پاکستان کی آزادی سے لے کر آج تک پاکستان کی افواج نے اپنے ملک کی سلامتی اور بقا کے کے لیے قربانیوں، عزیمتوں اورشہادتوں کی ناقابلِ بیاں اور ناقابلِ تسخیر تاریخ رقم کی ہے۔ 8491،5691،1791،جنگِ کارگل اور وار آن ٹیرر۔۔ اِن تمام جنگوں میں پاک افواج کے جوانوں اور افسروں نے جذبہ حُب الوطنی کے قلم کو اپنے خون میں ڈبو کر وفا کے قرطاس پر لازوال اور بے مثال تاریخ رقم کی ہے۔
لیکن، جو جنگ ریاستِ پاکستان، عوامِ پاکستان اور افواجِ پاکستان پر نائن الیون کے بعد مسلط کی گئی ہے، اِس کی جہتیں اور پرتیں بڑی گنجلک اور تیڑھی ہیں۔ اِس جنگ میں پاکستان کے اندر ایسی شرانگیزی فتنہ و فساد اور سیاسی ہیجان برپا کیا گیا کہ کے پی کے اور بلوچستان میں عوام کو فوج کے مدمقابل کھڑا کر دیا گیاہے۔ اِس جنگ کے تین بنیادی مقاصد تھے۔
پہلا مقصد واحد اسلامی ایٹمی طاقت پاکستان کو معاشی طور پر شدید کمزور کرنا تھا تاکہ وہ ایٹمی، میزائل اور فوجی طاقت کے ساتھ معاشی طاقت اورترقی یا فتہ ملک کی صفوں میں نہ کھڑا ہوسکے۔ دوسرا مقصدپاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرکے آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں کے ٹکڑوں پر زندہ رکھ کر امریکہ اور عالمی طاقتوں کے زیرِ نگیں رکھناتھا تاکہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے مکمل معاشی اور فوجی معاملات پروان نہ چڑھا سکے۔ تیسرا بنیادی مقصد دنیا کی ٹاپ ٹین بہترین افواج میں شامل پاک فوج کو اپنی دوستی نما دشمنی کے رشتے میں جکڑ کر اُسے اِس خطے میں کوئی انقلابی، اہم اور آزادانہ اقدامات اور پاکستان میں دہشت گردی کو کامیابی سے کنٹرول کرنے سے باز رکھنا ہے۔
اپنے اِن تین بنیادی مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان میں اکیسوی صدی کے آغاز سے ہی سیاسی معاشی اور عسکری افراتفری اپنے نقطہ عروج پر پہنچا دی گئی ہے۔ لیکن اِس ساری جنگ میں جو قربانی پاک فوج کا جوان اور افسر دے رہا ہے وہ قابلِ صد تحسین ہے۔ خصوصاً پچھلے ڈھائی سال سے عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی میں پاکستان کے اندر اور سرحدی علاقوں میں نت نئے انداز سے جنگ و جدل کا طوفان اُٹھایا جا رہا ہے۔ اِس طوفان کے راستے میں پاک فوج کے سجیلے اور جوانمرد جوان اور افسر اپنا دلیر اور آہنی سینہ تان کر کھڑے ہیں اورہر روز دو سے تیس جوان اور افسر دھرتی ماں کی عصمت کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں لُٹا رہے ہیں۔
پاک فوج کے جوانوں اور افسران کی مسلسل انتھک بے مثال لازوال اور تابناک شہادتوں کے تسلسل نے مجھے اُن کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے۔ بے ساختہ نظم تحریر کرنے پر آمادہ کیا ہے۔ اللہ پاک نے مجھے نبی پاکٌ کے صدقے نثر اور تحریر کا طالبعلم تو بنایا ہے۔۔ لیکن آج پاک فوج کے جوانوں کی پاک سرزمین اور سوہنی دھرتی کی خاطر مسلسل اور لازوال شہادتوں نے شاعری پر مجبور کر دیا۔ نظم حاضر خدمت ہے۔
"وفا شعاروں کی سپاہ"
وطن کی مٹی پہ جان قرباں وفاشعاروں کا مشغلہ ہے
وطن کی خاطر لہو بہانا عزیمتوں کا یہ سلسلہ ہے
سکوں پرستی سے قطعہ تعلقی وفاپرستوں کی آرزو ہے
وطن پرستی کا علم لے کر شہادتوں کا یہ سلسلہ ہے
سازشوں کی سبیل لے کر عدوئے اہلِ وطن عیاں ہیں
وطن کو چاروں طرف سے گھیرے منافقوں کا بھی سلسلہ ہے
وطن فروشوں کی سر بریت میری سپاہ کا مقام ہے یہ
یہ سرفروشی کا عزم لے کر لہو نہانے کا سلسلہ ہے
شہادتوں کی وراثتوں کا یہ تاج قائم ہے سر پہ ابتک
میرے وطن کی سپاہ پہ میرے خدا کی رحمت کا سلسلہ ہے
حسن یہ میری سپاہ نہیں ہے میری بقا کا نشان ہے یہ
شہادتوں کا امین لشکر ہماری عظمت کا سلسلہ ہے
ملک دشمن عالمی طاقتوں اور اندرونی سیاسی عدالتی اور اداراتی " میر جعفروں"، "میر صادقوں" اور " ابو داؤدوں" کی تمام تر عیاریوں مکاریوں سازشوں اور چالاکیوں کے باوجود پاک سر زمین کی خاطر پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کا سینہ سپر ہوکر پانی کی طرح اپنے لہو کو بہانا تاریخ کے اوراق میں سنہرے حروف کے ساتھ لکھا جائے گا۔