Monday, 23 December 2024
  1.  Home/
  2. Guest/
  3. Meri Koshish Aap Ke Naam

Meri Koshish Aap Ke Naam

جب بھی آپ کتاب لکھ کر فارغ ہوتے ہیں تو اس کے بعد بڑا مرحلہ یہ ہوتا ہے کہ آپ اس کا انتساب کس کے نام کرنا چاہتے ہیں۔ کون ایسا اہم بندہ ہے جس سے آپ متاثر ہیں اور اسے احساس دلانا چاہتے ہیں کہ وہ آپ کے لیے کتنا اہم ہے۔

جب برسوں پہلے ماریو پزو کے "گاڈفادر" کا ترجمہ کیا تھا تو مجھے یہ فیصلہ کرنے میں دیر نہیں لگی تھی کہ انتساب کس کے نام کرنا ہے۔ وہ نعیم بھائی تھے۔ ہمارے بچپن، لڑکپن اور جوانی کے ہیرو۔

آج تک میں ان کے بدن کی پسینے کی خوشبو مس کرتا ہوں جب وہ کئی ماہ بعد بہاولپور میڈیکل کالج سے چھٹیوں میں رات گئے گائوں ہمارے ساتھ کچھ دن گزارنے آتے اور میں صبح سکول جانے سے پہلے انہیں کمرے میں سوتے دیکھ کر حیرانی اور خوشی سے آنکھیں بار بار ملتا اور بھاگ کر ان کو بستر میں لپٹ جاتا۔

وہ بھی نیند میں مجھے اپنے قریب چمٹا لیتے اور پھر وہ سو جاتے اور میں کافی دیر تک ان ساتھ لپٹ کر سوتا رہتا۔ ان کی اسٹالن اسٹائل مونچھیں مجھے بہت پسند تھیں۔ وہ ہم سب کے گاڈ فادر تھے لہذا گاڈ فادر کا ترجمہ ان کے نام کیا۔ وہ ہمارے ہیرو تھے۔ ہمارے Guardian Angel تھے۔

وہ اس وقت حیات تھے جب انہوں نے وہ انتساب پڑھا، کتاب کو ہاتھوں میں لے کر اس کا لمس محسوس کرتے رہے۔ جب کچھ دیر بعد انہوں نے کتاب ایک طرف رکھی اور ان کی مونچھوں کے اوپر سے جو مسکراہٹ ابھری تھی وہ آج تک میرے دل سے نہیں اتری۔

اس طرح جب "کشمیر کہانی" لکھ کر انسانی شکل میں عینک والے جن امر شاہد کو اس کا مسودہ ای میل کیا تو اس دفعہ بھی وہی صورت حال ہوئی جو گاڈ فادر کی دفعہ ہوئی تھی۔

امر شاہد کی انرجی اور تخلیقی قوت مجھے ہمیشہ متاثر کرتی ہے۔

اس دفعہ بھی مجھے نہیں سوچنا پڑا۔ میرے ذہن اور دل میں وہی نام ابھرا جو اس کتاب کے انتساب کا حقدار تھا۔ وہ تھے صفدر بھائی جو لندن میں رہتے ہیں۔ اگر میں نے کبھی نعیم بھائی والی فیلنگز کسی میں محسوس کی ہیں تو وہ صفدر بھائی ہیں جن کے پاس نعیم بھائی کی طرح سینکڑوں دلچسپ موضوعات ہیں اور آپ کبھی بور نہیں ہوتے۔ امریکہ میں ڈاکٹرعاصم صبہائی نے بھی جس طرح چھ ماہ ہمارا خیال رکھا وہ بھی نعیم بھائی کی یاد دلاتا ہے۔ ڈاکٹر عاصم کے ہم پورا خاندان شکر گزار ہیں۔ وہ ہمارے محسن ہیں۔

خوش قسمت رہا ہوں زندگی میں بہت اچھے لوگ ملے، زبردست دوست ملے جنہوں نے میرا مشکل وقت میں بہت خیال رکھا خصوصا میرے ملتانی دوست۔ درجنوں اجنبی لوگ مہربان بنے۔ سب سے بہت محبتیں ملیں۔

صفدر بھائی آپ کی محبتوں کا شکریہ۔ آپ نے میری زندگی کو خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ میری یہ چھوٹی سی کوشش آپ کی محبتوں کے نام ہے جو آپ نے مجھے اور میرے بچوں کو دی ہے۔ میں زندگی میں جن چند دوستوں سے پیار کرتا ہوں ان کی کمپنی مس کرتا ہوں۔ ان میں سے ایک آپ ہیں۔ یہ میری کوشش آپ کے نام۔

I love you

About Rauf Klasra

Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.