Wednesday, 25 December 2024
  1.  Home/
  2. Express/
  3. Hum Shikuon Wali Gali Ke Makeen Hain

Hum Shikuon Wali Gali Ke Makeen Hain

شاید ہی کبھی کوئی تحریر ایسی بروقت لکھی گئی ہو جیسی کہ فرانس کے شہر لی ہاوغ نے سونے کے قلم سے اس بکس پر لکھی تھی، جو فرینک کیلاگ کو پیش کیاگیا تھا جب انھوں نے پیر س جاتے ہوئے فرانس کے ساحل پر پہلا قدم رکھا تھا۔

فرانس اور دنیا کی دوسر ی بڑی طاقتوں کے ساتھ معاہدے پر دستخط کے لیے 27 اگست 1928 کو کہا تھا " اگر امن چاہتے ہوتو امن کے لیے کام بھی کرو" مستقبل کبھی مایوسی، شکوؤں، بد اعتمادی، غم و غصے اور شک پر تعمیر نہیں کیا جاسکتا سمجھ یقینا پہلی لازمی شرط ہوتی ہے۔

سب سے پہلے خود بیماری کی وجہ اور نوعیت کی سمجھ ہونی چاہیے سمجھ ان رحجانات کی جو ہمارے وقتوں پر نظر رکھتے ہیں، ایسی سمجھ یقینا ایک دن میں پیدا نہیں کی جاسکتی مگر اس کے حتمی حصول کی پہلی شرط سمجھنے میں سنجیدگی ہوتی ہے کہ یہ اس سمت میں پہلا بڑا قدم ہوتی ہے۔ ہمیں یاد رہے "اگرہم خوشحالی، ترقی، سکھ اور سکون چاہتے ہیں تو ہمیں ان کے لیے کام بھی کرنا ہوگا "جہاں ہم نے اور بہت کچھ ترک کردیاہے وہاں ہم نے سو چنا اور ہنسنا بھی چھوڑ دیاہے اب نہ تو ہمیں زندگی سے کوئی سروکار ہے اور نہ ہی اپنے آپ سے کوئی دلچسپی ہے بس اس طرح جئے جارہے ہیں جیسے یہ کوئی عادت ہو۔

جب حضرت عیسیٰؑ کے شاگردوں نے ان سے پوچھا کہ وہ تبلیغ کرتے وقت تمثیلیں کیوں بیان کرتے ہیں، تو انھوں نے جواب دیا " اس لیے کہ آنکھیں رکھتے ہوئے بھی لوگ نہیں دیکھتے، کان رکھتے ہوئے بھی نہیں سنتے اور عقل رکھتے ہوئے بھی سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے۔" ہم سب اس وقت شکوؤں والی گلی کے مکین ہیں بات کا آغاز بھی شکوے سے کرتے ہیں اور اختتام بھی شکوے پر ہوتاہے ہر بات پر شکوہ ہر چیز میں شکوہ ہر ایک پر شکوہ۔ ایک دبلا پتلا مریض سا شخص ابھی کچھ تقریر کرکے بیٹھا ہی تھا کہ یارک شائر کے ایک تیز فہم اور دانش مند آدمی نے کہا " میں سمجھتا ہوں کہ جو بھائی ابھی بیٹھے ہیں۔

ان کامکان گلوں، شکوؤں والی گلی میں ہے میں بھی کچھ عرصہ وہاں رہ چکاہوں اور جتنے عرصہ میں وہاں رہا میری صحت کبھی اچھی نہ رہی۔ ہو ا خراب، مکان خراب، پانی خراب۔ اس گلی میں تو پرندے بھی آکر نہیں چہچہاتے اور میں سدا غمگین اور اداس رہتا تھا پھر میں وہاں سے بھاگ نکلا۔ میں نے مکان صبر و شکر والی گلی میں لے لیا ہے اس وقت سے میری اور میرے کنبے کی صحت اچھی ہے ہوا صاف ہے مکان اچھا ہے سورج وہاں سارے دن چمکتا رہتا ہے پر ندے صدا لگا تے رہتے ہیں اور مجھے زندگی کا لطف آتا ہے۔ میں اپنے بھائی کو صلاح دیتا ہوں کہ وہ بھی گلوں اور شکوؤں کی گلی والا مکان چھوڑ دیں صبر و شکر کے کوچہ میں بہت سے مکان کر ائے کے لیے خالی پڑے ہیں۔

مجھے یقین ہے کہ اگر ہمارے بھائی وہاں آجائیں تو وہ اپنے آپ کو تبدیل شدہ شخص پائیں گے مجھے تو ان کو اپنا پڑوسی دیکھ کر بڑی ہی خوشی ہوگی۔"ہم سب اپنے لیے خو شحالی، ترقی، سکھ اور سکون تو چاہتے ہیں لیکن ان کے حصول کے لیے کچھ کر بھی نہیں رہے ہیں ہم آنکھیں، کان اور عقل بھی رکھتے ہیں لیکن انھیں استعمال بھی نہیں کررہے ہیں ہم سب ہیں تو مریض لیکن ہمیں اپنے مرض سے کوئی سروکار نہیں ہے ہم سب زندگی کو ایک عذاب سمجھ بیٹھے ہیں۔

