Saturday, 11 January 2025
  1.  Home/
  2. Express/
  3. Muawin Khusoosi Braye

Muawin Khusoosi Braye

دیکھیے، سنیے پڑھیے اوربولیے کہیے توآج کل مملکت خداداد پاکستان جو انتہائی تیزرفتارترقی کرتا ہوا ریاست مدینہ بن چکی ہے اس میں صرف دوہی نام ہیں جو قبول عام ہیں اورنصیب خاص وعام ہیں جو گونج رہے ہیں، بج رہے ہیں اورناچ رہے ہیں ایک تو کوروناوائرس عرف کوئیڈنائنٹین… جو عام ہے جسے حاصل شہرت دوام ہے اوردوسرانام ہے معاون خصوصی برائے…کا…

زبان پہ بار خدایا یہ کس کانام آیا

کہ میرے نطق نے طعنے میرے دہاں کودیے

اگران دونوں کوانیس بیس یانائنٹین اورٹونٹی کہا جائے تو بات اورزیادہ جمے گی اورجچے گی۔ کیوں کہ دونوں دوہزارانیس اوردوہزاربیس کی پیداواراورپیدائش ہیں اوراگرحالات سازگار رہے، کالانعام تیار رہے اور موسم خوشگوار رہے تو آیندہ صرف یہی دونام ہی مستقل قیام، شہرت عام اوربقائے دوام حاصل کریں گے، باقی سب کچھ کیفرکردار کوپہنچ جائے گا، رہے نام اللہ کا۔

یونہی گرروتارہاغالب تو اے اہل جہاں

دیکھنا ان بستیوں کو تم کہ ویراں ہوگئیں

ویسے "جڑواں شہر"کی طرزپر آپ ان کو "جڑواں قہر" بھی کہہ سکتے ہیں اگرچہ دونوں کی صورت شکل آپس میں نہیں ملتی لیکن کرتوت دونوں کے یکساں ہیں اورنشانہ بھی ایک ہی ہے۔ جس کے بارے میں مرشد نے کہاہے کہ ؎

کیوں نہ ٹھہریں ہدف ناوک بیدادکہ ہم

آپ اٹھالیتے ہیں جو تیرخطاہوتاہے

دونوں میں فرق وہی ہے جو فاسٹ پوائزن اور سلوپائزن میں ہوتاہے، نشانہ بھی کچھ الگ نہیں "نائنٹین"کاہدف کالانعام کاجسم جب کہ دوسرے کا نشانہ کالانعام کے دماغ ہوتے ہیں جوعام طورپرہوتے تونہیں لیکن کبھی کبھارکسی اکادکا کھوپڑی میں ہوتے بھی ہیں۔ نائنٹین یعنی کوروناوائرس کوتو ایک طرف کردیجیے کہ اس کی نشوونما، پالن پوسن اورسرپرستی کے لیے دنیا بھرکی تاجربرادری اورمعالج برادری کافی ہے، ہم صرف ٹوئنٹی یعنی معاون خصوصی کی بات کررہے ہیں جس کی پیداوار اتنی زیادہ ہے کہ اگر اس کے لیے باہرکوئی منڈی مل گئی توبے پناہ سرمایہ کمایاجاسکتاہے۔

اندازہ اس سے لگائیں کہ آپ کسی کو دیکھ کر سمجھیں گے کہ وہ عوامی آدمی ہے اوروہ معاون خصوصی برائے… نکلتاہے، ابھی کل ہی ایک آدمی کوہم نے دیکھا بلکہ ایک عرصے سے دیکھ اورسمجھ رہے تھے کہ آدمی ہے لیکن اچانک پتہ چلاکہ جسے سمجھے تھے انناس وہ معاون خصوصی برائے ہے، یابن چکاہے، معلوم نہیں کہ اس جنس یعنی معاون خصوصی برائے… کی کاشت برداشت اورپیداواراچانک کیسے بڑھ گئی، یہاں پر ہمیں ایک مصری مورخ کا فقرہ یاد آتاہے کہ…"کہ اچانک ناجانے کیاہوا شاید "دیوتا" ہم سے ناراض ہوگئے کہ نا جانے کہاں سے کچھ نامعلوم لوگوں کاگروہ آیا اور ہمارے ملک پر قابض ہوگیا"

