے معاشرے کی بنیادیں متزلزل ہو جائیں گی اور یقین کیجیے کہ بسنت کے ویری اور مفت میں ویری لوگ جب اس تہوار کے خلاف بولتے ہیں تو ان سے ڈر لگتا ہے وہ اتنے اشتعال میں ہوتے ہیں۔ غیر مرئی طور پر آپ کو ان کے منہ سے جھاگ کے چھینٹے اڑتے نظر آ سکتے ہیں۔ میں یہاں بسنت کا دفاع نہیں کروں گا۔ مجھے تو اس بے چاری پر ترس آ رہا ہے کہ وہ رو رو کے کملی ہو رہی ہے تو کوئی تو اس کے آنسو پونچھے، تو میں صرف اس کے آنسو پونچھنا چاہتا ہوں کہ میں اسے تقریباً 75برس سے جانتا ہوں۔ میں نے چیمبر لین روڈ والے قدیم مکان کی تیسری منزل کی چھت پر پہلی بسنت منائی تھی۔ پہلی گڈی اڑائی تھی اور تب سے آج تک بسنت کے ساتھ میرا لگائو ہے۔ اس تہوار نے مجھے بہت ساری خوشیاں عطا کی ہیں۔ بسنت دشمنی میں یہ بھی کہا گیا کہ ستر اوراسی کی دہائی میں صرف ہیرا منڈی کے مکین بسنت مناتے تھے۔ اب اس کا جواب میں کیا دوں، لاہور کی چھتوں اور درو دیوار سے پوچھئے۔ اس کے آسمان کو کٹہرے میں کھڑا کر دیجیے۔ حضور پورا لاہور بسنت مناتا تھا۔ بسنت بخار ہر لاہوریے کے رگ و پے میں گردش کرتا ہے۔ مجھے موہوم سا جو کچھ تقسیم سے پیشتر کے زمانوں کا یاد ہے تو تب بسنت مسلمان زیادہ مناتے تھے اور ہندو بہت کم۔ یقین نہ آئے تو موچی دروازے کے کسی پرانے بابا جی سے پوچھ لیجیے اگر آپ کو مجھ بابا جی پر اعتبار نہیں۔ خدا کے لئے تاریخی حقائق مسخ نہ کیجیے اور ہاں بسنت کی سرگوشی اور ہیجان صرف وہی محسوس کر سکتا ہے جو خالص لاہوریا ہو… اور مجھے گمان ہے کہ بسنت کے حوالے سے جتنے بھی خشمگیں حضرات ہیں ان کی اکثریت لاہور کی نہیں، اس لئے وہ لاہور کی قدیم روح کو محسوس ہی نہیں کر سکتے۔ کیا یہ اخلاقی اقدار کی نشوونما کے لئے ضروری ہے کہ اپنے مخصوص نظریے کے تابع ہر وہ شے جو خوشی دیتی ہے جس سے خلق خدا لطف اندوز ہوتی ہے اسے سردھڑ کی بازی لگا کر ممنوع قرار دینے کی کوشش کی جائے۔ جیسے ایک لاہوری شاعر نے کہا تھا کہ جس نے کبھی کوئی لکھنو کاٹ پتنگ نہیں اڑائی اس نے زندگی گنوائی۔ آپ جانتے ہیں کہ جشن نو روز دراصل آتش پرستوں کے زمانے کا ایک تہوار ہے۔ بسنت کی مانند یہ بھی رت بدلنے کا پھول کھلنے کا، فصلیں پھوٹنے کا تہوار ہے۔ امام خمینی نے بھی اس کی اجازت دے دی تھی کہ اس میں کوئی غیر شرعی حرکت نہیں ہوتی اور یہ لوگوں کے لئے بہار کے استقبال کا ایک تہوار ہے۔ نوروز نہ صرف پورے سنٹرل ایشیا بلکہ بلوچستان کے کچھ حصوں میں بھی منایا جاتا ہے۔ ترک جب ابھی تک خانہ بدوش تھے۔ قبیلوں میں بٹے ہوئے تھے وہ بھی سینکڑوں برسوں سے اس تہوار کی خوشی مناتے چلے آتے ہیں تو پھر بسنت نے کیا قصور کیا ہے۔ اگر یہ موسم کا نہیں ہندوئوں کا تہوار ہے تو پھر تقسیم سے پیشتر بھی صرف لاہور میں کیوں منایا جاتا تھا جو کہ ایک مسلمان شہر تھا۔ ان شہروں میں کیوں نہ منایا گیا جہاں کے باشندوں کی اکثریت ہندو ہوا کرتی تھی۔ دراصل بسنت کے عوامی تہوار کو سب سے پہلے مشرف کے زمانہ میں ہلاک کیا گیا جب اسے سرمایہ داری نظام کی چڑیلوں نے دبوچ لیا۔ ملتانی ادارے اور صنعت کار میدان میں اترے اور انہوں نے صرف ایک شب کے لئے کسی ایک چھت کے لئے لاکھوں روپے ادا کئے اور وہ چھتیں طوائفوں کے کوٹھوں میں بدل گئیں۔ مجرے ہونے لگے اور بسنت کو بھی پامال کر دیا گیا۔ بسنت کو ایک طوائف کر دیا گیا۔ ازاں بعد دھاتی ڈور نے اس کا گلا گھونٹ دیا۔ بسنت کمرشل ہوئی تو اسے عام آدمی کی سائیکل سے اتار کر مرسیڈمیں ڈال کر اغوا کر لیا گیا۔ میرے نزدیک اگر کسی تہوار کے نتیجے میں کوئی ایک انسانی جان بھی ضائع ہوتی ہے تو اسے ممنوع قرار دیا جا سکتا ہے۔ صرف سوال یہ ہے کہ اگر کرکٹ یا باکسنگ وغیرہ میں کوئی شخص ہلاک ہوتا ہے تو آپ حفاظتی اقدام کرتے ہیں۔ قوانین میں ترمیم کرتے ہیں۔ کرکٹ یا باکسنگ کو ممنوع قرار نہیں دیتے۔ کون سا کھیل ہے یا تہوار ہے جس میں حادثات نہیں ہوتے۔ تو حکومتی سطح پر آپ دھاتی ڈور درآمد کرنے والوں اور اسے فروخت اور استعمال کرنے والوں کو قتل کے الزام میں پھانسی پر کیوں نہیں لٹکا دیتے، انہیں قید کیوں نہیں کر دیتے کوئی اف نہیں کرے گا۔ جیسے کسی نے ازراہ تفنن لکھا تھا کہ اگر خدانخواستہ پاکستان پر ایٹمی حملے کا بگل بج جائے تو حکومت حفاظتی اقدام کے طور پر موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دے گی۔ اسی طور دھاتی ڈور والوں کو سزا نہیں دینی۔ بسنت پر پابندی لگا دینی ہے۔ قاتلوں اور دہشت گردوں کو کھلی چھٹی ہے لیکن پتنگ اڑانے والے گرفتار کئے جا رہے ہیں اور پھر ہماری پولیس کیسی جانفشانی سے چھاپے مار کر گڈیاں اور ڈوریں برآمد کر کے مجرمان کی سرکوبی کر رہی ہے۔ میں نے اپنی کتاب"لاہور آوارگی" میں لاہور کے ان دنوں کے بارے میں "اِک دن رہیں بسنت میں " کے نام سے ایک تفصیلی مضمون تحریر کیا ہے، جب یہ تہوار لاہوریوں کے لئے مسرت اور شادمانی لایا کرتا تھا اور لاہور کا آسمان بے رنگ نہ ہوا کرتا تھا۔ یہ مختلف بناوٹوں سجاوٹوں اور رنگوں کی پتنگوں۔ ، گڈیوں اور چھرّوں سے سجا ہوتا تھا۔ بسنت کی مخالفت البتہ وہ کر سکتا ہے جس نے کبھی بسنت منائی ہو، پتنگ کی ڈور جب انگلیوں میں سرکتی ہے اس انبساط سے آگاہ ہو۔ پیچا لڑانے اور پتنگ کاٹنے کے جو لطف ہیں ان کے ہیجان میں سے گزرا ہو ورنہ جس نے کبھی مے نہیں چکھی وہ کیا جانے خمار کیاہے اور بسنت کا بخار کیا ہے اور موسم بہار کیا ہے۔ تو حضور آپ کے کانوں پر جوں نہ رینگی جب میٹرو اور اورنج ٹرین کے لئے پورے لاہور کا چہرہ مسخ کر دیا گیا۔ سیمنٹ کی ایک بھدی دیوار برلن تعمیر کر کے لاہور کو دولخت کر دیا گیا۔ کیسی کیسی تاریخی عمارتوں کی بنیادیں ہلا دی گئیں اور لاہور کو سیمنٹ اور سریے کے ڈھیروں میں دفن کر دیا گیا اور اب بے چاری بسنت کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ جیسا کہ میں نے شروع میں عرض کیا تھا کہ میں بسنت کا دفاع کرنے نہیں آیا۔ اس بیوہ کے آنسو پونچھنے آیا تھا کہ یہ رو رو کر ہلکان ہو رہی تھی۔ اس بسنتی شہزادی کو شہر بدر کیا جا رہا ہے تو میں اس کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ اس نے میرے بچپن اور اوائل جوانی کے ایام میں بے خودی اور مسرتوں کے رنگ بھر دیے۔ میں جانتا ہوں کہ یہ شائد اب کبھی لوٹ کر نہ آئے اس لئے اسے خدا حافظ کہنے آیا ہوں۔ ہم نے اپنے متعدد موسمی مقامی تہواروں بیساکھی اور بسنت وغیرہ کو گھر سے نکال دیا اور ان کی جگہ اب ہم ماشاء اللہ ویلنٹائن ڈے مناتے ہیں۔ نیو ایئر پر جشن کرتے ہیں یہاں تک کہ ہیلو ئین اور بلیک فرائیڈے ایسے ہولناک تہوار مناتے ہیں۔ جب آپ اپنوں کو گھر سے نکال دیں گے تو غیر چلے آئیں گے۔ آپ سب کو بسنت کی شہر بدری اور ویلنٹائن ڈے مبارک ہو!

About Mustansar Hussain Tarar

Mustansar Hussain Tarar

Mustansar Hussain Tarar is a Pakistani author, actor, former radio show host, and compere.

He was born at Lahore in 1939. As a young boy he witnessed the independence of Pakistan in 1947 and the events that took place at Lahore. His father, Rehmat Khan Tarar, operated a small seed store by the name of "Kisan & co" that developed to become a major business in that sphere.

Tarar was educated at Rang Mehal Mission High School and Muslim Model High School, both in Lahore. He did further studies at the Government College, Lahore and in London.