Friday, 01 November 2024
  1.  Home/
  2. Guest/
  3. Ashiq Mizaj Ghora, Bewafa Ghori

Ashiq Mizaj Ghora, Bewafa Ghori

میں جب کسی گھوڑے کو تانگے کے آگے جُتا ہوا دیکھتا ہوں تو مجھے اس پر سخت غصہ آتا ہے کہ اتنا طاقتور اور خوبصورت جانور اپنی یہ تذلیل کیوں برداشت کر رہا ہے۔ میں کئی گدھوں کو بھی ریڑھیوں کے آگے جُتا دیکھتا ہوں لیکن مجھے "گدھوں" پر کبھی غصہ نہیں آیا کہ ان کی بیوقوفی تو ضرب المثل بن چکی ہے البتہ ان کی مظلومیت پر ترس ضرور آتا ہے۔ اگر آپ نے جنگلی گھوڑے کو جنگلوں اور کھلے میدانوں میں زقندیں بھرتے دیکھا ہو اور اس کے بعد آپ اسے تانگے کے آگے جُتا دیکھیں تو آپ کے احساسات بھی وہی ہوں گے جو میرے ہیں۔ اس جوانِ رعنا کی تذلیل تو ریس کورس میں بھی ہوتی ہے، ایک "سُکا سڑا" سا جو کی اس کی پیٹھ پر سوار ہوتا ہے، جس کے اشارے پر یہ فولادی جانور کسی جواریے کو جتوانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہوتا ہے۔

دنیا کی تمام پاور فل گاڑی بنانے والی کمپنیاں زیادہ سے زیادہ "ہارس پاور" شو کرکے اپنی گاڑی کی قیمت بڑھاتی ہیں اور جناب "ہارس" کو شرم نہیں آتی کہ یہ کسی تانگے کے آگے جُتا پیلے دانتوں والے کسی کوچوان سے چھانٹے کھا رہا ہوتا ہے۔

میں اس مسئلے پر بہت عرصے سے غور کرتا چلا آرہا ہوں کہ گھوڑا یہ ساری ذلتیں کیوں برداشت کرتا ہے؟ تانگے میں یہ جوتا جاتا ہے، ریس کورس میں اس کی ذلت ہوتی ہے اور اس کے علاوہ جو کوئی چاہے پلاکی مار کر اس کی پیٹھ پر سوار ہو جاتا ہے اور یہ بغیر کسی حیل و حجت یا احساسِ ندامت کے فراٹے بھرنے لگتا ہے۔ ان گھوڑوں میں کمی کمین بھی ہوتے ہیں اور ان میں بہت خاندانی گھوڑے بھی شامل ہیں۔ آپ کسی گھوڑوں کے شوقین سے ان کے حسب نسب کی بات کریں وہ آپ کے سامنے ان کا پورا شجرہ رکھ دے گا اور ان کے اپر کلاس ہونے کے اتنے شواہد پیش کرے گا کہ آپ کو اس کے سامنے اپنی اعلیٰ نسبی ہیچ لگنے لگے گی۔ چنانچہ ان لمحوں میں میرا تجسس اور بڑھ جاتا ہے اور میں گھوڑے کی بے غیرتی کی وجوہ ازسر نو تلاش کرنے لگتا ہوں، تاہم واضح رہے جن گھوڑوں کو میں نے کمی کمین قرار دیا ہے یہ گھوڑا ماہرین کی رائے ہے، جس سے کالم نگار کا متفق ہونا ضروری نہیں کیونکہ گھوڑا کم نسب ہو یا عالی نسب، اس کی طاقت اور خوبصورتی میں بظاہر کوئی فرق نہیں پڑتا۔

خیر! طویل عرصے کی سوچ بچار کے بعد میں تقریباً اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ گھوڑا باامرِ مجبوری یہ ذلت برداشت کرنے پر تیار ہوا ہے، جس کا ذکر میں نے اوپر کی سطور میں کیا ہے۔ جنگل میں اس کی زندگی تو بہت اچھی تھی خصوصاً موسم بہار میں اسے گھاس وافر تعداد میں میسر ہوتی تھی لیکن باقی موسموں میں اسے کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اسی طرح کے کسی بُرے موسم میں شہر سے کچھ سفید فام شکاری جنگلوں میں پہنچے، جن گھوڑوں کو مشکلات کے باوجود اپنی آزادی پسند تھی وہ تو ان شکاریوں کے عزائم پہچان کر انہیں دیکھتے ہی بھاگ کھڑے ہوئے اور جنہیں آزادی سے زیادہ ہری ہری گھاس پسند تھی وہ کھڑے رہے۔ شکاری انہیں شہروں میں لے آئے اور تانگوں کے آگے جوت دیا۔ وہ جو آزادی کے دنوں میں کسی کو پٹھے پر ہاتھ نہیں دھرنے دیتے تھے، اب آنکھوں پر کھوپے چڑھائے سارا دن سواریاں ڈھوتے ہیں۔ انہیں کھانے کو روکھا سوکھا ملتا ہے اور جب ناتوانی کے سبب ان سے تیز نہیں چلا جاتا تو میلا کچیلا کوچوان ان کی چمڑی ادھیڑ کر رکھ دیتا ہے۔

