Tuesday, 19 November 2024
  1.  Home/
  2. 92 News/
  3. Technology Ke Butt, Maal e Ghaneemat Mein

Technology Ke Butt, Maal e Ghaneemat Mein

کابل کے ہوائی اڈے سے نکلتے ہوئے جس طرح امریکی افواج نے اپنے دفاعی سازوسامان کا حشر کیا، جیسے اپنے مضبوط ترین ایئر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کیا، جا بجا کھڑے جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کا حلیہ بگاڑا، ایسے لگ رہا تھا جیسے انہیں ٹیکنالوجی کے ان "خدائوں " پر بہت غصہ تھا۔ ان سب کی موجودگی میں وہ ذِلّت آمیز شکست سے دوچار کیسے ہو گئے۔ جن لوگوں نے اوّل شباب میں ملٹری اکیڈیمی کی ٹریننگ کے دوران یہی لوریاں سنی ہوں کہ امریکی دفاعی ٹیکنالوجی دُنیا کی سب سے طاقتور اور ناقابلِ تسخیر ٹیکنالوجی ہے، انہیں کیسے یقین آئے کہ اس سب کے ہوتے ہوئے انہیں صرف ساٹھ ہزار بے سروسامان بندگانِ رحمن مار بھگائیں گے۔ کابل ایئر پورٹ سے رخصت ہونے والوں کی حالت اس وقت بالکل قریشِ مکہ جیسی تھی جو فتح مکہ کے وقت اپنی آنکھوں کے سامنے لات، عزیٰ اور ہبل جیسے تین سو ساٹھ بُتوں کو ٹوٹتے دیکھ کر سوچ رہے تھے کہ اگر ان "خدائوں " میں کوئی طاقت و قوت اور کرامت ہوتی تو وہ آج یوں ندامت سے سر جھکائے کھڑے نہ ہوتے۔ میرا اللہ جب نصرت و فتح کا اعلان فرماتا ہے تو پھر کفار مکہ کا ایک ہزار کیل کانٹے سے لیس لشکر ہتھیار پکڑے دَم بخود رہ جاتا ہے اور میدانِ بدر کے فاتح وہ تین سو تیرہ نفوسِ قدسی قرار پاتے ہیں جن کے پاس صرف دو گھوڑے، چھ زرہیں اور آٹھ تلواریں ہوتی ہیں۔ مؤرخ آج بھی تاریخ لکھتے ہوئے چونک اُٹھتا ہے کہ، "ہے کوئی مقابلہ"۔ مؤرخ کل بھی جب افغانستان میں امریکی شکست کی تاریخ لکھنے بیٹھے گا تو ایسے ہی چونک اُٹھے گا اور کہے گا، "ہے کوئی مقابلہ"۔

افغانستان سے بھاگتے ہوئے جو دفاعی سامان امریکی چھوڑ کر گئے ہیں، اس کی افادیت، اہلیت اور تعداد پر ایک نظر ڈالنے کے بعد اندازہ کیجئے، ان سب کی موجودگی میں اگر امریکہ اور عالمی اتحاد کو شکست ہو سکتی ہے تو پھر اس کائنات کا مالک سچا ہے جو فرماتا ہے۔"بار ہا ایسا ہوا ہے کہ ایک قلیل گروہ اللہ کے اذن سے ایک بڑے گروہ پر غالب آیا" (البقرہ: 149)۔ مالِ غنیمت کی تعداد، افادیت، اہمیت اور برتری ملاحظہ کیجئے۔ یہ سب سازوسامان اب طالبان کی دسترس میں ہے۔

(1)۔ ھموی (Humvee) ٹینک نما گاڑی (22، 174عدد)۔ اس ایک گاڑی کی لاگت تقریباً 25 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔ اسے خاص طور پر صحرائوں، پہاڑوں اور میدانی علاقوں میں گوریلا جنگ کے مقابلے کیلئے بنایا گیا ہے۔ اس کے اردگرد ایک مقناطیسی حصار ہوتا ہے جو اپنی طرف آنے والی گولیوں، بموں اور میزائلوں کو واپس دھکیل دیتا ہے۔

