Saturday, 15 March 2025
  1.  Home
  2. Guest
  3. Rauf Klasra
  4. Oscar Awards Aur Behtareen Adakara

Oscar Awards Aur Behtareen Adakara

کچھ دیر پہلے آسکر ایوارڈز کی تقریب ختم ہوئی ہے۔ میں امید لگائے بیٹھا تھا کہ میری پسندیدہ اداکارہ ڈیمی مور بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتے گی لیکن ایوارڈ غیرمتوقع طور پر پچیس سالہ نوجوان امریکن اداکارہ میکی میڈیسن کو ملا ہے جس پر نہ صرف وہ خود حیران ہوئیں بلکہ وہاں موجود سامعین بھی ششدر رہ گئے کہ کوئی توقع نہیں کررہا تھا کہ وہ ایوارڈ جیتے گی۔ اکثر کا خیال تھا ڈیمی مور ہی جیتے گی۔

یہ ایوارڈ میکی کو انگریزی فلم Anora میں بہترین اداکاری پر دیا گیا ہے۔ یہ فلم نیویارک بروکلن کی ایک سیکس ورکرکے کردار پر بنائی گئی ہے جس کی ایک روسی ارب پتی کے بیٹے سے شادی ہوجاتی ہے۔ جونہی روس میں ماں باپ کو پتہ چلتا ہے تو وہ امریکہ پہنچ جاتے ہیں تاکہ اس شادی کو ختم کراسکیں کہ بھلا کون کسی سیکس ورکر کو اپنی بہو بنانا چاہے گا۔

کوئی بھی کامیابی بیٹھے بٹھائے نہیں ملتی۔ قسمت کا رول بھی اس وقت ہوتا ہے جب آپ اپنا سارا ہوم ورک کرچکے ہوتے ہیں۔ اپنی کوالفیکشن پوری رکھتے ہیں پھر قسمت کا انتظار شروع ہوتا ہے۔ آپ پوری محنت کر چکے ہوتے ہیں تو ہی لک آپ کو صحیح وقت پر سپورٹ کرتی ہے۔ اب اس فلم کو ہی دیکھ لیں جو صرف ساٹھ لاکھ ڈالرز کی کم لاگت میں بنائی گئی تھی لیکن اس نے تین کروڑ ڈالرز کمائے اور اب پوری دنیا میں نام بنا چکی ہے۔ اس فلم نے چار آسکر جیتے ہیں۔

اس نوجوان امریکن اداکارہ نے اس فلم کے کردار کو نبھانے کے لیے جو محنت کی ہے وہ کمال ہے۔ اس نے چھ ماہ تک روسی زبان سیکھی تاکہ وہ فلم میں اس سیکس ورکرکے کردار کو نبھا سکے جس کی روسی لڑکے سے شادی ہوئی ہے۔ اس طرح اس نے Brighton beach لہجہ سیکھا جو فلم کے کردار کی ضرورت تھی اور اپنے دو فائٹ سین بھی خود فلم بند کرائے۔ کامیابی ایسے نہیں ملتی۔ اس کے لیے زیرو ٹالرنس ٹائپ محنت درکار ہے۔ کامیابی لہو مانگتی ہے۔

اپنی مختصر لیکن خوبصورت تقریر میں میکی میڈیسن نے سیکس ورکرز کو بھی recognise کیا اور انہیں عزت دی۔ وہ بہت مختصر تقریر لکھ کر لائی تھی اور وہ بھی اکثر نام تھے جن کا اس نے شکریہ ادا کرنا تھا۔ شاید اسے ہرگز اندازہ نہ تھا کہ وہ یہ ایوارڈ جیتے گی لہذا اس نے کوئی لمبی چوڑی تقریر تیار نہیں کی تھی۔

اس نے ایک کمنٹ کیا کہ وہ لاس اینجلس میں پیدا ہوئی، پلی بڑھی تھی لیکن ہالی ووڈ اسے ہمیشہ بہت دور لگتا تھا۔

دکھ تو ہے کہ ڈیمی مور (سکارپین اسٹار) نہ جیت سکی لیکن میکی میڈیسن کی اس فلم کے کردار کو ادا کرنے کے لیے حیران کن محنت کے بارے پڑھ کر وہ دکھ دور ہوا۔ میکی کا اسٹار Aries ہے۔ فائر سائن۔ غصہ اور زبان کے سخت لیکن دل کے نرم۔

میکی کی تقریر کا وہ حصہ بہت خوبصورت تھاجب اس نے اپنے بھائی کا نام لے کر کہا کہ "وہ میرا سب سے بہترین دوست ہے کیونکہ وہ میرا جڑواں بھائی ہے اور ہنس کر کہا اس کے پاس اور چوائس ہی کیا تھا"۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.