Wednesday, 27 November 2024
  1.  Home/
  2. Guest/
  3. PTI Ke Sath Punjabi Muhavare Wala Hath

PTI Ke Sath Punjabi Muhavare Wala Hath

انتخابی حرکیات کا دیرینہ اور سنجیدہ طالب علم ہوتے ہوئے میں کئی ہفتوں سے عاشقانِ عمران خان کو خبردار کئے چلے جارہا تھا کہ "کھمبے کو بھی کھڑا کردیں گے تو، "والے مغالطے میں نہ رہیں۔ یہ بات سو فیصد درست کہ عمران حکومت کو اپریل 2022ء میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹانے کے بعد شہباز شریف کی قیادت میں جو حکومت قائم ہوئی اس نے پاکستان کو دیوالیہ سے بچانے کے نام پر ہمارے عوام کی اکثریت کو مہنگائی کے سیلاب کے سپرد کردیا تھا۔

دریں اثناء قمر جاوید باجوہ کی ہوسِ توسیعِ معیاد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عمران خان غضب ناک ہوئے "سائفر کہانی" کو اچھالتے روزانہ کی بنیاد پر ہمارے تقریباََ ہر شہر میں جاکر لوگوں سے براہِ راست خطاب کرتے ہوئے ان کے دل گرمانا شروع ہوگئے۔ کئی مہینوں تک انہوں نے گرم جوش رابطہ عوام مہم اور سوشل میڈیا کے ماہرانہ استعمال کے ذریعے "رجیم چینج" کی اصطلاح کو زبان زدِ عام کردیا۔ "ہم کوئی غلام ہیں" کا سوال اٹھاتے ہوئے نوجوانوں اور خواتین کی کثیر تعداد "حقیقی آزادی" کی جدوجہد میں مصروف ہوگئی۔

عمران خان نے عوامی رابطے کی بدولت جذبات کو جو آگ بھڑکائی اس کا اصل ہدف مگر شہباز حکومت کو نئے انتخاب کے انعقاد کو مجبور کرنا تھا۔ اس ہدف کے حصول میں ناکامی ہوئی تو آبادی کے اعتبار سے ہمارے سب سے بڑے صوبے یعنی پنجاب میں تحریک انصاف نے اپنی حکومت قربان کرتے ہوئے نئی صوبائی اسمبلی کے انتخاب کی گیم لگادی۔ ساتھ ہی خیبرپختونخواہ کے لئے بھی ایسی ہی چال چلی۔ مذکورہ چالیں چلتے ہوئے آئین کی فقط اس شق کو ذہن میں رکھا گیا جو "نوے روز کے اندر" تحلیل ہوئی اسمبلیوں کے لئے نئے انتخاب کا تقاضہ کرتی ہے۔ ہمارے تحریری آئین کی دیگر کئی شقوں کوذہن میں نہیں رکھا گیا جو حکمران اشرافیہ کو مذکورہ شق سے گریز کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔ بالآخر پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیوں کے انتخاب یقینی نظر نہ آئے تو تحریک انصاف نے 9مئی کا ہنگامہ کھڑا کردیا۔

9مئی کے واقعات کو ریاست کے طاقت ور ترین ادارے نے اسی انداز میں لیا جیسے 1980کی دہائی کا آغاز ہوتے ہی ذولفقار علی بھٹو کے فرزند مرتضیٰ بھٹو سے منسوب" الذولفقار" نامی تنظیم کو لیا گیا تھا۔ "مقتدر"ادارے نے بہت سنجیدگی سے یہ طے کرلیا کہ اس کے "کمانڈ اینڈ کنٹرول" پر مبنی نظام کو "سازشی اذہان"نے "ادارے کے اندر سے" بدگمانیاں پھیلاتے ہوئے کمزور کرنے کی کوشش کی ہے۔ "کمانڈ اینڈ کنٹرول"ہی پر مبنی ڈھانچے سے چھیڑچھاڑ کی جسارت کرنے والوں کو وطن دشمن شمار کیا جاتا ہے۔ ایسا واقعہ وطن عزیز کے قیام کے چند ہی برس بعد بھی ہوا تھا جب 1950کی دہائی کا آغاز ہوتے ہی نام نہاد "پنڈی سازش کیس" نمودار ہوا۔ ہمارے ایک نامور شاعر فیض احمد فیض بھی اس میں ملوث قرار دئے گئے تھے۔ اس کی وجہ سے ان پر جو بیتی اسے وہ "زنداں نامہ" میں نثر نہیں شاعری کی صورت ہی بیان کرپائے۔

قارئین کو تاریخ میں الجھاکر حال سے فرار اختیار کرنا نہیں چاہ رہا۔ مختصراََ فقط یہ عرض کرنا ہے کہ 9مئی 2023کے روز جو واقعات ہوئے ان کے مضمرات کو میری دانست میں عمران خان نے سنجیدگی سے نہیں لیا۔ تحریک انصاف کی دیگر قیادت بھی اس گماں میں مبتلا رہی کہ ان کی جماعت کی "عوامی مقبولیت" سے گھبراکر طاقت ور ادارے کے مختارحکام" کمانڈ اینڈ کنٹرول" کے ڈھانچے سے چھیڑچھاڑ کو فراموش کردیں گے۔