(2)۔ M1117 Armoured Security Vehicle (634 عدد)۔ یہ گاڑیاں امریکی پولیس کے پاس ہوا کرتی تھیں جنہیں خاص طور پر زیرِ زمین بارودی سُرنگوں اور سڑک کے کنارے نصب بموں سے نبردآزما ہونے والے آلات لگا کر افغانستان کیلئے ڈیزائن کیا گیا۔

(3)۔ Mine Proof Vehicles، Maxx Pro (155 عدد)۔ یہ ایسی ٹینک نما گاڑی ہے جسے صرف اسرائیل کیلئے ڈیزائن کیا گیا تھا جو کسی بھی قسم کے اچانک حملے، بارودی سُرنگوں اور براہِ راست جنگ کیلئے کامیاب سمجھی جاتی ہے۔

(4)۔ بکتر بند گاڑی (armoured personnel carrier) (169 عدد)۔ انہیں عرفِ عام میں اے پی سی کہتے ہیں اور یہ ٹینک کی صورت پہیوں والے پٹے پر چلتی ہے۔ لیکن ان امریکی گاڑیوں میں سیٹلائٹ سے کئی میل دُور تک دُشمن کو ڈھونڈنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔

(5)۔ پِک اَپ وغیرہ (بیالیس ہزار 42، 000 عدد)۔ ان میں زیادہ تر اعلیٰ کوالٹی کی ڈبل کیبن پِک اَپس ہیں جو افغانوں کی محبوب سواری ہے۔

(6)۔ مشین گنز (چونسٹھ ہزار تین سو تریسٹھ 64، 363 عدد)۔

(7)۔ ٹرک، آٹھ ہزار۔

(8)۔ وائرلیس سیٹ (ایک لاکھ باسٹھ ہزار تینتالیس 162، 043 عدد)۔

(9)۔ اندھیرے میں دیکھنے والے آلات (night-vision devices) (16، 035 عدد)۔ یہ وہ ہتھیار ہیں جسے امریکیوں نے خاص طور پر اپنے لئے مخصوص کر رکھا تھا اور امریکی ان ہتھیاروں کے طالبان کے ہاتھ میں آ جانے کی وجہ سے بہت پریشان ہیں۔

(10)۔ رائفلیں: تین لاکھ اٹھاون ہزار پانچ سو تیس (3، 58، 530عدد)۔

(11)۔ پستول: ایک لاکھ چھبیس ہزار دو سو پچانوے (1، 26، 295 عدد) اور چھوٹی توپیں ایک سو چھہتر (176 عدد)۔ اس زمینی دفاعی سازوسامان کے علاوہ فضائی جنگی برتری کی علامت سمجھنے والے طیارے اور ہیلی کاپٹر جو طالبان کے ہاتھ آئے ہیں۔ ان کی تعداد یہ ہے۔

(1)۔ ہیلی کاپٹر Mi-17۔ (33 عدد)۔ یہ بنیادی طور پر روسی ساخت کا ہیلی کاپٹر ہے جو سامان کی ترسیل کے علاوہ لڑائی میں بھی کام آتا ہے۔

(2)۔ بلیک ہاک UH-60 (33 عدد)۔ یہ وہ ہیلی کاپٹر ہے جس پر امریکی ٹیکنالوجی کو بہت ناز ہے۔ دُنیا بھر کے ممالک اس کے خریدار ہیں۔ آسٹریلیا سے لے کر اسرائیل تک ہر کسی نے اسے جنگوں میں آزمایا ہے۔ اس وقت ان ہیلی کاپٹروں کی جتنی تعداد طالبان کے پاس ہے کسی اور ملک کے پاس نہیں ہے۔ اس ایک ہیلی کاپٹر کی لاگت ایک کروڑ امریکی ڈالر ہے۔

(3)۔ MD-530 ہیلی کاپٹر (43 عدد)۔ یہ خاص طور پر ایئر فورس کیلئے بنایا گیا ہے جس کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ وہ فضائی جنگ میں کیسے زمینی افواج کو تباہ کر سکتا ہے۔

