Thursday, 31 October 2024
  1.  Home/
  2. 92 News/
  3. Kuch Shahkaar Filmon, Fankaron Par

Kuch Shahkaar Filmon, Fankaron Par

فکشن سے فلم تک کی اس سیریز کو مکمل کرنا چاہتا ہوں۔ اسے لکھنے کا ایک مقصد یہ تھا کہ سیاسی ہیجان کے اس وقت میں قارئین کی توجہ کلاسیک فکشن اور ان پر بنی فلموں کی طرف مبذول کرائی جائے۔ شاہکار فلموں کا تذکرہ کیا جائے۔ اس میڈیم سے کیا سیکھا جا سکتا ہے، اس پر بات ہو۔ ریسپانس خاصا اچھا ملا ہے، بہت سے قارئین مختلف پہلوئوں پر مزید لکھنے کی تجویز دے رہے ہیں۔ آج چند شاہکار فلموں اورہالی وڈ سے تعلق رکھنے والے چند شانداراداکاروں کا تذکرہ کرتے ہیں۔ ایک ہلکی پھلکی سے فہرست میں نے اپنے فیورٹ اداکاروں اور ان کی مسٹ واچ فلموں کی بنائی۔ بہت سے نام شامل نہیں ہوسکیں گے، ویسے بھی کالم میں اتنی سپیس نہیں ہوتی کہ مکمل جائزہ لیا جا سکے۔

میرے پسندیدہ اداکاروں میں ڈینئل ڈے لیوس، مارلن برانڈو، انتھونی ہاپکنز، الپچینو اور جیک نکولسن کی جگہ ٹاپ پر آتی ہے، جبکہ ڈسٹن ہافمین، ٹام ہینکس، رسل کرو، کرس والز، لیونارڈو ڈی کیپریو، بریڈ پٹ، میٹ ڈیمن، رابرٹ میگ فوروغیرہ بھی بہت پسند ہیں۔ چلیں ابتدا ڈینیل ڈے لیوس سے کرتے ہیں۔ ڈینیل ڈے لیوس ان چند فنکاروں میں شامل ہے جس نے تین آسکر ایوارڈ حاصل کر رکھے ہیں، مگر وہ دنیا کا واحد اداکار ہے جس نے بہترین اداکار کی کیٹیگری میں یہ تینوں ایوارڈ جیتے ہیں۔

ڈینیل ڈے لیوس کی اداکاری کا الگ ہی لیول اور سٹائل ہے۔ وین دئیر سے بلڈ(When There is Blood)ان کی ایک مشہور فلم ہے، جس پر آسکر بھی ملا۔ یہ تیل تلاش کرنے والے ایک سخت کوش انسان کی کہانی ہے۔ امریکی صدر ابراہم لنکن پر بننے والی مشہور فلم لنکن میں بھی ڈینیل ڈے لیوس نے کام کیا اور اس پر بھی آسکر ملا، پہلا آسکر انہیں نوجوانی میں ایک فلم "مائی لیفٹ فٹ"پر ملا، اس کردار کو ایک خاص طبی عارضہ تھا جس کے باعث بایاں پائوں کنٹرول میں نہیں رہتا تھا۔

"اِن دی نیم آف فادر "ڈینیل لیوس کی ایک عمدہ فلم ہے، یہ فلم آئرش عسکریت پسندی کے تناظر میں ہے، ڈینیل ڈے کو بے قصور دھر لیا جاتا ہے اور طویل عرصہ جیل کاٹنا پڑتی ہے۔ "فینٹم تھریڈ Phantom Thread" ڈینیل ڈے لیوس کی آخری فلم تھی۔ ڈینل لیوس کی زندگی بھی دلچسپ اور ڈرامائی ہے۔ وہ فلموں میں کئی برس کا گیپ لے کر کوئی نیا ہنر سیکھنے چل پڑتا۔ کبھی اٹلی جا کر جوتے بنانے کا کام سیکھنا، کبھی کچھ اور۔ ڈینیل ڈے کی زندگی پر بھی فلم بننی چاہیے۔

مارلن برانڈو: انہیں ٹائم میگزین نے ایکٹرا ٓف دی سنچری کا اعزاز دیا تھا۔ مارلن برانڈو اداکاری کے شعبے میں کسی گرو یا مہااستاد کا درجہ رکھتا ہے، کہا جاتا ہے کہ وہ" میتھڈ "اداکار تھا۔ مشہور بھارتی اداکار دلیپ کمار پر بھی مارلن برانڈو کے اثرات تھے۔ برانڈ و کی سب سے مشہور فلم گاڈ فادر ہے، اس میں مافیا ڈان ویٹو کارلیون کا کردار ایسے شاندار طریقے سے ادا کیا کہ کوئی دیکھنے والا بھلا نہیں سکے گا۔ گاڈ فادر سلسلے کی تین فلمیں ہیں، دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔

مارلن برانڈو کو دو آسکر ایوارڈ ملے تھے، ایک گاڈ فادر میں جبکہ دوسرا "ان دی واٹر فرنٹ"پرملا۔ یہ بھی خوبصورت فلم ہے۔ مارلن برانڈو کی ایک اور مشہور فلم "اپوکلیپسی نائو" ہے، ویت نام جنگ پر بنی یہ فلم گاڈ فادر کے ڈائریکٹر فرانسس فورڈ کپالا نے تخلیق کی تھی۔ اس کا اوپننگ شاٹ فلم کی دنیا میں بطور مثال پیش کیا جاتا ہے، کیمرہ کئی منٹ تک خاموش چلتا رہتا ہے، یہ طویل سین ایک خاص قسم کا تاثر پیدا کرتا ہے۔ برانڈو کی کئی فلمیں کلاسیک سمجھی جاتی ہیں۔

ڈینزل واشنگٹن ـ:یہ بھی ہالی وڈ کے چند بہترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔ دو آسکر ایوارڈ ملے ہیں، ایک نوجوانی ہی میں امریکی سول وار پر فلم" گلوریGlory "پر ملا، دوسراآسکر فلم" ٹریننگ ڈے" پر ملا۔ اس میں ایک کرپٹ پولیس افسر کا کردار کمال نبھایا۔ ڈینزل واشنگٹن کی ایک فلم پراسے ایوارڈ تو نہیں ملا، مگر وہ ضرور دیکھنے کی سفارش کرتا ہوں، فلم کا نام ہے فینسزFences۔ اس کے مکالمے کمال کے ہیں، سپیڈ تھوڑی کم کر کے سنیں اور حظ اٹھائیں۔

جس اداکارہ نے ساتھ کام کیا، اس نے بھی پنجابی محاورے کے مطابق اخیر کر دی، آسکر بھی ملا۔ ڈینز ل واشنگٹن کی دیگر مشہور فلموں میں میلکم ایکس، ڈی جا ووDeja vu شامل ہے۔ ڈیجا وو ایک عجیب تاثر ہے، جس سے ہم اپنی زندگی میں کئی بار گزرتے ہیں، اس اچھوتے احساس کو کیسے فلم میں سمویا، وہ دیکھنے کے لائق ہے۔ ڈینزل نے کئی ایکشن فلموں جیسے امریکن گینگسٹرز، ایکیولائزر، میگنفیسنٹ سیون وغیرہ میں بھی کام کیا۔

انتھونی ہاپکنز: انتھونی ہاپکنز بھی ہالی وڈ کے شاندار اداکاروں میں سے ایک ہے۔ اس کی فلم" سائلنس آف دی لیمب "کا تذکرہ پچھلے کالموں میں بھی آیا۔ سائیکو تھرلر ہے۔ انتھونی ہاپکنز نے ایک سفاک سائیکو مرڈر" ہنی بال لیکٹر"کا کردار نبھایا، کردار زیادہ طویل نہیں مگر دیکھنے والوں کو ساری زندگی نہیں بھول پائے گا۔ اس پر انتھونی کو آسکر ایوارڈ ملا۔ اس فلم کا دوسرا حصہ بھی بنایا گیا" ہنی بال" کے نام سے۔ انتھونی ہاپکنز بہت سے مشہور فلموں کا حصہ رہا ہے، جن میں لیجنڈآف دی فال بھی شامل ہے۔ انتھونی کو دوسرا آسکر دو سال پہلے فلم دی فادرThe Father پرملا۔ انتھونی ہاپکنز کا کمال اپنے چہرے کے تاثرات سے کام لینا ہے۔

الپچینو: الپچینو کو آسکر ایوارڈ تو فلم سینٹ آف ویمن Scent Of a Womanپر ملا تھا، مگر شہرت گاڈ فادر میں ڈان ویٹو کارلیون کے بیٹے مائیکل کے طور پر ملی۔ الپچینو کی بولتی ہوئی بڑی خوبصورت آنکھیں بہت مشہور ہوئیں، الپچینو نے گاڈ فادر ٹو اور تھری میں بھی کام کیا۔ سینٹ آف ویمن کے اختتام پر الپچینو کی تقریر کمال ہے۔ الپچینو کی ایک فلم ڈیولز ایڈووکٹ بھی مشہور ہوئی۔ الپچنو کئی مشہور فلموں کا حصہ رہا، ہیٹ وغیرہ اور پچھلے سال آنے والی دی آئرش مین، جس میں الپچینو نے جمی ہوفا کا کردار نبھایا۔

