Friday, 01 November 2024
  1.  Home/
  2. Guest/
  3. Siasi Tetriyan Aor Titiyon Ka Hisab

Siasi Tetriyan Aor Titiyon Ka Hisab

میرے ساتھ دلچسپ آنکھ مچولی جاری ہے۔ میں نیوٹرل ہو کر مکمل غیر جانبداری کے ساتھ پی ٹی آئی کے حوالہ سے حق تنقید ادا کرنا چاہتا ہوں لیکن پیپلز پارٹی، ن لیگ اور حضرت مولانا فضل الرحمٰن ٹائپ لوگ مجھے پوری طاقت سے واپس پی ٹی آئی کی طرف دھکیل دیتے ہیں۔ PTI کے ووٹرز، سپورٹرز، ہمدرد PTI سے سو اختلاف کریں جتنی چاہے تنقید کریں، احتجاج کریں لیکن ان لوگوں کو یہ حق کیسے دیا جا سکتا ہے جو پوری ڈھٹائی سے پاکستان اور پاکستانی عوام کے 51سال ہڑپ کر گئے اور اب بھی رالیں ٹپکاتے ہوئے اقتدار میں واپسی کے لئے بے کار ٹکریں مار رہے ہیں۔ ذرا غور فرمایئے یہ ہیں کون اور کر کیا گئے ہیں؟نواز شریف 9 اپریل 85ء تا 13اگست 90ء 5 سال 4 ماہ پنجاب کا مضبوط ترین وزیر اعلیٰ رہا کہ اس کو اس کے موجدوں اور آقائوں کی مکمل اشیر باد حاصل تھی۔ پھر 2 سال 7 ماہ کی وزارت عظمیٰ، پھر دوبارہ 2سال 7ماہ کی "دیہاڑی" اور آخر پر تیسری بار 5 جون 13ء تا 28 جولائی 17ء پورے 4 سال 1 ماہ تو دوسری طرف برادرِ خورد بلکہ خرد برد المعروف ٹی ٹی ایکسپرٹ اڑھائی سال +8ماہ +4سال+5سال پنجاب کے نوش جان فرما گئے یعنی ن لیگ 26سال ڈکار گئی۔ "سمندر پی گئے ڈکار نہ ماریا"دوسری طرف "روٹی کپڑا مکان" فیم پیپلز پارٹی جس کے بارے کہا گیا تھاروٹی کپڑا بھی دے مکان بھی دےاور مجھے جان کی امان بھی دے25 سال بعد بھی جان چھوڑنے کو تیار نہیں جس کی تفصیل میں کیا جانا کہ ایک بار ذوالفقار علی بھٹو، دو بار صاحب زادی بے نظیر بھٹو، پھر زرداری صاحب قصرِ صدارت میں اور سندھ میں جن جپھا تو اس وقت بھی چل رہا ہے۔ یہ کل بنتے ہیں 25 سال۔ فضل الرحمٰن اور اسفند یار ولی خان وغیرہ کو علیحدہ رکھ کر صرف ن لیگ کے 26اور پیپلز پارٹی کے 25 سال ہی جمع کر لیں تو 51 سال یہ سیاسی نظام سقے عوام کی گردنوں پر سوار رہے تو کیا جتنے سال یہ حکمران رہے، PTI کو اتنے مہینے بھی نہ ملیں؟ ان کے 51 سالوں کے جواب میں صرف 51 مہینے جو 4 سال اور 3 ماہ بنتے ہیں اس سے پہلے PTI کو گھر بھیجنے کے خواب دیکھنے والوں کے لئے ہی کہا گیا تھا یہ شعردیکھنے سے پہلے دھو آنکھوں کی گندی پتلیاں / ورنہ چہرہ ڈھانپ لے گی تجھ سے اچھائی مری۔ پی ٹی آئی کی کارکردگی نہیں، ان ٹی ٹی کمار قسم کے سیاسی مافیاز کا اصل خوف ہی یہ ہے کہ اگر PTI حکومت کو 4سال 3ماہ مل گئے تو یہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے قصہ ٔ پارینہ بن جائیں گے اور خاندانی حکومتوں کے سارے خواب خاک میں مل جائیں گے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں اپنے خلاف اٹھتے ہوئے ہر جائز قانونی قدم پر جمہوریت خطرہ میں دکھائی دیتی ہے تو یہ کن مونہوں سے PTI کو ابھی سے گھر بھیجنے کی بات کرتے ہیں؟ PTI اتنی ہی نالائق ہے تو اُسے رج کے ایکسپوز ہونے دو تاکہ عمران خان سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے تمہاری جان چھُٹ جائے اور تم بلا خوف و خطر پاکستان کو "ماسی دا ویہڑا" یعنی خالہ کے گھر کا آنگن سمجھ کر اپنی وارداتوں کو اتنے ہی زور و شور سے جاری رکھ سکو اور "گلیاں ہو جان سنجیاں وچ ٹی ٹی یار پھرن"دو، چار، دس، پندرہ نہیں، بیسیوں کالم ریکارڈ پر ہیں جب 26 سال پہلے میں مختلف انداز میں بار بار لگاتار لکھ رہا تھا کہ لوگو! ان دونوں یعنی میاں اور محترمہ، بابو اور بی بی کے درمیان جینڈر کے علاوہ اور کوئی فرق نہیں۔ دونوں ایک ہی سکے کے دورخ ہیں اور آج الحمدللہ26 ....سال بعد میرے رب نے بھرم رکھ لیا اور یہ بات اعدادوشمار کے ساتھ کھل کے سامنے آ گئی کہ دونوں کا طریقۂ واردات بھی ایک جیسا ہی ہے۔ دونوں کی جمہوریت "فالودے" سے شروع ہو کر "پاپڑوں" پر ختم ہو جاتی ہے۔ عوام کے ہونٹوں پر پپڑیاں جمی ہیں اور ان کے مستقبل کا فالودہ بنا دیا گیا۔ پاکستانیوں سے میری اک بے ضرر سی اپیل ہے۔ میرے انتہائی لاڈلے ارشاد بھٹی کا 15 اپریل یعنی گزشتہ کل شائع ہونے والا کالم "اور اب پاپڑ فروش" بار بار پڑھیں، اپنے بچوں اور اہل محلہ کو پڑھائیں اور پھر تعویز بنا کر گلے میں ڈال لیں تاکہ سند رہے اور بوقت ضرورت کام آئے۔ غضب خدا کا، پاکستان کو اس حال تک پہنچانے والے پاکستان ہی کے نام پر ایک بار پھر پاکستان کے وسائل میں نقب لگانا چاہتے ہیں۔ واہ اوئے میرے ٹی ٹی کمارو اور ٹی ٹی کپورو! کیا اب بھی کوئی شک، کوئی کسر باقی رہ گئی ہے کہ تم جیسے دیانتدار نہ پہلے کبھی اس دھرتی پر آئے نہ آئندہ کبھی آئیں گے۔ واقعی تم نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی۔ صرف دو سو جعلی ٹرانزیکشنز پکڑی گئی ہیں جو ساری کی ساری شہباز فیملی کے اکائونٹس میں گئیں اور یہ اب بھی معصوم اور مظلوم بننے کی اداکاری کر رہے ہیں۔ بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں سبحان اللہ اور مزید چھوٹے مزید سبحان اللہ پنجاب تا سندھ سیاسی ٹٹیریوں کے پاس دنیا کے ہر سوال کا جواب ہے، صرف ٹی ٹیوں کا کوئی حساب نہیں۔

About Hassan Nisar

Hassan Nisar

Hassan Nisar is a syndicated columnist and an analyst with his own talk show Choraha which he used to do on Geo TV, Pakistan. His presentations are in Urdu. His commentaries in print media and television focusing on contemporary Pakistan, and the political history of Islam, which are conservative in nature, have earned him praise both from Nationalist and Islamic elements in Pakistan.

Nisar started off his career as a journalist, but with time and the emergence of private TV channels in Pakistan, he has appeared on or hosted TV talk shows including Meray Mutabiq and "Choraha" on Geo News.

Source: Wikipedia