Thursday, 31 October 2024
  1.  Home/
  2. Nai Baat/
  3. Dawn Leaks, Do Ailamiye Aur Mulaqat General Bajwa Se (1)

Dawn Leaks, Do Ailamiye Aur Mulaqat General Bajwa Se (1)

طرفہ تماشا یہ تھا کہ نام نہاد ڈان لیکس پر سات رُکنی تحقیقاتی کمیٹی اُس وقت بنی جب پرویز رشید کی برطرفی کو نو دِن اور ڈان لیکس نامی شوخ چشم حسینہ کو اپنی چھب دکھائے ایک ماہ ہوچلا تھا۔ جسٹس (ر) عامر رضا خان اِس کے سربراہ تھے۔ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز، پنجاب کے محتسب اعلیٰ نجم سعید، ڈائریکٹر ایف۔ آئی۔ اے عثمان انور، انٹیلی جنس بیورو کے ایک نمائندے کے علاوہ ملٹری انٹیلی جنس کے بریگیڈئیر کامران خورشید اور آئی۔ ایس۔ آئی کے بریگیڈئیر نعمان سعید بھی اس عزت مآب کمیٹی کے رُکن تھے۔

حسنِ کارکردگی کے باعث یہی دو بریگیڈئیر صاحبان، پانامہ کی شہرہئِ آفاق جے۔ آئی۔ ٹی کا حصہ بھی بنے اور وہاں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ کمیٹی کو ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنا تھی لیکن وزیراعظم کو مبتلائے اذیت رکھنے کے لئے وہ کچھوے کی چال چلتی رہی۔ راحیل شریف تو 29 نومبر کو اپنی ناآسودہ حسرتوں کی راکھ، دفتر کے لان میں دفن کرکے گھر چلے گئے لیکن اُن کی "متروکہ املاک" سرگرم رہیں اور اس کمیٹی کو بھی مادرِمشفق کی طرح آغوش میں لے لیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمان سنبھالی لیکن موسم نے کوئی نمایاں کروٹ نہ لی۔

جنرل باجوہ کی بطور آرمی چیف تقرری میں میرا بھی خاصا سرگرم کردار رہا تھا جس کی تفصیل کا یہ محل نہیں۔ میں اکثر مضطرب رہتا تھا کہ اگر صورتِ حال جنرل راحیل شریف جیسی ہی رہی تو وزیراعظم کیا سوچیں گے؟ اُن دِنوں تو نہیں لیکن اب وہ اکثر شگفتگی میں لپٹی لطیف سی چُٹکی ضرور لے لیتے ہیں اور میں بے دلیل سا ہوکر رہ جاتا ہوں۔

اِسی نفسیاتی خلجان کے زیراثر میں نے 21 مارچ 2016 کو جنرل باجوہ کے سٹاف آفیسر کو پیغام بھیجا کہ مجھے چیف سے ملنا ہے۔ فوراً ہی اگلے دِن شام6 بجے کا وقت طے ہوگیا۔ 22 مارچ کی اس طویل ملاقات کا کوئی قابلِ ذکر حاصل نہ تھا۔ جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ "سَر اَب تو کمیٹی میں سب کچھ طے پاگیا ہے۔ میں ہرگز وزیراعظم کو پریشان نہیں دیکھنا چاہتا۔ یہ معاملہ تو مجھے ورثے میں ملا ہے۔ جس دِن پرویز رشید کو فارغ کیاگیا، اُسی دِن یہ مسئلہ ختم ہوجانا چاہیے تھا۔ مجھے تویہ بتایاگیا ہے کہ کمیٹی بنانے اور معاملہ انجام تک پہچانے پر اصرار چوہدری نثار علی نے کیاتھا"۔

آج کم وبیش سات برس بعد جنرل باجوہ نے یہی بات صحافی شاہد میتلا کو بتائی ہے کہ "چوہدری نثار نے کہا تھا کہ ہمیں ڈان لیکس کو منطقی انجام تک پہچانا ہے۔ " میں نے ملاقات کی تفصیل وزیراعظم کو سنائی تو وہ خفگی اور آزردگی سے بوجھل لہجے میں بولے "دیکھیں صدیقی صاحب! یہ حال ہے وزیراعظم کا جو آئین کے تحت ملک کا چیف ایگزیکٹو کہلاتا ہے لیکن اپنی مرضی کی کابینہ بھی نہیں بناسکتا۔ ہم جانے کیا کیا کچھ برداشت کرتے رہتے ہیں۔ ایک اخباری خبر جو نہ جانے کہاں سے آئی۔

حکومت کے خلاف چارج شیٹ بنادی گئی ہے۔ اسی لئے میں کہتا ہوں کہ وزارت عظمیٰ ایک طرح کی نوکری بن کر رہ گئی ہے۔ سرجھکا کر ہر جائزناجائز مانتے رہو تو ٹھیک ورنہ رائی کا پہاڑ بنا کر وزیراعظم کو کٹہرے میں کھڑا کردیاجاتا ہے۔

