Monday, 23 December 2024
  1.  Home/
  2. Express/
  3. Boycott Israel Tehreek Kitni Muassar Hai?

Boycott Israel Tehreek Kitni Muassar Hai?

جولائی دو ہزار پانچ میں فلسطینی نژاد قطری ایکٹوسٹ عمر برغوتی نے مصر میں مقیم فلسطینی ایکٹوسٹ رامی شاعت سے مل کر فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی پر اسرائیل کو مجبور کرنے کے لیے اسرائیل میں سرمایہ کاری کے بائیکاٹ اور بین الاقوامی پابندیاں لگوانے کے لیے بی ڈی ایس (بائیکاٹ، ڈائیویسٹمنٹ، سینگشنز) تحریک کی بنیاد رکھی۔ دو ہزار سترہ میں عمر کو پرامن جدوجہد میں سرگرم حصہ لینے پر گاندھی امن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بی ڈی ایس سے قبل عمر نے اسرائیل کے تعلیمی و ثقافتی بائیکاٹ کی تحریک بھی شروع کی۔

عمر برغوتی کے ساتھی رامی شاعت کو دو ہزار انیس میں مصری حکومت نے دہشت گرد سرگرمیوں کے الزام میں دو برس سے زائد عرصے تک جیل میں رکھا۔ رہائی کے عوض رامی کی مصری شہریت منسوخ کرکے جبراً اردن بھیج دیا گیا اور اب وہ فرانس میں مقیم ہیں۔

بی ڈی ایس جنوبی افریقہ کی شہری حقوق کی تنظیموں کی جدوجہد سے متاثر بتائی جاتی ہے۔ اس جدوجہد کے نتیجے میں جنوبی افریقی نسل پرست گوری حکومت کا عالمی بائیکاٹ ہوا اور یوں مسلسل عالمی دباؤ نے جنوبی افریقہ میں اپارتھائیڈ نظام کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔

بی ڈی ایس کی بائیکاٹ حکمتِ عملی اس کی فلسطین نیشنل کونسل طے کرتی ہے مگر یہ کوئی مرکز پسند تنظیم نہیں بلکہ دنیا بھر میں انسانی حقوق اور نسل پرستی کے خلاف نبردآزما افراد یا تنظیمیں اپنے اپنے طور پر بھی بی ڈی ایس کے منشور پر عمل کر سکتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ بی ڈی ایس سے متعدد ممالک کی سیکڑوں ورکرز یونینیں، اکیڈمک تنظیمیں، چرچ فاؤنڈیشنز اور سرکردہ روشن خیال افراد جڑتے چلے گئے اور اب اس کا دائرہ سو سے زائد ممالک تک پھیل چکا ہے۔

اسرائیل میں بی ڈی ایس کا حامی ہونا قانوناً جرم ہے۔ امریکا کی تیس ریاستوں اور جرمنی میں اس کی سرگرمیوں پر پابندی ہے۔ مگر سوشل میڈیا کی دنیا میں ان پابندیوں کا کوئی مطلب نہیں رہا۔ اس عرصے میں بی ڈی ایس نے کئی کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔ مثلاً دو ہزار نو میں اسرائیلی کاسمیٹکس کمپنی آہاوا اور چاکلیٹ ساز کمپنی میکس برینر کے بائیکاٹ کی مہم کے سبب آسٹریلیا میں بالخصوص ان کمپنیوں کو خاصا کاروباری نقصان برداشت کرنا پڑا۔

بی ڈی ایس فرانسیسی کمپنی ویولا کے خلاف دو ہزار آٹھ سے مہم چلا رہی تھی کہ وہ یروشلم لائٹ ریلوے منصوبے سے الگ ہو جائے کیونکہ اس کا روٹ فلسطینی اکثریتی مقبوضہ مشرقی یروشلم سے بھی گزرتا ہے۔ بالاخر دو ہزار پندرہ میں اس نے اسرائیل میں اپنے حصص ایک ذیلی کمپنی کے سپرد کرکے بوریا بستر لپیٹ لیا۔

دو ہزار بارہ میں بی ڈی ایس کے حمایتیوں نے سب سے بڑی برطانوی عالمی سیکیورٹی کمپنی سے اسرائیل میں سرمایہ کاری کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ یورپین پارلیمنٹ نے اس سے معاہدے کی تجدید سے انکار کر دیا۔ دو ہزار چودہ میں گیٹس فاؤنڈیشن نے اس سیکیورٹی کمپنی سے ایک سو ستر ملین ڈالر کا سرمایہ نکال لیا۔ دو ہزار سولہ میں ریسٹورنٹس کی بین الاقوامی چین کرپس اینڈ ویفلز نے اس کی سیکیورٹی خدمات لینے سے معذرت کر لی۔

چنانچہ اس کمپنی نے اپنے اثاثے ایک اسرائیلی کمپنی کو فروخت کردیے مگر اسرائیل کی پولیس اکیڈمی سے اپنا سیکیورٹی اور تربیت کا کنٹریکٹ ختم نہیں کیا۔ لہٰذا اس کا بائیکاٹ جاری ہے۔

دو ہزار چودہ میں اسرائیل سے کاروبار کرنے والی معروف جنوبی افریقی کمپنی وول ورتھ کے اسٹورز کا گھیراؤ کیا گیا۔ دو ہزار سولہ میں اس کمپنی نے فیصلہ کیا کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے کی یہودی بستیوں سے مصنوعات نہیں خریدے گی۔

