Sunday, 16 March 2025
    1.  Home
    2. Guest
    3. Ali Raza Ahmed
    4. Mawazna Aur Taqab Law

    Mawazna Aur Taqab Law

    ایک شخص نے ایک دانا سے کہا کہ آپ انڈے کو چھ فٹ سے ایسے گرائیں کہ انڈہ نہ ٹوٹے۔ دانا نے اسی وقت یہ پالیسی دے دی کہ میں انڈے کو ہی سات فٹ سے گراؤں گا۔ لہٰذا ایک فٹ کے فرق سے دانا کی دانائی بچ گئی۔ اگر ہم تقابلے یا فرق کو زیر بحث نہ بھی لائیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا مگر کہا جاتا ہے کہ پانچوں انگلیاں ایک جیسی نہیں ہوتیں ان کی ساخت میں ظاہر ہے بڑا فرق ہوتا ہے یعنی اگر تمام انگلیاں انگوٹھے کی طرح کمزور ہوتیں تو اس سے بھی کوئی فرق نہ پڑتا اور ان میں سے پھر بھی ایک انگوٹھا ضرور کہلاتا، لیکن موبائل فون کے استعمال میں یہی کام آتا ہے اور اس کا استعمال کرنے والے کے پاس دوسرے کو انگوٹھا دکھانے کا وقت بھی نہیں ہوتا۔

    یہ بات بھی اہم ہے کسی پارک کے جاگنگ ٹریک پر وزن کی کمی کی کوششیں کرنے کا عذاب بھی کسی بٹ صاحب کو ہی کو معلوم ہوتا ہے اور اگر اس ٹریک پر کوئی خاتون اس کام میں شرابور ہو رہی ہو تو ٹریک کے اطراف میں بیٹھے ہوئے یوگائی تماشائی اپنا وزن بغیر کسی ورزش کے کم کر رہے ہوتے ہیں۔ وہ بے چاری باوجود مشقت کے اپنا وزن چھ ماہ میں اتنا نہیں گھٹا سکی ہوتی جتنا اس کو دیکھنے والے جوانوں کا منٹوں میں کم ہو رہا ہوتا ہے۔ وزن کم کرنے کے ان دونوں طریقوں میں فرق کا تقابلہ آپ کو ضرور ہوگیا ہوگا۔

    اگر ہم یہ کہیں کہ سورج اور چاند میں صرف حجم یا روشنی کا فرق ہے تو میرا یہ مضمون بے کار ہو جائے گا۔ کسی بھی فرق کا موازنہ دوست کی شکل میں بھی ہو سکتا ہے اور دشمن کی بھی عقل سے، فرق کی لمبائی چوڑائی سے مماثلت اور متصادم ہونا بھی بعید نہیں ہے۔ کبھی ایک لفظ کے معمولی قانونی فرق سے پوری عبارت تبدیل ہو کر مختلف معنی دینے لگ جاتی ہے جیسے استاد کے سبق دینے اور سبق سکھانے میں بہت فرق ہے اور باغ میں باغی کی مصروفیات میں۔۔ اسکولوں کے اکثر اساتذہ سبق دینے کی بجائے سکھانے کی طرف زیادہ مائل ہوتے ہیں کیونکہ ان کی تنخواہ اور ٹیوشن میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے۔ فرق کا فاصلوں سے بہت تعلق ہے، چنانچہ یہ کبھی نزدیک نہیں ہوا کرتا اس لیے فرق ہمیشہ دور ہی کیا جاتا ہے۔ بعض اوقات یہ فرق دور بین سے دیکھا جا سکتا ہے یا خوردبین سے یا پھر آنکھیں اوندھ لینے سے بھی۔