(4)۔ سی 130 ٹرانسپورٹ طیارے۔ (4 عدد)۔ اس طیارے سے تو ہم سب آشنا ہیں۔

(5)۔ سیسنا 208۔ (28 عدد)۔ عام مسافر جنگی طیارہ۔

(6)۔ سیسنا RC-208 (10 عدد)۔ یہ آبادیوں پر حملہ آور ہونے کیلئے خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

(7)۔ Embraer EMB 314/A29 Super Tucano (23 عدد)۔ اس ایک جہاز نما ہیلی کاپٹر کی قیمت 30 کروڑ ڈالر ہے اور اسے امریکی جدید فضائی برتری کا شاہکار تصور کرتے ہیں۔

طالبان کے پاس آنے والے مالِ غنیمت کی یہ لسٹ ان کے کسی خیر خواہ نے جاری نہیں کی ہے بلکہ یہ فہرست افغانستان میں 2008ء سے قائم ایک امریکی ادارے "SIGAR" نے جاری کی ہے۔ اس ادارے کا پورا نام ہے۔ special Inspector General for Afghanistan Reconstruction افغانستان کی تعمیر نو کیلئے خصوصی انسپکٹر جنرل۔ اسے جارج بش نے 28 جنوری 2008ء میں قائم کیا تھا جس کا مقصد افغانستان میں خرچ ہونے والے امریکی ڈالروں کی نگرانی کرنا تھا۔ یہ فہرست اس ادارے نے اس وقت شائع کی تھی جب امریکی رات کی تاریکی میں بگرام ایئر پورٹ چھوڑ کر افغانستان سے نکل رہے تھے۔ یہ ادارہ گزشتہ بارہ سال کے عرصے میں ہر سال ان "بِکائو" افغان سکیورٹی فورسز کے ارکان کی کرپشن کی مستقل سالانہ رپورٹ جمع کرواتا رہا جو بتاتی تھی کہ یہ کیسے اپنا اسلحہ طالبان کے ہاتھ اونے پونے داموں فروخت کرتے جا رہے تھے۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ طالبان نے کابل فتح کر لیا، پورے افغانستان پر آج ان کا اقتدار ہے، لیکن ان میں سے کسی نے بھی اس "مالِ غنیمت" کو نمائش طور پر پیش نہیں کیا، اس بات پر فخر نہیں کیا کہ دیکھو اب ہمارے پاس یہ ٹیکنالوجی آ گئی ہے۔ وجہ صرف ایک ہے کہ وہ اس ٹیکنالوجی کے بغیر جیتے ہیں اور امریکی اسی ٹیکنالوجی کی موجودگی میں ہارے ہیں۔ کس قدر بدقسمتی، ذِلّت و رُسوائی کی بات ہے کہ عالمی طاقت کا سربراہ، امریکی صدر جوبائیڈن آج اس بات پر فخر کرتا ہے کہ "دیکھو ہم نے کابل ایئر پورٹ سے انسانوں کے انخلاء کا جو آپریشن کیا ہے وہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا اور تیز رفتار آپریشن تھا"۔ ایک جانب عالمی طاقت جلد بھاگ نکلنے پر فخر محسوس کر رہی ہے اور دوسری جانب کابل ایئر پورٹ پر داخل ہونے والے طالبان اللہ کے سامنے سربسجود ہوتے ہیں تو ان کی آہیں، سسکیاں اور چیخیں نہیں رکتیں۔ شکر کی نعمت سے مالا مال یہ مردانِ صف شکن۔ کوئی ہے جو ان کے مقابل ٹھہر سکے۔

About Orya Maqbool Jan

Orya Maqbool Jan

Orya Maqbool Jan is a columnist, writer, poet and civil servant from Pakistan. He has written many urdu columns for various urdu-language newspapers in Pakistan. He has also served as director general to Sustainable Development of the Walled City Project in Lahore and as executive director ECO, Cultural Institute, Tehran and information secretary to the government of the Punjab.