Tuesday, 05 November 2024
  1.  Home/
  2. Express/
  3. Pareshani Halaat Se Nahi, Khayalat Se Hoti Hai

Pareshani Halaat Se Nahi, Khayalat Se Hoti Hai

پریشانی حالات سے نہیں بلکہ خیالات سے پیدا ہوتی ہے، ذہن میں رہے پریشانیاں انسان کے جسم کے تمام نظاموں کو تہہ و بالا کرکے رکھ دیتی ہیں۔ ایک شخص پہاڑکی چوٹی سرکرنے کے لیے چڑھنا شروع کرتا ہے کچھ اوپر جاکر جب تھوڑی تھکن محسوس کرتا ہے تو اپنا سامان غورسے دیکھتا ہے بوجھ کم کرنے کی غرض سے اس سامان میں سے کچھ غیر ضروری چیزیں نکال دیتا ہے، کچھ اور اوپر جانے کے بعد دوبارہ اپنے بھاری سامان چیک کرتاہے اور مزیدکچھ غیر ضروری چیزیں نکال دیتا ہے۔

اسی طرح اپنا بوجھ کم کرتے کرتے آخر میں اس کے پاس جو چند چیزیں بچ جاتی ہیں وہ واقعی اس کے لیے اشد ضروری ہوتی ہیں، وہ افسوس کرتا ہے کہ سارے سفر میں اس نے خواہ مخواہ اتنی ساری غیر ضروری بھاری چیزیں اٹھاکر اپنا سفر بوجھل، پرتھکن اور پریشان کن بنا دیا۔ بالکل یہ ہی معاملہ ہم اپنے ساتھ کرتے ہیں، اپنی زندگی کے سفر میں اپنے کندھوں پر اتنا بوجھ لادے لادے پھرتے ہیں کہ پریشان سے پریشان تر ہوتے جاتے ہیں اور جب زندگی کی شام ہونے لگتی ہے تو پچھتاتے ہیں کہ ہم اتنا سارا وزن کیو ں سالوں تک اپنے اوپر فضول لادے رکھا۔

فوربس (Forbes) میگزین امریکا کا مشہور عالم جریدہ ہے اورہر سال ان تمام افرادکی ایک فہرست شایع کرتاہے جو سال رواں کے دوران اپنی اپنی فیلڈ میں عالمی سطح پرکامیاب ترین رہے ہیں، اس مشہور میگزین کی ایک اہم خاصیت یہ بھی ہے کہ یہ ایسے کامیاب افرادکی فہرست مرتب کرنے کے بعد اس سوال کا ٹھو س جواب پانے کی بھی تحقیق کرتاہے کہ ان تمام افرادکی کامیابی کے اسباب کیا ہیں اوران تمام لوگوں میں کون سی مشترکہ خصوصیات ہیں۔ اس مقصد کی تکمیل کے لیے میگزین کامیاب لوگوں سے انفرادی واجتماعی ملاقاتیں کرکے ان عوامل کی نشاندہی کرتا ہے جو ان لوگوں کی کامیابی کا موجب ہوتی ہیں، تاکہ دوسرے لوگ ان خصوصیات کی پیروی کرکے خود کوکامیاب بناسکیں۔

فوربس کی حالیہ اشاعت میں ان تمام خصوصیات کی بابت ایک جامع مضمون شایع ہوا ہے، جوکامیابی کے ان تمام اسباب کا خلاصہ ہے جو میگزین نے گزشتہ دس سالوں میں تحقیق کے ذریعے معلوم کیے اور پھر ان تمام اسباب کاایک گرینڈ سبب بھی بتلایا ہے وہ یہ کہ تمام کامیاب لوگوں میں ایک مشترکہ عنصر ہے۔ ان کا اپنے تعین کردہ گول اورٹارگٹ حاصل کرنے کاعزم۔ ان کی زندگی گو لز اور ٹارگٹس یعنی مقاصد اور اہداف کا مجموعہ ہوتی ہے۔

اپنی فیلڈ میں کامیاب ہونا اورکامیاب رہنا ہی ان کی زندگی کا سب سے بڑا عزم ہوتا ہے۔ اسی عزم کوگول کے نام سے بھی موسوم کیا جاتا ہے۔ میگزین میں موجود ہرکامیاب شخص نے تصدیق کی ہے کہ ان کی کامیابی کی بنیاد اور وجہ وہ خواب بنا جسے وہ ہر لمحہ اپنے ذہن میں دیکھنے اور دل میں محسوس کرتے رہے ہیں۔ یہ خواب ایک ObsessionاورPassion بن کر ان کی ہستی پر طاری رہا ہے اور پھر وہ خواب ان زندگی کا مقصد بن گیا۔ یہ ہی خواب ان تمام لوگوں کی کامیابیوں کا سبب تھا۔

مقصدکی سادہ انداز میں تعریف یہ ہے کہ اس وقت آپ کہاں ہیں اورکہاں پہنچنا چاہتے ہیں اورکتنے وقت میں پہنچنا چاہتے ہیں۔ 1970میں ہاورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر عمرانیا ت ڈاکٹر ایڈورڈ بنفیلڈ نے Unheavenly Cityنامی ایک شاندار کتاب لکھی، جو ان کی سالہا سال تحقیق پر مبنی تھی۔

ان کی ریسر چ کامقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ انسانی کامیابیوں میں ترجیحات مرتب کرنے کی اہمیت اور افادیت کیا ہے، اس مقصد کے لیے ڈاکٹر ایڈورڈ نے چار سال تک لاتعداد کامیاب اور ناکام لوگوں اور خاندانوں کا مطالعہ کیا، حقائق و شواہد جمع کیے اپنی ریسرچ کاآغازکرنے سے قبل ڈاکٹر ایڈورڈ کا خیال تھا کہ معاشی خود مختاری اور خوشحالی کی وجہ شاید اعلیٰ تعلیم، خاندانی پس منظر، ذہانت یا سماجی تعلقات کی فروانی ہے لیکن ان کی ریسرچ اور حقائق نے ان تمام امورکو جھٹلاتے ہوئے یہ ثابت کیاکہ کامیابی، خوشحالی اور آسودگی کی سب سے بڑی وجہ مخصوص ذہنی رویہ ہوتا ہے ڈاکٹر ایڈورڈ نے اس رویے کو Long Time Pospectiveکانام دیا، یعنی مستقبل میں دور تک جھانکنے والی آنکھ رکھنا اور یہ حقیقت عیاں کی کہ معاشی اعتبار سے وہ تمام لوگ بہت کامیاب رہتے ہیں جو اپنے آج کیے جانے والے فیصلوں کے اثرات مستقبل میں دیکھ لیتے ہیں۔

ولیم کلیمنٹ اسٹون نے اپنی کتاب Success Through Positive Mental Attituteمیں لکھا ہے " لوگوں میں بہت تھوڑا فرق ہوتا ہے لیکن یہ ہی تھوڑا سا فرق نتائج اور زندگی میں بہت بڑے فرق کا سبب بنتا ہے وہ تھوڑا سا فرق ہے رویہ " تمام ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ رویہ پیدائشی نہیں ہوتا بلکہ یہ ہماری عمرکے ساتھ ساتھ پرورش پاتا ہے۔ مثبت رویہ ہی انسانی کامیابیوں کا سب سے زیادہ ذمے دار عنصر ہے کیونکہ مثبت رویے سے مثبت سوچ، مثبت سوچ سے مثبت عمل وجود میں آتا ہے۔ اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اپنی زندگی میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں یا ناکام خدا نے آپ کو دنیا میں صرف اور صرف کامیاب ہونے کے لیے بھیجا ہے۔