Saturday, 04 January 2025
  1.  Home/
  2. Express/
  3. Itni Mushkil Bhi To Na Thi

Itni Mushkil Bhi To Na Thi

صنعت اور ایکسپورٹس کے شعبے پر 60’s سے لے کر اب تک ہم نے کسی بھی حکومت سے زیادہ توجہ دی ہے، یہ وزیر اعظم عمران خان نے تاجروں کے نمایندوں سے اظہارِ خیال میں کہا۔

وزیر اعظم کے پاس یقیناً اس دعوے کے لیے بہت سی دلیلیں ہوں گی، لہٰذا ان کا دعویٰ سر آنکھوں پر، البتہ اس وقت صنعتی شعبے اور ایکسپورٹس کو جن چیلنجز کا سامنا ہے، ان کے پیشِ نظر یہ توقع بھی کی جاتی ہے کہ ان کی حکومت ساٹھ کی دِہائی سے لے کر اب تک کی تمام حکومتوں سے زیادہ سنجیدگی سے فوری توجہ دے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاشی اعداد و شمار پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے قطع نظر زمینی حالات سنگین خطرات کی نشان دہی کر رہے ہیں۔

حال ہی میں دنیا کی ایک معروف ریٹنگ کمپنی Fitch نے وسط مدتی ریٹنگ میں قدرے مستحکم کا درجہ دیتے ہوئے ان اہم عوامل کی نشاندہی بھی کی جن کا رخ اگر مثبت نہ ہوا تو یہ استحکام ریت میں پانی کی طرح جذب ہو کر رہ جائے گا۔

جی ڈی پی کی شرح نمو اڑھائی فیصد سے کچھ زائد رہنے کی توقع ہے، قرضوں کے بوجھ نے ملک کی کمر دوہری کر رکھی ہے، ٹیکس محاصل کا مشکل ٹارگٹ اگر پورا نہ ہوا تو بجٹ خسارہ بے قابو ہو جائے گا۔ افراطِ زر اور شرح سود اس قدر زیادہ ہیں کہ کاروباری لاگت اور حکومتی ادائیگیوں کا بوجھ جان کا روگ بنا ہوا ہے اگر ٹیکس محصولات کا ٹارگٹ پورا نہ ہوا تو استحکام کو ڈگمگاتے دیر نہیں لگے گی۔

وزیراعظم کی بات مان لیتے ہیں لیکن کیاکیجیے کہ زمینی حالات ان کے اس دعوے کی گواہی نہیں دے رہے۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ساڑھے چھ فی صد کمی واقع ہوئی۔ کچھ ایسی ہی دُہائی درمیانے اور چھوٹی صنعتوں والے بھی دے رہے ہیں۔ رہی ایکسپورٹس تو پچھلے چھ سال سے معمولی کمی بیشی کے ساتھ وہی بائیس تئیس ارب ڈالر کے لگ بھگ اٹکی ہوئی ہیں۔ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران برآمدات میں صرف 3.2% کا معمولی اضافہ ہوا۔

ہماری سب سے بڑی برآمدات ٹیکسٹائلز پر مشتمل ہیں۔ گذشتہ سال بھی کپاس کی فصل بمشکل ایک کروڑ گانٹھ سے کچھ زائد تھی جب کہ حالیہ سیزن میں نوے لاکھ بھی ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔ ایک کروڑ پچاس لاکھ گانٹھ کی سالانہ ضرورت ہوتی ہے۔ ساٹھ لاکھ گانٹھ کی درآمد پر دو ارب ڈالرز سے زائد زرِمبادلہ خرچ ہو جائے گا، جب کہ دوسری طرف ٹیکسٹائلز کی سالانہ برآمدات بمشکل بارہ چودہ ارب ڈالرز ہیں۔ دوسری طرف کپاس کی پیداوار میں کمی سے زرعی شعبہ کم از کم تین سو ارب سے زائد کی ممکنہ آمدنی سے محروم رہ گیا۔ پچھلی حکومتوں کے ادوار میں بھی ایک آدھ سال کو چھوڑ کر کپاس ملکی ضروریات سے کم رہی اور قیمتی زرِمبادلہ اس کمی کو پورا کرنے میں صرف ہوا۔

اس پسِ منظر میں گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی بات بہت توجہ طلب ہے۔ اسی ہفتے انھوں نے کراچی میں ـ Firms and Growth" کے نام سے سے ایک سیمینار میں کہا، دنیا میں تیز ترین ترقی کرنے والی معیشتیں 2001 سے لے کر اب تک اوسطاً سات فی صد سالانہ کے حساب سے نمو پا رہی ہیں۔ اگر ہمیں بھی ترقی کی یہی رفتار درکار ہے تولازم ہے کہ ہم بھی اسی رفتار سے اپنی برآمدات کو بڑھائیں۔