تاہم یہ میری ذاتی رائے تھی میں نے مناسب سمجھا کہ اس مسئلے پر کیوں ناں کسی گھوڑے سے براہ راست بات کی جائے چنانچہ میں نے ایک گھوڑے کو بڑی مشکل سے رضامند کیا کہ وہ خود بتائے کہ اسے اپنی آزادی کا یہ سودا کیسا لگا؟ یہ بہت شرمیلے قسم کا گھوڑا تھا۔ اس نے میرے تجزیے سے جزوی طور پر اتفاق کیا مگر پھر شرماتے ہوئے کہا "سرجی! مجھ سے میری آزادی چھیننے والی ایک گھوڑی تھی" میں نے پوچھا:وہ کیسے؟ بولا:سارے جنگل میں اس کی دھومیں تھیں اور میرےسمیت تمام گھوڑے اس کے عشق میں بری طرح مبتلا تھے۔ میں نے تجسس سے پوچھا:پھر کیا ہوا؟ کہنے لگا:ہونا کیا تھا، ایک دن تنہائی میں میری اس سے ملاقات ہوئی تو اس نے کہا دنیا بہت آگے نکل گئی ہے لیکن ہم ابھی تک جنگلوں میں رہ رہے ہیں۔ ٹھیک ہے یہاں ہمیں ہر طرح کی آزادی ہے، اچھے موسموں میں کھانے پینے کو بھی وافر مقدار میں اشیائے خور و نوش مل جاتی ہیں، ہم اپنی مرضی سے سوتے جاگتے ہیں۔ جنگلوں اور کھلے میدانوں میں زقندیں لگاتے ہیں، کوئی ہمیں روکنے ٹوکنے والا نہیں لیکن یہاں کلچر نام کی کوئی چیز نہیں، نہ راگ رنگ کی محفلیں، نہ ٹی وی چینلز، نہ تھیٹر نہ سینما، یہ بھی کوئی زندگی ہے؟ تم نے اگر میرے ساتھ زندگی گزارنی ہے تو میرے ساتھ شہر چلو، وہاں زندگی بہت رنگین ہے۔ اس کی باتیں میرے دل کو لگیں، تاہم میں نے پوچھا:ہم شہر جائیں گے کیسے؟ بولی:شہر میں کچھ شکاری میرے واقف ہیں، وہ دو ایک دن میں یہاں آئیں گے اور تمہیں پکڑنے کی کوشش کریں گے۔ تم دوسروں کو دکھانے کے لئے تھوڑی بہت مزاحمت کرنا مگر اس مزاحمت میں دولتی شامل نہیں ہونا چاہئے، وہ تمہیں اپنے ساتھ شہر لے جائیں گے، جہاں زندگی کی بہاریں اپنے جوبن پر ہیں۔ تم جب شہر میں سیٹ ہو جائو تو مجھے بلا لینا، میں چلی آئوں گی۔

مجھے رومانس سے بھری یہ کہانی بہت تہلکہ خیز لگی۔ میں نے سوچا میں اس پر فلم بنائوں گا چنانچہ میں نے پوچھا:پھر کیا ہوا؟ اس پر عاشق مزاج گھوڑے کی آنکھوں میں آنسو آ گئے، بولا:ہونا کیا تھا جی! اس قتالہ نے اپنے عشق سے دوسرے گھوڑوں کو بھی یہی چکمہ دیا، وہ سب یہاں چلے آئے اب وہ میری طرح تانگے کے آگے جُتے نظر آتے ہیں یا جوئے کے اڈے یعنی ریس کورس میں جوکی کے اشاروں پر ناچتے ہیں۔ ہم آزادی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے اور اس کے بدلے میں ہمیں ملا بھی کچھ نہیں۔ مجھے اس بھولے بھالے گھوڑے پر بہت ترس آیا۔ میں نے پوچھا:اور وہ حسینہ ان دنوں کہاں ہے؟ اس پر ایک بار پھر اس کی آنکھیں آنسوئوں سے بھیگ گئیں اور بولا:وہ وہیں جنگل میں ہے اور آزاد فضائوں میں عیش کی زندگی بسر کر رہی ہے۔

مجھے اس کے انجام نے اداس کر دیا۔ میں نے گھوڑے سے اجازت طلب کی اور ابھی جانے کو ہی تھا کہ اس نے مجھے روکا اور کہا:جن شکاریوں نے مجھے اور میرے دوسرے ہم جنسوں کو آزادی سے محروم کیا وہ ہمارے شہروں میں سرگرمِ عمل ہیں۔ یہ آئی ایم ایف والے ہیں جو اربوں کھربوں کے قرض دے کر تمہاری آزادی سلب کر لیتے ہیں۔ اپنی پہچان کی حفاظت کرنا چاہئے، تہذیب و ثقافت کے بغیر شہر اور جنگل ایک سے ہیں لیکن اپنی آزادی اور خود مختاری سے غافل نہ ہونا، یاد رکھنا! کوئی لنچ مفت نہیں ہوتا!

About Ata Ul Haq Qasmi

Ata Ul Haq Qasmi

Ata ul Haq Qasmi is a Pakistani Urdu language columnist and poet. He has written many articles on different subjects for the leading newspapers of Pakistan.

The most distinguished character of Qasmi's column is his satire on social inequalities of the society and his anti dictatorship stance which he boldly takes in his columns. He has a unique style of writing incomparable to any other columnist because of his humorous way which holds the reader till the last line of his column which is his punch line.

Qasmi was also elevated to the position of Ambassador of Pakistan in Norway and Thailand during Nawaz Sharif's reign from 1997 to 1999. His books of columns include "Column Tamam", "Shar Goshiyan", "Hansna Rona Mana Hay", "Mazeed Ganjey Farishtey and many more while his TV Drama Serials include the most popular "Khwaja and Son", "Shab Daig" and "Sheeda Talli". His travelogues include "Shoq-e-Awargi".

His writing is more toward Nawaz Sharif, and he has some closed relation with him. He supported PML-N in the 2013 election, and there are news that soon he will be appointed Ambassador to some country.