    سیاسیات میں افلاطونی نظریات کا سقراط سے موازنہ کیا جاتا ہے اسی طرح معاشیات میں طلب و رسد کا آپس میں تقابلی جائزہ لیا جاتا ہے۔ جن اشیاء کا آپس میں جائزہ لیا جانا ضروری ہو ان دونوں کا شجرہ نسب بھی معلوم ہونا ضروری ہوتا ہے پھر کہیں جا کر ان کی آپس میں تفریق کی جا سکتی ہے۔ وقار مجروح کے خیال میں اگر معاملات کو جانچا جائے تو سرخ اور سفید رنگ میں صرف خون کا فرق ہوتا ہے۔ پولیس نے رات کے پچھلے پہر ایک بہادر عورت کی تعریف کرتے ہوئے کہا "آپ نے بہت اچھا کیا جو ایک خطرناک ڈاکو پکڑ لیا۔ عورت نے فوراً جواب دیا "مجھے کیا پتا تھا کہ یہ ایک بدنام زمانہ ڈاکو ہے میں سمجھ رہی تھی میرے شوہر نے رات دیر سے آنے کی وجہ سے دیوار پھلانگی" مگر یہاں افسوس کی بات ہے کہ شوہر اور ڈاکو میں کوئی فرق رواء نہ رکھا گیا۔ اس مضمون میں کئی اشیاء کا باہمی تقابلہ کرنے اور ان کا غیر ضروری فرق نکالنے کی کوشش کی گئی ہے ملاحظہ کیجیے۔۔

    یورپ میں شوہر اور بوائے فرینڈ میں یہ فرق نظر آتا ہے
    چند سیکنڈ کا۔

    بوسکی کے تھانوں اور واپڈا میں یہ فرق ہوتا ہے
    میٹروں کا

    ایکسرے اور فوٹو میں فرق
    گوشت کا

    کوٹھے اور کوٹھی میں فرق
    استعمال کا

    ڈاکٹر اور حکیم میں یہ فرق سامنے آیا
    بروقت "ٹیکہ" لگانے کا

    عقل مند اور جاہل میں فرق
    بنک بیلنس کا

    شراب نوش اور شراب فروش میں یہ
    پرمٹ کا

    لاہور اور کراچی میں فرق
    "مال" کا

    سائل اور فائل میں
    "وُکLaw" کا

    روسی اور امریکی میں یہ فرق نظر آتا ہے
    "فحاShe" کا

    ٹیلیفون اور موبائل فون میں فرق
    جیب کا

    گلو اسٹک اور لپ اسٹک میں فرق
    خاموشی کا

    مزاح اور مذاق میں فرق
    مارپیٹ کا

    نو بال اور وائڈبال میں
    بال کی کھال کا

    نانی اور دادی میں یہ فرق ہوتا ہے
    "نواسی" پوتیوں کا

    جوبائیڈن اور ٹرمپ میں
    جمپ کا

    تھرمامیٹر اور آکسی میٹر میں فرق
    ذائقے کا

    اخبار اور عمر گزار میں فرق
    ہیڈ لائین کا

    ویکس اور ویکسین میں فرق
    سرینج کا

    لڑکی اور عورت میں یہ فرق سامنے آیا ہے
    تقریباً 45 کلو کا

    لومیرج اور ارینج میرج میں فرق
    نکاح رجسٹر کا

    چور اور سپاہی میں فرق
    تنخواہ کا

    محکمہ موسمیات اور معاشیات میں فرق
    مبادہ گر کا

    کنجوس اور سخی میں فرق
    تربیت کا

    خبر اور خوشخبری میں فرق
    Entertain-minute کا

    اور مریض اور حریص میں
    اسٹیتھوسکوپ کا

    فرق کو زیر بحث لانے کے مریض اور حریص میں فرق کے لیے ضروری نہیں کہ فرق کو فرق کے ساتھ ضرب دی جائے۔ دنیا کی ہر چیز کا کسی دوسری چیز سے تھوڑا بہت فرق ضرور ہوتا ہے لیکن ہمارے ملک کی کئی اشیاء ایک دوسرے سے بہت مماثلت رکھتی ہیں، مثلاً ہمارے لاڈلے محکمے واپڈا اور بیلنے میں آپ کو کوئی قابل ذکر فرق نظرنہیں آئے گا۔ علاج گاہ اور پناہ گاہ میں فرق کو مدنظررکھناچاہیے۔