سوال جواب کے سیشن میں صنعتکاروں نے اپنے دُکھڑے روئے۔ جواب میں انھیں بتایا گیا ہے کہ وہ دنیا میں مقابلے کے لیے اپنی مسابقت یعنی Competitiveness بڑھائیں۔ کیسے بڑھائیں؟ برآمدات بڑھانے کا مشورہ دینا آسان ہے۔ 2003 میں برآمدات ساڑھے گیارہ ارب ڈالرزتھیں اور تجارتی خسارہ ایک ارب ڈالرز سے کچھ زائد۔ 2008تک برآمدات بڑھ کر انیس ارب ڈالرز ہو گئیں لیکن اس دوران درآمدات کا سیلابی ریلا اس قدر منہ زور ہوا کہ تجارتی خسارہ پہلی بار بیس ارب ڈالرز سے بھی زائد ہوگیا یعنی کل برآمدات سے بھی زائد۔ 2018 میں برآمدات تو تئیس ارب ڈالرز ہوئیں لیکن درآمدات کا ریلااس قدر بڑھا کہ تجارتی خسارہ تقریباً دو گنا ہو گیا یعنی ساڑھے سینتیس ارب ڈالرز!!!

برآمدات کا جی ڈی پی میں حصہ ان سالوں میں تیرہ فی صد سے کم ہو کر فقط آٹھ فی صد کے لگ بھگ رہ گیا۔ جب کہ ان سالوں میں ہمارے خطے کی دیگر معیشتوں نے اپنی برآمدات میں دو سے تین گنا اضافہ کیا۔ برآمدات میں یہ جمود کیوں ہے؟ ایک وجہ تو ہماری برآمدی اشیاء میں کم ویلیو والی اشیاء کا حصہ زیادہ ہے۔ تین چوتھائی تو چادر، چاول اور چمڑے کی مصنوعات پر مشتمل ہے یعنی ٹیکسٹائلز، چاول اور لیدر۔

برآمدات کا انحصار صنعتی پیداوار پر ہوتا ہے۔ صنعتی پیداوار کا حصہ جی ڈی پی میں 2003 میں بائیس فی صد کے لگ بھگ تھا جو 2018 میں سکڑ کر اٹھارہ فی صد رہ گیا۔ 1990-2015کے دوران اوسطاً سالانہ صنعتی ترقی فقط پانچ فی صد رہی۔ اس میں سے اگر ان دو چار سالوں کو الگ کر دیں جب ترقی کی شرح زیادہ تھی تو اس عرصے کی سالانہ اوسط نمو فقط ساڑھے تین فی صد ہے۔

اس ترقی معکوس کو دیکھتے ہوئے کئی معیشت دان سالوں سے دُہائی دے رہے ہیں کہ پاکستان میں قبل از وقت ہی صنعتی عمل معکوس ہو رہا ہے یعنی Deindustrialization۔ صنعتی شعبے میں سکڑاؤ عموماً ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ملکوں میں اس وقت ہوتا ہے جب ان کی معیشتیں ترقی کی ایک خاص حد پار کر جاتی ہیں اور ان میں سروسز سیکٹر کا حصہ بڑھ جاتا ہے۔ ہمارے کیس میں تو یہ تباہ کن ہے کہ ہم تو ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں۔ ایسے عالم میں صنعتی پیداوار کم ہونے کا مطلب ہے مجموعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ نہیں، روزگارکے مواقع محدود، ٹیکس محصولات کم، برآمدات کم، نئی سرمایہ کاری بھی کم وغیرہ وغیرہ۔

ہمارا معاشی نظام فرسودہ اور ٹیڑھی بنیادوں پر کھڑا ہے۔ کم ویلیو اشیاء کی پیداوار میں پھنسے ہوئے ہیں، پالیسیوں میں تسلسل نہیں، ٹیکس کا نظام پیچیدہ اوراس کا بوجھ انڈسٹری پر بہت زیادہ ہے، برآمدات سے ایک طرح کا بیر ہے یعنی Anti export bias، امپورٹ کی حوصلہ افزائی ہے، بجلی اور گیس کے نرخ خطے میں سب سے زائد، لیبر کی پیداواری صلاحیت کم ہے۔ اس پر مستزاد سال ہا سال سے دہشت گردی کی جنگ اور اس کے تباہ کن اثرات۔

وزیر اعظم اپنی دانست میں یقیناً ٹھیک کہہ رہے ہوں گے ساٹھ کی دِہائی سے لے کر اب تک ان کی حکومت نے کسی بھی اور حکومت سے صنعتوں اور ایکسپورٹس پر زیادہ توجہ دی ہے۔ زمینی حالات کی سنگینی کا بھی یہی تقاضا ہے ان کی توجہ گذشتہ تمام حکومتوں سے زیادہ ہو کہ جیسی اب ہے تیری محفل کبھی ایسی تو نہ تھی والا معاملہ ہے، پاکستانی معیشت کبھی اس قدر مشکلات میں گھری بھی تو نہیں تھی!