یہ تو بہت پراناقصہ ہے اوریہاں سے بہت دور مصرمیں کہیں قدیم زمانوں میں ہواتھاجب مصرپر "ہکیسوس"چرواہوں کاقبضہ ہوگیاتھا حالاں کہ تعداد میں وہ بہت کم تھے۔ ہمیشہ کی طرح پندرہ فی صد تھے۔ ٹھیک اسی طرح ہم بھی کہہ سکتے ہیں …نا جانے کیا ہوا شاید ہمارے اعمال خراب ہوگئے کہ کسی نامعلوم مقام سے معاون خصوصیوں کا ایک گروہ آگیااور…اورآپ تو جانتے ہیں بعض نادیدہ مخلوقات کی پیدائش کاطریقہ ایک سے دو، دوسے چارمطلب ہے دگنا ہونے کا ہے اس لیے۔

پھر ایک اوربات بھی ہے، علامہ نے اسی مٹی کے زرخیزہونے کی بات کی ہے جوبالکل سچ ہے بشرطیکہ "کھاد"ڈالی جائے اورکھادتو اپنے ہاں بستی بستی ڈھیر لگے ہوئے ہیں اورزرعی ماہرین کے مطابق کیمیائی کھاد سے "آرگینک کھاد" بہت اچھی ہوتی ہے بلکہ بعض زرعی ماہرین کاکہنا ہے کہ اگر "پھل دار"پیڑوں کوخون ڈالاجائے تو پیداوار بڑھ جاتی ہے شایدان پھل دار درختوں کو…آگے تو آپ کو معلوم ہے۔

خون پھر خون ہے بہتا ہے تورنگ لاتاہے

بلکہ اورماہرخصوصی(اس خصوصی دورمیں کالانعام کے علاوہ سب کچھ خصوصی ہی ہوتاہے تو اس ماہرخصوصی نے تو کہا ہے کہ خون پسینے کامرکب اورزیادہ زرخیز ہو جاتاہے، زرخیزمطلب یہ کہ خون سے سونا اورپسینے سے چاندی اوریہ دونوں ہی "زر"ہوتے ہیں، کان جس طرف سے بھی پکڑیے کان ہی ہوتاہے اورچارپائی میں جس طرف بھی سرکرکے لیٹیں "مرکزہ"مرکز ہی میں رہے گا۔

معاون خصوصی برائے… کی مقبولیت کا اندازہ اس سے لگائیں کہ کل ہم نے دوشخصوں کو بات کرتے ہوئے سنا، ایک نے کہا سردی بہت ہے، دوسرے نے پوچھاکس معاون خصوصی نے کہا ہے۔ دوسرے نے کہاکسی نے بھی نہیں بلکہ میں کہہ رہاہوں۔ اس پردوسرا بولاجب معاون خصوصی نے نہیں کہاہے توجھوٹ ہے۔

ہم نے کان لگاکرسنناشروع کیا، تھوڑی دیربعد اسی شخص نے کہا، سناہے تبدیلی آنے والی ہے، زمین اوپراورآسمان نیچے آجائے گا۔ دوسرے نے پھروہی سوال کیا، کس نے کہا ہے۔ دوسرابولا، معاون خصوصی برائے زمین وآسمان نے۔ اس پر دوسرے نے کہا اگر معاون خصوصی نے کہا ہے تو پھرسچ ہوگا کہ معاون خصوصی بالکل سچ بولتے ہیں اورسچ کے سواکچھ نہیں بولتے، لیکن تم نے کہاں سے سنا۔ جواب ملا اخبارمیں لکھا تھا۔ دوسرے نے کہا اگر اخبارمیں لکھاہے پھرتو اورسچ ہوگیا۔ کیوں کہ اخبار۔ یہاں دونوں ہی ایک ساتھ بولے۔ اوراخبارکبھی جھوٹ نہیں بولتا۔

معاون خصوصی پر آپ کو شایدوہ شخص یادآئے جس نے بھینس سے خالص دودھ حاصل کرنے کے لیے معاونین خصوصی رکھنا شروع کیے تھے لیکن وہ قصہ جھوٹاہے کہ نہ کسی معاون خصوصی نے بتایاہے اورنہ کسی اخبارنے۔