گوئٹے ہم سے سوال کرتاہے " اگر ہم زندگی کو بڑی فکر والی چیز سمجھ لیں تو اس کی کیا قدر و قیمت ہے اگر صبح جاگ کر ہم کو کوئی خوشیاں نہیں ملتیں، اگر شام اپنے ساتھ نئی خوشیوں کی امید نہیں لاتی تو کپڑے پہننا اور اتارنا کیا وقعت رکھتا ہے؟ کیا سورج آج مجھ پر اس لیے چمکتا ہے کہ میں گذرے ہوئے ایام پر غور وفکر کروں یامیں ان چیزوں کو قبل از وقت دیکھنے اور زیر کرنے کی کوشش کروں جو نہ قبل از وقت دیکھی جاسکتی ہیں اور نہ ہی زیر ہوسکتیں ہیں یعنی آنیوالے ایام میں کیا کچھ مدعا ہے اس کی فکر کروں۔"چام فرٹ کہتا تھاوہ دن بالکل ہی ضایع شدہ خیال کرنا چاہیے جس دن ہم کو سہنی نہ آئی ہو۔

ایڈورڈ دوئم بادشاہ انگلستان کے پرانے نسخہ جات کی کتب میں ہیوم کو ایک باب ملا " بادشاہ کو ہنسانے کے لیے "۔ لنکن کہا کرتاتھا " اگر کبھی کبھی کھلکھلا کر ہنسنے کاعادی نہ ہو ں تو مر جاؤں۔" آلورونیڈل ہالمیز لکھتا ہے " کئی سال گذرے کوہ آئرن پر قبر ستان میں پھرتے پھراتے میں نے ایک ایسی قبر دیکھی جس پر ایک سیدھا سادا سنگ مرمر کا ٹکڑا لگا ہوا تھا اور جس پر صرف چار لفظوں کاایک کتبہ لکھا ہوا تھا، گو لفظ چار تھے مگر آس پاس کے لمبے چوڑے کتبوں کی نسبت میرے خیال میں زیادہ پر معنیٰ تھے وہ لفظ یہ تھے " She was so pleasant" صرف اتنا ہی کتبہ پر تھا اوریہ کافی سے زیادہ تھا اس ایک فقرہ سے ایک زندگی کی ہم آہنگی ظاہر ہوتی تھی۔

امریکی سابق صدر لنکن کی میز کے درازکے ایک کونے میں لطائف و ظرائف کی ایک کتاب پڑی رہتی تھی اور یہ اس کی عادت تھی کہ جب کبھی تھک جاتا یا رنجیدہ و ملول ہوجاتا تو اس کتاب کو نکال کر پڑھ لیتا۔ ایمر سن کا قول ہے " اپنی دیواروں پر کوئی اداس و غمگین تصویر نہ لٹکاؤ اور اپنی گفتگو میں رنج و ماتم کا ذکر درمیان میں نہ لاؤ۔ سینیکا کہتا تھا " جو ضرورت سے پہلے رنج کرتا وہ ضرورت سے زیادہ رنج پاتا ہے "۔ دنیا میں کہیں بھی کسی ایسے شخص کا کوئی وجود نہیں ہے جسے مسائل اور دکھوں کا سامنا نہ ہو ہم سب ہمیشہ ہی سے مسائل اور دکھوں کے درمیان جیتے آئے ہیں اور جی رہے ہیں مسائل اور دکھوں کا وجود اس بات کی دلیل ہوتا ہے کہ ہم زندہ ہیں صرف مردوں کو مسائل اور دکھوں کا سامنا نہیں ہوتا ہے ہاں یہ صحیح ہے کہ کبھی وقت اچھا ہوتاہے اور کبھی برا۔ یہ بھی صحیح ہے کہ اس وقت ہمارا وقت برا چل رہا ہے ہمیں دنیا بھر کے لوگوں کے بر خلاف زیادہ مسائل اور دکھوں کا سامنا ہے لیکن اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہم سب جینا ہی چھوڑ دیں اور مسائل اور دکھوں کے سامنے ہاتھ باندھ کر اکڑوں بیٹھ کر ان سے معافی مانگنے لگ جائیں اور اپنے آپ کو " دکھ اور مسائل کی مخلوق " سمجھنا شروع کردیں۔ کسی روز آپ ٹھنڈے دل سے سوچئے گا کہ ہمیں اس کیفیت میں مبتلا کرنا کہیں ہمارے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش تو نہیں ہے کہیں یہ سب ایک پلاننگ کے تحت تو نہیں کیاگیا ہے۔

جب آپ سوچیں گے تو آپ فوراً نتیجے پر پہنچ جائیں گے اور آپ کے ہونٹوں پر اسی وقت مسکراہٹ آجائے گی اس کے بعد آپ ہنستے ہوئے اٹھیں گے اور اپنی "خو شحالی، ترقی، سکھ اور سکون " کے لیے کام کرنا شروع کردیں گے پھر آپ جئیں گے بھی اور ہنسیں گے بھی۔