Wednesday, 25 December 2024
  1.  Home/
  2. Nai Baat/
  3. 9 May Aur Aik La Yani Daleel

9 May Aur Aik La Yani Daleel

"نرگسّیت (NARCISSISM) ایک موذی مرض ہے۔ اس مرض میں مبتلا شخص خود کو عقل کُل سمجھنے لگتا، دل و دماغ کے سارے دَر دریچے، نصیحت، صائب مشورے اور حرفِ خیر کے لیے بند کر لیتا اور اپنی ذات کی قصوری چکی میں قید ہو کے رہ جاتا ہے۔ وہ اپنے دل میں ایک مندر بناتا، اپنا بت تراش کر کسی چبوترے پہ رکھتا اور مسلسل اس کی پوجا پاٹ میں لگا رہتا ہے۔

وہ چاہتا ہے کہ دوسرے بھی اس پہ ایمان لائیں، اس کے منہ سے نکلنے والے ہر لفظ کو وحی کا درجہ دیں اور اس کے حضور دست بستہ سربہ زانو کھڑے رہیں۔ وہ گزرے کل کو بھول کر ہر روز ایک نیا بیانیہ اور نیا موقف بنانے کے ہُنر میں طاق ہوتا ہے اور اپنی غلطیوں کے مضحکہ خیز جواز کو بھی افلاطونی دلیل سمجھنے لگتا ہے۔ عمران خان کی پوری سیاست، اوّل و آخر اسی نرگسّیت کی عبرت آموز کہانی ہے۔

9 مئی، اس نرگسّیت کا نقطہئِ کمال تھا۔ "کوئی مجھے چھُو بھی نہیں سکتا۔ کوئی مجھے گرفتار نہیں کر سکتا۔ میں ناقابل تسخیر ہوں۔ کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو میں خطرے ناک، ہو جاؤں گا اور پورے ملک میں قیامت بپا کر دوں گا"۔ وہ متکبرانہ جلال و جمال کے ساتھ اپنے مدّاحوں کے دل و دماغ میں بارود بھرتے رہے۔ اپنی گرفتاری سے پہلے ہی انہوں نے خود کو "ریڈلائن" قرار دے رکھا تھا۔

9 مئی بظاہر کارکنوں کا بے ساختہ پن لیکن درحقیقت ایک منظم سازش کا شاخسانہ تھا۔ اس سازش میں، فوج کے اندر اور باہر کے حلقہ بگوشوں کا کردار متعین تھا۔ دفاعی تنصیبات، علامتوں اور شہداء کی یادگاروں پر حملوں کی حد تک یہ سازش کامیاب رہی۔ یہاں تک کہ لاہور کور کمانڈر کی رہائش گاہ راکھ کر دی گئی اور فدائین راولپنڈی میں جی ایچ کیو کے پھاٹک تک جا پہنچے۔

بلوائیوں کی اس بڑی کامیابی کے باوجود وہ عناصر متحرک نہ ہو سکے جنہیں"زنجیری ردّعمل" (Chain Reaction) کے طور پر بلووں کی آگ کو ادارے کے اندر تک لے جانا اور الاؤ بھڑکا کر خان صاحب کی امنگوں میں رنگ بھرنا تھا۔ خان صاحب اُس شدید ردّعمل کا بھی اندازہ نہ لگا پائے جو 9 مئی کے بعد سامنے آیا اور جس نے نہ صرف قومی سیاست کا منظر نامہ مکمل طور پر تبدیل کر دیا بلکہ خان صاحب کی سیاست کو بھی رنگا رنگ بیانیوں کا کفن پہنا کر اُن کے دعووں کے آبنوسی تابوت میں ڈالا اور گہری قبر میں دفنا دیا۔ یہ وہ نوحہ ہے جو ہر بپھری ہوئی "نرگسّیت" کا مقدر ہوا کرتا ہے۔

ایک کے بعد دوسری اور دوسری کے بعد تیسری دلیل تراشنے کے باوجود جب بات نہ بنی تو خان صاحب نے کہا "یہ دیکھنا چاہیے کہ 9 مئی کا فائدہ کس کو ہوا؟ ہمیں تو نقصان پہنچا ہے۔ سو یہ کام انہی کا کیا دھرا ہے جنہیں اس کا فائدہ ہوا ہے"۔

خان صاحب کو کون بتائے کہ حضور! آپ نے سیاست کے میدان میں جس جمناسٹک کو متعارف کرایا اور جو جو "دانش مندانہ" اقدامات کیے، اُن سب کا فائدہ دوسروں ہی کے حِصّے میں آیا اور خسارہ آپ کو سمیٹنا پڑا۔ چلتے چلاتے خان صاحب کی تاریخِ سیاست پر ایک نگاہ ڈالی جائے تو اُن کی حکمت و دانش کے ایسے ایسے شاہکار دکھائی دیتے ہیں جو خان صاحب کی سیاست کو پیہم زخم لگاتے اور اُن کے حریفوں کو نہال کرتے رہے۔

