Thursday, 17 April 2025
    1.  Home
    2. Guest
    3. Farhat Abbas Shah
    4. Shukria SIFC

    Shukria SIFC

    اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان منرلز فورم 2025ء کے کامیاب انعقاد سے پاکستان معدنی وسائل کی جدید ترین خطوط پر مارکیٹنگ سے معاشی ترقی کے نئے دور میں داخل ہوگیا ہے، جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزرا اور وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے۔ اس فورم کا مقصد پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کو بڑھانا اور عالمی سطح پر پاکستان کی معدنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔

    فورم سے خطاب میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے۔ معدنی ذخائر سے مستفید ہوکر پاکستان قرضوں سے آزاد ہوگا اور خوشحالی کے نئے عہد میں داخل ہوگا۔ وزیراعظم نے معدنی وسائل کے فروغ سے بلوچستان میں ترقی کے منصوبے شروع کرنے کا بطور خاص ذکر کیا۔ فورم میں شرکت کرنے والوں میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر برائے توانائی علی پرویز ملک اور وزیر تجارت جام کمال خان سمیت قومی و بین الاقوامی شخصیات و ماہرین شامل تھے۔ امریکہ کی نمائندگی اس فورم میں جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کے سینئر افسر ایرک میئر نے کی۔

    فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں پاکستان میں معاشی استحکام ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے قوانین کو آسان بنا رہی ہے اور مائننگ کا شعبہ صوبوں کے ساتھ مکمل مشاورت سے ترقی کر رہا ہے۔ علی پرویز ملک نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے حکومت پرعزم ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی فورم میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے معدنی شعبے میں اعتماد بڑھ رہا ہے۔

    وزیرِ تجارت جام کمال نے بھی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ سکیورٹی کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کا اعتماد بحال ہو سکے۔ جام کمال نے اس بات پر زور دیا کہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری صرف چند سالوں کا معاملہ نہیں بلکہ طویل مدت کے لیے کی جاتی ہے۔

    سعودی نائب وزیرِ معدنیات نے بھی فورم سے خطاب کیا اور کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ معدنیات کی ترقی کے لیے شراکت داری کا جائزہ لے گا، کیونکہ پاکستان میں معدنیات کا بہت بڑا پوٹینشل موجود ہے۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے بیرک گولڈ کے صدر اور سی ای او مارک بریسٹو نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل کے حوالے سے ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات کا حصول کسی بھی صنعت کے لیے ضروری ہے اور مستقبل میں معدنی وسائل ہی ترقی کا بنیادی ذریعہ بنیں گے۔

    مجموعی طور پر، اس فورم کا مقصد پاکستان کے معدنی وسائل کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور عالمی سطح پر سرمایہ کاری کو بڑھاوا دینا ہے تاکہ پاکستان کی پائیدار ترقی کی بنیاد مضبوط ہو سکے۔ فورم میں مختلف عالمی شخصیات کی شرکت اس بات کی غماز ہے کہ پاکستان کا معدنی شعبہ عالمی سطح پر دلچسپی کا حامل ہے۔

    فورم سے پاکستان کے آرمی چیف سید جنرل عاصم منیر کے خطاب نے تو گویا پاکستان کا معاشی روڈ میپ دکھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستان عالمی معدنی معیشت میں ایک رہنما کے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہے۔ ہم بین الاقوامی اداروں کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ اپنی مہارت سے پاکستان کو روشناس کرائیں، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں اور وسائل کی وسیع صلاحیت کی ترقی میں ہمارے ساتھ شراکت داری کریں۔

    آرمی چیف نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پاکستان کی معدنیات کی دولت کو ایکسپلور کرنے کے لیے انجنیئرز، جیالوجسٹ، آپریٹرز اور بہت سے ماہر کان کن درکار ہیں اسی لیے ہم اس شعبے کی ترقی کے لیے طلبا کو بیرون ملک تربیت کے لیے بھی بھیج رہے ہیں -

    سید عاصم منیر نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کے 27 پاکستانی طلباء زیمبیا اور ارجنٹینا میں منرل ایکسپلوریشن کے شعبے میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد معدنی شعبے کے لیے افرادی قوت، مہارت اور انسانی وسائل پیدا کرنا بھی ہے آرمی چیف نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ پاک فوج اپنے شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کے مفادات اور اعتماد کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط سکیورٹی فریم ورک اور فعال اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اہم ہے کہ لاگت کو بہتر کرنے اور منڈیوں کو متنوع بنانے کے لیے پاکستان میں ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری کی جائے۔ جنرل سید عاصم منیر نے ریاست کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے پیروں کے نیچے وسیع معدنی ذخائر، ہاتھوں میں مہارت اور شفاف معدنی پالیسی کے ہوتے ہوئے، مایوسی اور بے عملی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    آگے بڑھیں اور جدوجہد کریں۔ ملک کے لیے اور اپنے لیے۔ ہم پاکستانی بیک آواز شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کو یقین دلاتے ہیں کہ کاروبار اور معدنی دولت سے استفادہ کرنے کے کے لیے آپ کی مہارت سے مستفید ہونا ہماری اجتماعی قومی خواہش ہے۔

    چیف آف آرمی سٹاف نے سراہتے ہوئے کہا کہ میں بلوچ قبائلی عمائدین کی کاوشوں کا بھی معترف ہوں جنہوں نے کان کنی کے کاموں کو فروغ دینے اور بلوچستان کی ترقی و پیشرفت میں اہم کردار ادا کیا۔

    پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے ویژن کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ مل کر کام کرنے سے پاکستان کا معدنی شعبہ اجتماعی فائدے کے لیے علاقائی ترقی، خوشحالی اور پائیداری کو فروغ دے سکتا ہے۔

    دو روزہ فورم سے ایک تو دنیابھرمیں پاکستان کے معدنی وسائل کی بہت شاندار برینڈنگ کی گئی، دوسرا وطن کے خوشحال مستقبل کی نوید بھی سنائی گئی۔ یقیناً ہم اس وقت ایسے دور سے گزر رہے ہیں کہ ہمیں قدم قدم پر رب تعالیٰ کی ذات کے بعد اپنے وطن پر بھروسے اور شاندار مستقبل پر یقین کی ضرورت ہے۔

    شکریہ ایس آئی ایف سی۔