Thursday, 07 November 2024
  1.  Home/
  2. Guest/
  3. Faraghat Ke Lamhat!

Faraghat Ke Lamhat!

میں نے سنا تھا کہ فراغت کے لمحات میں کچھ لوگوں کا دماغ شیطان کا کارخانہ بن جاتا ہے۔ میں اس مقولے کو صحیح تسلیم کرنے کا رسک نہیں لے سکتا کیونکہ فراغت کے لمحات خود مجھے بھی تو میسر آتے ہیں۔ اسے صحیح تسلیم نہ کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ساری عمر رعونت میں بسر کرنے والے لوگ جو اپنے دور اقتدار میں انسان کو انسان نہیں سمجھتے، ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے فارغ ہی فارغ لمحوں میں وہ ہاتھ میں تسبیح پکڑ لیتے ہیں بلکہ آپ کے سلام کا جواب بھی بڑی خوشدلی سے دینے لگتے ہیں اور اگر سچ پوچھیں تو وہ سلام کرنے والے کے دلی طور پر ممنو ن بھی نظر آتے ہیں۔ ان کا بس چلے تو وہ اگلے دن اسے شکریئے کا خط بھی لکھیں کہ جناب والا میں آپ کا بہت ممنون ہوں کہ آپ نے مجھ حقیر پُر تقصیر کو سلام کیا، مگر وہ ایسا کر نہیں سکتے کیونکہ وہ اپنے پی اے کو ڈکٹیشن دینے کے عادی ہوتے ہیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد ان کا سابقہ پی اے خود ان کے سلام کا جواب بہت سوچ سمجھ کر دیتے ہیں۔ ایک دفعہ میں ایک بہت بڑے افسر کے دفتر میں جو میرا کالج فیلو رہا تھا، بیٹھا کافی پی رہا تھا، گپ شپ کا سلسلہ جاری تھا، نائب قاصد تھوڑی تھوڑی دیر بعد جھکی ہوئی کمر کے ساتھ کمرے میں داخل ہوتا اور اس کی میز پر کسی ملاقاتی کی چٹ یا اس کا وزیٹنگ کارڈ رکھ کر اس طرح کبڑا بنے ہوئے کمرے سے نکل جاتا، میرا یہ دوستبڑی بے نیازی سے سائلوں کے ناموں پر ایک سرسری سی نظر ڈالتا اور پھر گپ شپ میں مشغول ہو جاتا، اس کی گفتگو کا زیادہ تر محور خود اس کی اپنی ذات تھا کہ سمریوں پر اس کے لکھے ہوئے نوٹ کتنے طاقتور اور موثر ہوتے ہیں وغیرہ وغیرہ۔ گزشتہ ہفتے میری ملاقات اپنے اس دوست سے ہوئی مگر مجھے اسے پہچاننے میں دقت پیش آئی۔ اس کا رنگ جو کبھی سرخ و سفید تھا، پیلا پڑ چکا تھا۔ اسے شوگر اور بلڈ پریشر کے عوارض لاحق ہو چکے تھے، اس کے چہرے پر داڑھی اور ہاتھوں میں تسبیح تھی۔ ہم ایک قریبی چائے خانہ میں جا بیٹھے۔ اس روز اس کی گفتگو "دنیا فانی ہے" کے گرد گھومتی رہی، پتہ چلا کہ دس برس پیشتر وہ ریٹائر ہوگیا تھا اور تمام تر کوشش کے باوجود مدت ملازمت میں توسیع نہ ملنے کے بعد سے وہ اس کتی دنیا سےمنہ موڑ چکا ہے۔ وہ اب اپنا زیادہ تر وقت تبلیغی جماعت کے ساتھ چلے وغیرہ کاٹنے میں گزارتا ہے۔

فراغت کے لمحات ان افراد کے پاس بھی وافر تعداد میں ہوتے ہیں۔ جو سو دو سو مربع زمین کے مالک ہیں یا ارب پتی والدین کی لاڈلی اولاد ہیں۔ ان میں اکثر کا دماغ واقعی شیطان کا کارخانہ ہوتا ہے، فراغت کے لمحات میں یہ جو کچھ سوچتے ہیں وہ ان کے کرتوتوں سے کہیں کم ہوتا ہے۔ جس میں وہ محو رہتے ہیں۔ یہ لوگ اگرچہ زیادہ تر وقت امریکہ اور یورپ میں گزارتے ہیں مگر اپنے "آبائی حلقوں" سے یہ ہر دفعہ کامیاب ہو کر ہماری نمائندگی کے لئے اسمبلیوں میں پہنچ جاتے ہیں۔ امریکہ اور یورپ سے تمام تر محبت اور عقیدت کے باوجود یہ اس بات پر بہت خوش ہوتے ہیں کہ پاکستان میں رہائش پذیر ہونے کی وجہ سے ان کے پاس ملازمین کی ایک فوج موجود ہے جو چند ہزار روپوں کے عوض ان کی ہر خدمت بجا لاتی ہے۔ یہ جب چاہیں انہیں نکال باہر کرسکتے ہیں، انہیں گالیاں دے سکتے ہیں اور انہیں پٹوا بھی سکتے ہیں۔ یہ طبقہ یہ سوچ کر پریشان ہو جاتا ہے کہ اگر خدانخواستہ وہ مغرب کے کسی ملک میں پیدا ہوئے ہوتے جہاں احترام انسانیت کے اصول موجود ہیں جن کی وجہ سے آپ کو انسان کو انسان ہی سمجھنا پڑتا ہے اور اس کے ساتھ انسانوں ایسا برتائو بھی کرنا پڑتا ہے، تو ان کا کیا بنتا؟ کیونکہ جب اس طبقے کے افراد مغربی ملکوں کی سیاحت کو جاتے ہیں تو کسی کو ان کے عہدے اور مال و دولت کی پروا نہیں ہوتی، وہاں کوئی "سائل" گھنٹوں ان کے گھر کے بیرون گیٹ پر نہیں بیٹھا رہتا۔ وہاں انہیں اپنے سارے کام خود ہی کرنا پڑتے ہیں، چنانچہ اپنے فراغت کے لمحات میں خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ انہیں اپنے پیار ے وطن پاکستان میں انسانیت کی تذلیل کی مکمل آزادی ہے۔ شاید اس وجہ سے یہ اپنی حب الوطنی پر اصرار کرتے اور موجودہ نظام کے خلاف جہاد کرنے والے دانشوروں کو غدار قرار دیتے ہیں۔