جیک نکولسن: یہ شاندار اداکار میری آل ٹائم فیورٹ لسٹ میں ٹاپ کیٹیگری میں آتا ہے۔ جیک نکولسن کو دو آسکرایوارڈز ملے ہیں، ایک تو شہرہ آفاق فلم "ون فلیو اوور اے ککوز نیسٹ "پر ملا، اس فلم نے پانچوں مین کیٹیگریز میں آسکر جیتے تھے۔ دوسرا آسکر ایک نہایت عمدہ فلم ایز گڈ ایز اٹ گیٹسAs good as it gets پر ملا۔ اس میں جیک نکولسن نے ایک ایسے رائٹر کا کردار ادا کیا جسے ایک خاص فوبیا OCDہے، وہ کسی چیز کو چھو لے تو فوراً بھاگ کر ہاتھ دھوتا ہے۔ کیا خوبصورت اور سوئٹ اداکاری کی۔

جیک نکولسن سپرہٹ فلم ڈی پارٹڈ کا حصہ بھی رہا اور لیجنڈ ڈائریکٹرکیوبرک کی فلموں دی شائننگ اور چائنا ٹائون میں بھی مرکزی کردار نبھائے۔ ٹام کروز اور ڈیمی مور کے ساتھ کورٹ ڈرامہ فلم "اے فیو گڈ مین"میں امریکی فوج کے کرنل کا کردار ادا کیا۔ کیا مکالمے بولے اور کیا چہرے کے تاثرات تھے، امریکی فوجی مائنڈ سیٹ بلکہ عمومی طور پر ملٹری مائنڈ سیٹ کو سمجھنے کے لئے یہ فلم دیکھنی چاہیے۔

ڈسٹن ہافمین: یہ بھی شاندار اداکار ہے۔ اس کی فلم رین مین دیکھنے کے بعد اس کا زبردست فین بن گیا۔ آٹسٹک شخص کا کردار اتنی عمدگی سے نبھاتے کبھی کسی کو نہیں دیکھا۔ Rain Manفلم دیکھیں، اسے بھلا نہیں سکیں گے۔ ڈسٹن ہوفمین کی فلم کریمر بمقابلہ کریمر Krammer v Krammer بھی مسٹ واچ فلم ہے۔ فیملی ایشو کے گرد گھومتی اس فلم میں ایک اور عظیم اداکارہ میرل سٹریپ نے بھی کام کیا اور دنگ کر دیا۔ میرل سٹریپ کو بھی اس فلم پر آسکر ملا۔ ڈسٹن ہوفمین کی کئی اور فلمیں بھی مشہور ہیں، رن اوے جیوری حال ہی میں دیکھی۔ اس کی ایک فلم سے متاثر ہو کر معین اختر نے لانگ پلے روزی بنایا تھا جس میں معین نے خاتون کا کردار ادا کیا۔

کیون کوسنر: ڈانسز ودھ وولف میں نے کوئی پچیس سال قبل دیکھی، اس پر کیون کوسنر کو آسکر ایوارڈ ملا تھا۔ ریڈ انڈینز کے ساتھ کچھ وقت گزارنے والا امریکی فوجی کا کردار تھا۔ فلم آج تک نہیں بھول پائی۔ کیون کوسنز عمدہ اداکار ہے، کئی بہترین فلموں میں کام کیا۔ بہت تیز اور منفرد ایکشن والی فلم دی اَن ٹچ ایبلز Untouchables بھی ان میں سے ایک ہے۔

جگہ کم رہ گئی، اس لئے اختصار کے ساتھ نام لیتا ہوں۔ ٹام ہینکس کو دو فلموں پر آسکر ملا ہے، فارسٹ گمپ جو اچھوتے ذائقے والی فلم ہے، اس پر بھارتی اداکار عامر خان بھی فلم بنا رہا ہے۔ دوسری ایک مشہور سرواوئیول فلم ہے" کاسٹ اوے "۔ ویسے ٹام ہینکس کی مشہور فلمیں بہت سی ہیں، طویل فہرست بن جائے گی، خوبصورت فنکار ہے، اس کے کام کو ضرور دیکھیں۔ رسل کرو کی فلم گلیڈایٹر ہمارے ہاں مشہور ہوئی ہے، اس پر ایوارڈ بھی ملا۔

رسل کی ایک بائیوپک فلم اے بیوٹی فل مائنڈ ہے، یہ ایک نوبیل انعام یافتہ سائنس دان پر بنی، جسے نفسیاتی عارضہ تھا۔ ڈی کیپریو کو فلم رینی ونٹ پر آسکر ایوارڈ ملا، مگر کئی فلموں میں اس کا کام اس قابل ہے۔ اسی طرح بریڈ پٹ اور میٹ ڈیمن نے بھی متاثر کن کام کیا۔ میٹ ڈیمن کی فلم "گڈ ول ہنٹنگ" ضرور دیکھیں۔ اس کی جیسن بورن سیریز بہت مقبول ہوئی۔ کرس والز کو دو فلموں پر آسکر ملا، ایک جینگو ان چینڈ پر جبکہ دوسرا "اِن گلورئیس باسٹرڈ " پر دیا گیا۔ خوبصورت اداکاری کی۔ کئی نام رہ گئے، پھر کبھی سہی۔