دو ہزار سولہ سے بی ڈی ایس ایک امریکی آئی ٹی کمپنی کے بائیکاٹ کی مہم چلائے ہوئے ہے۔ کیونکہ اس کمپنی نے اسرائیل کو بائیومیٹرک شناختی سسٹم فراہم کیا جس کے ذریعے فلسطینیوں کو محکوم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ اسی سال ایک فرانسیسی ٹیلی کام کمپنی کے خلاف فرانس، مصر، تیونس اور مراکش میں بائیکاٹ مہم چلائی گئی۔ چنانچہ اس نے اسرائیلی ٹیلی کام کمپنی پارٹنر کمیونیکیشن سے اپنا لائسنسنگ معاہدہ ختم کر دیا۔

دو ہزار اٹھارہ میں کھیلوں کا سامان بنانے والی ایک عالمی جرمن کمپنی پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ اسرائیلی فٹ بال ایسوسی ایشن سے اپنا معاہدہ ختم کرے کیونکہ مقبوضہ مغربی کنارے کے چھ یہودی آبادکار کلب بھی ایسوسی ایشن میں شامل ہیں۔ اس کمپنی کے خلاف لندن انڈر گراؤنڈ ریلوے اسٹیشنوں پر پوسٹرز لگائے گئے۔ دو ہزار بیس میں ملیشیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی یونیورسٹی نے اس کمپنی کے لیے اپنی سپانسر شپ واپس لے لی۔

بی ڈی ایس نے اسرائیل میں منعقد ہونے والے دو ہزار انیس کے موسیقی کے یورو ویژن مقابلے کے بائیکاٹ کی مہم بھی چلائی۔ معروف پنک فلائیڈز بینڈ کے گلوکار راجر واٹرز سمیت ایک سو سینتالیس فنکاروں نے بھی یورویژن کے بائیکاٹ کی اپیل کی۔ مقابلے میں شریک آئس لینڈ کے بینڈ ہٹاری نے فائنل کے موقع پر فلسطینی جھنڈا لہرایا تو ایک ہنگامہ ہوگیا۔

آنجہانی اسٹیفن ہاکنز سمیت ہزاروں اساتذہ اسرائیل کے تعلیمی بائیکاٹ کی دستخطی مہم میں حصہ لے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی کیمپسوں میں طلبا تنظیمیں یونیورسٹی انتظامیہ پر مسلسل دباؤ ڈالتی رہتی ہیں کہ وہ اسرائیل سے اکیڈمک ریسرچ میں تعاون نہ کریں۔

اسی طرح جون دو ہزار اکیس میں آئس کریم کے معروف برانڈ پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ مقبوضہ غربِ اردن کی یہودی بستیوں میں اپنا کاروبار بند کر دے۔ اب یہ کمپنی صرف اسرائیل کی حدود تک محدود ہے۔ سابق اسرائیلی وزیرِ خارجہ یائر لیپڈ نے اس کمپنی کے فیصلے پر برستے ہوئے کہا کہ وہ اپنا کاروبار بچانے کے لیے یہود دشمنوں کے سامنے جھک گئی ہے۔

غزہ میں نسل کشی کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد بائیکاٹ مہم میں نئی جان پڑ گئی ہے۔ دراصل جن برانڈز کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی ماری۔

مثلاً ایک ملٹی نیشنل فوڈ کمپنی نے گزشتہ برس اکتوبر میں غزہ پر چڑھائی کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کو مفت برگر سپلائی کرنے کا اعلان کیا۔

اس کے عالمی بائیکاٹ کے بعد اسے اب تک نو ارب ڈالر کا نقصان پہنچ چکا ہے اور اس کے حصص کی قدر میں گیارہ فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس نے اسرائیل میں فرنچائز چلانے والی کمپنی سے اپریل میں سوا دو سو ریسٹورنٹس واپس لے لیے مگر اس اقدام سے بائیکاٹ کی شدت کم نہ ہو سکی۔ اس فوڈ کمپنی کی آمدنی میں ایک فیصد کی کمی صرف فرانس میں ہوئی جہاں براعظم یورپ کی سب سے زیادہ مسلمان آبادی ہے۔

امریکانو ریسٹورنٹ چین جو خلیجی ممالک میں اپنی فرنچائز چلاتی ہے۔ اسے پچھلے دس ماہ میں ایک ارب ساٹھ کروڑ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

ایک انٹرنیشنل پیزا چین نے جنوری میں اپنے سوشل میڈیا پیجز پر ایسی تصاویر شئیر کیں جن میں فوجی اس کا پیزا کھا رہے ہیں۔ مئی میں اس کمپنی نے فیس بک پر ایک اشتہار شایع کیا جس میں ایک جعلی تصویر میں سرکردہ فلسطینی سیاسی قیدی مروان برغوتی کو پیزا کھاتے ہوئے دکھایا گیا۔ اس کا نتیجہ اس کمپنی نے اپنی عالمی آمدنی میں چار فیصد کمی کی صورت میں بھگت رہا ہے۔ امریکا کی عالمی کافی چین کی یونین نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کا بیان سوشل میڈیا پر لگایا۔ انتظامیہ نے یونین پر مقدمہ کر دیا مگر اس کمپنی کی عالمی آمدنی کو خاصا دھچکا لگا ہے۔

جنوبی افریقہ کا عالمی بائیکاٹ اقوامِ متحدہ کی سطح پر ہوا تھا۔ مگر بی ڈی ایس اپنے بل بوتے پر یہ کام کررہی ہے۔ لہٰذا اسے زیادہ محنت کرنا پڑ رہی ہے۔

About Wusat Ullah Khan

Wusat Ullah Khan

Wusat Ullah Khan is associated with the BBC Urdu. His columns are published on BBC Urdu, Daily Express and Daily Dunya. He is regarded amongst senior Journalists.