"کمانڈ اینڈ کنٹرول" کے محافظ اس ڈھانچے سے "پنگا" لینے والوں کو لیکن "دشمنوں" میں شمار کرتے ہیں اور ان کے ساتھ برتائو بھی اسی تناظر میں ہوتا ہے۔ بہتر یہی تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت مذکورہ حقیقت کو سنجیدگی سے سمجھنے کی کوشش کرتی۔ ایسا مگر ہوا نہیں۔ تندوتیز ہوا چلی تو تحریک انصاف کے بے تحاشہ سرکردہ رہ نما اور کارکن گرفتاریوں سے بچنے کے لئے روپوش ہوگئے۔ روپوشی سے ناکام ہوئے رہ نما?ں کی اکثریت چند روز کے لئے گرفتار ہوئی تو طویل صعوبتوں کو رضا مند ہونے کے بجائے ٹی وی پر دئے "اعترافی انٹرویو" یا "پریس کانفرنسوں" کے ذریعے 9مئی واقعات کی مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف سے لاتعلقی کے اعلانات کرنا شروع کردئیے۔

تحریک انصاف کی قیادت میں پھیلے شکست خوردہ رویے کی وجہ سے ابھرے انتشار کے باوجود عاشقان عمران خان کی اکثریت اس گماں میں مبتلا رہی کہ "، فریاد کے دن تھوڑے ہیں"۔ جیسے ہی نئے انتخاب کے انعقاد کا عمل شروع ہوگا ریاستی گرفت کمزور پڑنا شروع ہوجائے گی۔ اس کے روپوش ہوئے کارکن اور سرکردہ رہ نما سیلاب کی صورت قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت کا انتخاب لڑنے کاغذات نامزدگی حاصل کریں گے۔ فرض کیا ایک حلقے سے 30سے 40کے قریب افراد یہ کاغذات لے کر انہیں کامیابی سے "ناقابل اعتراض" قرار دلوانے میں کامیاب ہوگئے تو 13جنوری 2024ء کے دن ان میں سے پہلے سے چنے اشخاص کو اچانک "اپنا" ٹھہراتے ہوئے "بلے" کا نشان دلوادیا جائے گا اور "بلا" جس کو بھی مل گیا اسے گھر یا جیل بیٹھے ہی عوام کا ہجوم خودبخود پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ کر ووٹ ڈالتے ہوئے تاریخی کامیابی سے ہم کنار کردے گا۔

انتخابی حرکیات کا طالب علم ہوتے ہوئے میں اس کالم میں مستقل فریاد کرتا رہا ہوں کہ ہمارے ہاں"صدارتی" نہیں بلکہ "پارلیمانی" نظام کار فرما ہے۔ کسی بھی شخص کو وزیر اعظم منتخب کروانے سے قبل لازمی ہے کہ اس کے حامیوں کی بھاری بھر کم تعداد پاکستان بھر میں پھیلے قومی اسمبلی کے حلقوں کے انتخاب میں پہلے حصہ لینے کے "اہل" قرار پائے اور بعدازاں قومی اسمبلی پہنچ کر اپنے رہ نما کو (جو خود بھی قومی اسمبلی پہنچ جائے) وزیر اعظم منتخب کرلیں۔ دسمبر21کی صبح اٹھ کر یہ کالم لکھ رہا ہوں۔

بدھ کے دن رات گئے تک ملک بھر میں بے تحاشہ لوگوں سے ٹیلی فون پر رابطہ رکھا۔ ان سب سے گفتگو کے بعد میں ایسے لوگوں کے نام اور تعداد کے حصول میں قطعاََ ناکام رہا ہوں جو کاغذات نامزدگی حاصل کرلینے کے بعد انہیں جمع کروانے اور بعدازاں انہیں"ناقابل اعتراض"ٹھہرانے میں کامیاب بھی ہوگئے تو اتنی تعداد میں قومی اسمبلی کے لئے منتخب ہونے میں کامیاب ہوجائیں گے جو تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدوار برائے وزارت عظمیٰ کو بھی کامیاب کروانے کی امید دلائیں۔

مذکورہ تناظر میں"کھمبوں" کے نام اور ان کی حتمی تعداد کا تعین بھی میں تمام تر کاوشوں کے باوجود نہیں کر پایاہوں۔ عاشقا ن عمران خان سے میری دست بستہ درخواست ہے کہ خود کو تسلی دیتے خیالات سے آزاد ہوکر انتخابی عمل کی بنیادی حرکیات پر کڑی نگاہ رکھیں اور یہ دریافت کرنے کی سنجیدہ کوشش کریں کہ ان کے ساتھ کہیں پنجابی محاورے والا "ہتھ" تو نہیں ہوگیا۔

About Nusrat Javed

Nusrat Javed

Nusrat Javed, is a Pakistani columnist, journalist and news anchor. He also writes columns in Urdu for Express News, Nawa e Waqt and in English for The Express Tribune.