کوئی پونے چھ ماہ بعد کمیٹی نے سفارشات پیش کردیں۔ 29 اپریل کو ایک اعلامیہ میڈیا کی زینت بنا کہ"وزیراعظم نے رپورٹ کے پیراگراف 8 کی تمام سفارشات منظور کرلی ہیں۔ مظہر عباس، ڈان اخبار اور سرِل المیڈا کا معاملہ اے۔ پی۔ این۔ ایس کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ طارق فاطمی کو منصب سے ہٹایا جا رہا ہے۔ راؤ تحسین کے خلاف انضباطی کارروائی ہوگی۔ " کچھ ہی دیر بعد آئی۔ ایس۔ پی۔ آر کا ایک ٹویٹ رعد کی طرح کڑکا اور چار سو برق پاشیاں کرنے لگا۔

فوج کے محکمہ تعلقات عامہ نے بہ صدتمکنت اعلان کیا کہ "سرکاری اعلامیہ نامکمل ہے اور انکوائری بورڈ کی سفارشات سے مطابقت نہیں رکھتا۔ سو نوٹیفکیشن مسترد کیا جاتا ہے۔ "Notification is Rejected" سخت مزاج باپ کی گھن گرج رکھنے والے فوجی اعلامیے کے سامنے وزیراعظم ہاؤس کا اعلامیہ معصوم بچے کی طرح میڈیا کے ایک کونے میں دبک گیا۔

نفسیاتی خلجان ہی کے زیراثر میں نے فیصلہ کیا کہ فوری طورپر آرمی چیف سے مل کر اِس آگ کو ٹھنڈا کیاجائے۔ وزیراعظم کسی سیاسی جلسے کے لئے اوکاڑہ میں تھے۔ بصد مشکل اُن سے رابطہ ہوا۔ سٹاف آفیسر نبیل اعوان کے ذریعے پیغام آیا کہ "آپ جو مناسب سمجھتے ہیں کریں۔ " آنکھ کے تازہ تازہ آپریشن کے باجود میں بھاگم بھاگ آرمی چیف کے سسر میجر جنرل (ر) اعجاز امجد کے گھر پہنچا۔ وہ خود بھی اس صورت حال پر خاصے پریشان تھے۔ وہیں سے جنرل باجوہ کے سٹاف افسر کو پیغام دیا کہ میں ملنا چاہتا ہوں۔ وہ لاہور سے واپسی کے سفر پہ تھے۔

ہم چائے پی رہے تھے کہ ملازم نے جنرل صاحب کے کان میں سرگوشی کی۔ وہ اٹھے اورمعذرت کرتے ہوئے کہنے لگے "ایک ضروری مہان ہے۔ میں بس ابھی آیا پانچ منٹ میں۔ " وہ واقعی جلد پلٹ آئے۔ اُن کے ساتھ سول کپڑوں میں فوجی ڈیل ڈول رکھنے والا مستعد اور سجیلا مردِ رعنا بھی تھا۔ اُس نے مجھے سیلوٹ کیا۔ گرم جوشی سے ہاتھ ملایا۔ جنرل اعجاز بولے "قمر کی طرح یہ بھی آپ کا شاگرد ہے۔ " مردِرعنا بولا "سَر میں سیّد عاصم منیر ہوں۔ "

جنرل اعجاز نے لقمہ دیا "جنرل سیّد عاصم منیر۔ ڈی۔ جی۔ ایم۔ آئی۔ " پل بھر میں عاصم کی نوعمر تصویروں اور اپنے دوست سیّد منیر شاہ کی یادوں کا نگارخانہ ساکھُل گیا۔ عاصم جلدی میں تھا۔ کھڑے کھڑے رخصت ہوگیا۔ کوئی آدھ پون گھنٹہ گذرا ہوگا کہ آرمی چیف کا سٹاف آفیسر آگیا۔ "سَر چیف انتظار کررہے ہیں۔ " جنرل اعجاز امجد کے انکار کے باوجود میں نے اپنی کمک کے لئے اِصرار کرکے انہیں ہمراہ لیا۔ تین چار منٹ بعد ہی وہ مجھے ڈرائنگ روم میں تنہا چھوڑ کر اندر چلے گئے۔ دروازہ کھلا۔ نیلے رنگ کے سوٹ میں ملبوس جنرل باجوہ کمرے میں داخل ہوئے۔

چہرہ سپاٹ تھا اور بدن بولی کے انگ انگ سے اشتعال کو چھوتا اضطراب ٹپک رہا تھا۔ میں پچھلے کئی گھنٹوں سے اِس ادھیڑ بُن میں تھا کہ گفتگو کا آغاز کیسے کروں گا! "ریجیکٹڈ" جیسے انتہائی کرخت، ناتراشیدہ اور مذمت کی حدوں کو چھوتے عسکری ردّعمل پر وزیراعظم کے متوقع ردّعمل کی ترجمانی کے لئے اپنے مکالمے کو کس طرح موثر بناؤں گا؟ عین ممکن ہے کہ جنرل باجوہ کہہ دیں کہ یہ سب کچھ اُن کی منظوری کے بغیر ہوا ہے۔ لیکن آرمی چیف نے آن واحد میں مجھے اِن سارے خرخشوں سے آزاد کردیا۔ رسمی سلام دعا کے بعد میرے سامنے بچھی کرسی سنبھالی اور عسکری جلال کے بارود پاش لہجے میں بولے

"Sir I have been stabbed in the back, I have been cheated, I am badly hurt."

(سَر میری پیٹھ میں خنجر گھونپ دیاگیا ہے۔ مجھے دھوکہ دیاگیا ہے۔ مجھے شدید صدما پہنچا ہے) (جاری ہے)