کوئی پوچھے کہ اقتدار میں آنے اور چاروں طرف سے آتی ٹھنڈی معطّر ہواؤں کے بہار آفریں موسموں میں آپ کو کیا سوجھی کہ فوری طور پر جنرل عاصم منیر کو آئی ایس آئی چیف کے منصب سے ہٹانے کی ضد لے بیٹھے؟ اس کا خسارہ کسے ہوا اور فائدہ کسے؟ جنرل فیض حمید کو اپنے اقتدار کے لیے ناگزیر سمجھ لینے اور اُن کے سائبان تلے عشروں کی حکمرانی کا منصوبہ کس نے بنایا اور اس سے کیا حاصل ہوا؟ جنرل باجوہ کو توسیع دینے کے حکیمانہ فیصلے سے آپ کو کیا ملا؟ جب کوچ نقارہ بجنے لگا تو اُسی جنرل باجوہ کو توسیعِ مزید کی پیشکش کیا پھل لائی؟

سائفر کا نام دے کر کاغذ کے ایک پرزے سے کھیلنے، امریکہ کو مطعون کرنے اور پھر اُس کی خوشنودی کے جتن کرنے کا مشورہ کیا اپوزیشن نے دیا تھا؟ تحریک عدم اعتماد کی آئینی مشق پر آتش زیرپا ہونے، قاسم سوری سے ایک حیا سوز رولنگ دلوانے کا کیا فائدہ ہوا؟ راتوں رات قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے جمہوریت کُش اقدام سے کیا ہاتھ آیا؟ فرطِ طیش میں قومی اسمبلی سے اجتماعی استعفوں سے آپ کمزور ہوئے یا آپ کے حریف؟ پھر عدالتوں کے ذریعے اُسی قومی اسمبلی میں واپس آنے کی مشقِ رائیگاں نے کن چہروں پر کالک تھوپی؟ جب مئی 2022 میں طے پا گیا کہ پی ڈی ایم حکومت مستعفی ہو کر اسمبلیاں توڑ رہی ہے اور اگست 2022 میں انتخابات ہو جائیں گے اور جنرل باجوہ نے خود آپ کو اس کی ضمانت بھی دے دی تو 25 مئی کو اسلام آباد پر چڑھائی کا مقصد کیا تھا؟ اس کا فائدہ یا نقصان کس کو ہوا؟

جنرل باجوہ کے دستِ معجزہ نما اور عدلیہ کی رسوائے زمانہ آئینی تشریح پر بننے والی پنجاب حکومت اور اسمبلی کو رُخصت کرکے کسے فائدہ ہوا؟ دس برس سے خیبر پختونخوا میں قائم اپنی حکومت اور اسمبلی پر کلہاڑا چلانے سے کون سا مقصد حاصل ہوا؟ نومبر 2022 میں جنرل سید عاصم منیر کا راستہ روکنے کے لیے راولپنڈی پر چڑھائی سے پی ٹی آئی کو کیا حاصل ہوا؟ اعلیٰ فوجی عہدیداروں پر، نام لے لے کر، قتل کرنے کی سازش کا الزام لگانے سے آپ کے نامہئِ اعمال میں کتنا حُسن آیا؟ آئی ایم ایف سے معاہدہ روکنے کی کوششیں آپ کے کس کام آئیں؟

کالم کی تنگ دامانی آڑے آ رہی ہے ورنہ خان صاحب کے ایسے کارناموں کی فہرست بہت طویل ہے جن سے اُن کی جھولی میں تو کچھ نہ آیا، البتہ ان کے حریفوں کو ناقابلِ تصوّر حد تک فوائد حاصل ہوئے۔ اگر نفع و نقصان والی دلیل مان لی جائے تو یہ بھی ماننا پڑے گا کہ یہ تمام اقدامات خان صاحب کے نہیں، اُن کے مخالفین کے تھے یا پھر اُن کا کوئی "ہمزاد" یہ سب کچھ کیے جا رہا تھا۔ ایک نقطہئِ نظر یہ بھی ہے کہ خان صاحب نے جو کچھ کیا، چند غیر سیاسی مگر موثر مشیروں کی شہہ پر کیا۔ سیاسی شعور اور حرکیات سے بے بہرہ ہونے کے سبب وہ آنکھیں بند کرکے چلتے رہے اور آج دہکتے ہوئے دشتِ بے اماں میں یکّہ و تنہا کھڑے ہیں۔

عمران خان کی سب سے بڑی غلطی، جسے "اُمّ الاغلاط" کہا جا سکتا ہے، یہ تھی کہ وہ صدقہ و خیرات اور عطاء و بخشش کے فراخ دلانہ بہاؤ کے بل پر فلاحی اور رفاہی منصوبوں کے دیار خیر و برکت سے سیاست کی طرف آ نکلے جو سرے سے اُن کے خمیر میں نہ تھی۔ اُن کے پاس کرکٹ کا ہیرو ہونے کا چیک تھا۔ اس چیک کو کیش کرا کے انہوں نے اچھے اداروں کی بنیاد ڈالی۔ پھر وہی چیک اٹھائے وہ سیاسی بنک کے کاؤنٹر پر آ کھڑے ہوئے اور بھول گئے کہ ایک ہی چیک دوبار کیش نہیں ہو سکتا۔

المیہ یہ کہ اب اُن کے پاس آبرو مندانہ واپسی کا بھی کوئی راستہ نہیں بچا اور اس سے بھی بڑا سانحہ یہ کہ وہ اپنے عہد اقتدار اور عرصہئِ سیاست میں کوئی ایک بھی روشن روایت نہ ڈال سکے جس کی یاد محرومیوں کی طویل یخ بستہ سیاہ راتوں میں اُن کے لیے جگنو ستارہ بنے۔