تاہم فراغت کے لمحات کا حامل ایک طبقہ بہت مظلوم بھی ہے۔ یہ وہ سفید پوش بابے ہیں۔ جوپنشن پر گزارہ کرتے ہیں، باہر تھڑے پر بیٹھے رہتے ہیں یا ان کے گھر والے انہیں سودا سلف خریدنے کے لئے بازار بھیج دیتے ہیں یہ گپ شپ کرنے کے لئے کوئی اسامی ڈھونڈتے رہتے ہیں اور جب کوئی اس طرح کی اسامی ان کے ہتھے چڑھ جاتی ہے تو یہ اس وقت تک اسے اپنے پاس سے ہلنے نہیں دیتے جب تک وہ وہاں سے دوڑ نہیں لگا دیتا۔ ایک دفعہ میں بھی ایک اسی طرح کے بابے کے ہتھے چڑھ گیا تھا میں ڈیفنس میں ایک دوست کا گھر ڈھونڈ رہا تھا اور جیسا کہ آپ جانتے ہیں پاکستان کی جدید بستیوں میں یورپ کی طرح آپ کو یہاں بھی پیدل چلتا کوئی شخص شاذشاذ ہی نظر آتا ہے۔ خوش قسمتی سے ایک بزرگ مجھے مل گئے۔ میں نے ان کے پاس گاڑی روکی اور اس دوست کے گھر کی بابت پوچھا۔ بولے "میں جانتا ہوں لیکن رستہ ذرہ پیج در پیج ہے۔ آپ خواہ مخواہ پریشان نہ ہوں، چلیں میں آپ کو ان کے ہاں چھوڑ آتا ہوں میں نے ان کا شکریہ ادا کیا اور وہ کار میں میرے برابر والی نشست پر براجمان ہوگئے۔ وہ مجھے کبھی دائیں اور کبھی بائیں جانب مڑنے کے لئے کہتے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی رام کہانی بھی سناتے جاتے کہ ان کی شادی کس سن میں ہوئی ان کی اولاد میں سے کون کس سال پیدا ہوا اور اب وہ کیا کرتا ہےوغیرہ وغیرہ۔ اس کے علاوہ انہوں نے خود میرے بارے میں سوالات کی یلغار کردی، جسے تقریباً ایک گھنٹہ گزر گیا اور بزرگ نے محسوس کیا کہ یہ "اسامی" اب ہر صورت میں ان سے جان چھڑانا چاہتی ہے تو انہوں نے کہا آپ پریشان نہ ہوں، دائیں طرف مڑ جائیں، تیسرا گھر آپ کے دوست ہی کا ہے، میں دائیں جانب مڑ گیا تیسرا گھر واقعی میرے دوست کا تھا میں نے ان کا شکریہ ادا کیا اور وہ کار سے اترے تو میں نے محسوس کیا کہ وہ تقریباً دوڑنے کے انداز میں چل رہے ہیں۔ مجھے اس کی وجہ سمجھ آگئی دراصل یہ وہی جگہ تھی جہاں میں نے ان بزرگوار سے راستہ پوچھا تھا۔

About Ata Ul Haq Qasmi

Ata Ul Haq Qasmi

Ata ul Haq Qasmi is a Pakistani Urdu language columnist and poet. He has written many articles on different subjects for the leading newspapers of Pakistan.

The most distinguished character of Qasmi's column is his satire on social inequalities of the society and his anti dictatorship stance which he boldly takes in his columns. He has a unique style of writing incomparable to any other columnist because of his humorous way which holds the reader till the last line of his column which is his punch line.

Qasmi was also elevated to the position of Ambassador of Pakistan in Norway and Thailand during Nawaz Sharif's reign from 1997 to 1999. His books of columns include "Column Tamam", "Shar Goshiyan", "Hansna Rona Mana Hay", "Mazeed Ganjey Farishtey and many more while his TV Drama Serials include the most popular "Khwaja and Son", "Shab Daig" and "Sheeda Talli". His travelogues include "Shoq-e-Awargi".

His writing is more toward Nawaz Sharif, and he has some closed relation with him. He supported PML-N in the 2013 election, and there are news that soon he will be appointed Ambassador to some country.