Tuesday, 24 December 2024
  1.  Home/
  2. 92 News/
  3. Zawal Ka Safar Jari Rahega

Zawal Ka Safar Jari Rahega

قرآن نے ہمیں بتایا ہے کہ خالقِ کائنات قوموں کے مابین دنوں کو پھیرتا رہتا ہے۔ عروج و زوال تاہم بے سبب ہر گز نہیں۔ اس باب میں اللہ تعالیٰ نے کچھ قوانین مقرر کر رکھے ہیں کہ جنہیں سنن الہٰیہ کہا جاتا ہے۔ غامدی صاحب اپنی کتاب میزان، میں قرآن مجیدکا احاطہ دو بڑے حصوں میں کرتے ہیں۔ الکتاب، کے باب میں عبادات کے قوانین بیان کئے گئے ہیں جبکہ الحکمہ، کے عنوان کے تحت ایمانیات، کے ساتھ اخلاقیات، کی جزئیات کو زیرِ بحث لایا گیا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ کتابِ ہدایت کا حتمی مدعا انسانوں کا تزکیہ نفس ہے۔ عبادات کا معاملہ تو روزِ حساب طے کیا جائے گا تاہم اخلاقیات، کو کسی حد تک اسی دنیا میں بھی قوموں کے عروج و زوال کا سبب قرار دیا جاتا ہے۔

قوموں کے عروج و زوال کے باب میں متعدد سوال اٹھائے جاتے ہیں۔ کیا قوموں کے مابین معاشرتی اور معاشی اونچ نیچ کے پسِ پشت قومی تہذیب وتمدن کار فرما ہے؟ کیا جغرافیائی یا موسمیاتی اسباب قوموں کی ترقی یا پسماندگی کا باعث بنتے ہیں؟ یا کہ کچھ قوموں کی پسماندگی کی وجہ کم علمی، (Ignorance Theory)ہے؟ معلوم ہوا کہ ان سوالات کے جوابات بالعموم نفی میں ہیں۔ اس سب کے برعکس گزشتہ چند صدیوں کے دوران کچھ قوموں کی بے پناہ ترقی کا سبب ان معاشروں کے اندر ایلیٹ کلچرکے خاتمے اور وسیع البنیاداداروں Institutions) Inclusive (کی موجودگی بتایا جاتا ہے۔

تحقیق ہمیں یہ بھی بتاتی ہے کہ ہر قوم کی صدیوں پر محیط زندگی میں کئی ایک ایسے اہم دوراہے، (Crtitical Junctures) رونماہوتے ہیں، جوقوموں کی تاریخ کا دھارا بدل دیتے ہیں۔ یورپ سات آٹھ سو سال پہلے تاریکی میں ڈوبا پڑاتھا۔ چودھویں صدی میں Black Death نے یورپی تاریخ بدلے جانے کی بنیاد رکھ دی۔ کئی ملین انسان وباء کے ہاتھوں مارے گئے۔ مزدور اور زمینوں پر جبری مشقت کرنے والے کسان مفقود ہوئے تو جاگیردارانہ نظام میں دراڑیں نمودار ہونا شروع ہو گئیں۔ کچھ ہی عرصے بعد سپین کے بحری جہاز وں نے اٹلانٹک اور پرتگالی مہم جوئوں نے مشرقی سنمدروں کا سینہ چاک کیا تو یورپ میں دولت کی ریل پیل ہو گئی۔ جاگیر داری نظام (Landed Aristicracy) اپنے قدموں سے اکھڑنے لگا۔

یورپ نے دوسری بارخود کو اہم دوراہے، پر اس وقت کھڑے پایا جب بلیک ڈیتھ کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں رونما ہونے والی معاشرتی اور معاشی تبدیلیاں سترہویں صدی عیسوی میں Glorious Revolution کی صورت اپنے عروج کو پہنچیں۔ بادشاہ اور زمینوں پر قابض اس کے پروردہ جاگیر داروں کے خلاف کسی اور نے نہیں درمیانے طبقے کے تاجروں اور کسانوں نے انقلاب برپا کیا۔ مطالبہ کیا گیا کہ جنگیں چھیڑنے اور ٹیکسوں کے نفاذکے فیصلے بادشاہ نہیں پارلیمنٹ کیا کرے گی۔ زمینوں کے مالکانہ حقوق جاگیر داروں سے چھین لئے گئے۔ انقلاب کا بنیادی محرک انسانی حقوق اور جمہوریت نہیں بلکہ تاجروں اور کسانوں کے معاشی حقوق تھے۔ معاشرے میں آسودگی نیچے تک پھیلی تو تعلیم کا نظام بھی مضبوط ہوتے ہوتے اگلی صدی میں پہلے صنعتی انقلاب کی بنیاد بنا۔

اٹھارویں اور انیسویں صدیوں میں ایک کے بعد ایک ریفارمز بل کی صورت جمہوری مطالبے سامنے آنا شروع ہوگئے۔ خود مختاراور وسیع البنیاد معاشی اداروں کے سر پر ہی مضبوط سیاسی ادارے کھڑے ہونا شروع ہوئے۔ برطانیہ میں اٹھنے والے انقلاب کے اثرات پھیلے توفرانس کے خونیں انقلاب کے بعد ہی سہی، پورے مغربی یورپ نے بادشاہی اور جاگیرداری نظام سے پیچھا چھڑاکروسیع البنیادقومی ادارے قائم کرنا شروع کر دئیے۔ مشرقی یورپ، روس اور اسلامی سلطنت پرانی ڈگر پر ڈٹے رہے اور زوال کے راستے پر لڑھکتے ہی چلے گئے۔ پہلے صنعتی انقلاب کی صورت میں تیسرا اہم دوراہا، سامنے آیا تو مغربی یورپ اور شمالی امریکہ اپنے مضبوط معاشی اور سیاسی اداروں کے بل بوتے پرنئی ٹیکنالوجی کے ثمرات سمیٹنے کو تیارتھے۔ انیسویں صدی کے اختتام تک ترقی یافتہ اور زوال پذیر اقوام میں تقسیم واضح ہو چکی تھی۔

بیسویں صدی میں اس امر سے قطع نظر کہ کس ملک میں کون سا طرزِ حکومت رائج ہے یہ طے ہو چکاتھا کہ وہی قومیں دنیا پر حکمرانی کریں گی جہاں محدود Elitist گروہوں کے مفادات کی نگہبانی کرنے والا نہیں، اخلاقیات، پر مبنی نظام اوروسیع البنیاد قومی ادارے کار فرما ہوں گے۔ چنانچہ جاپان میں مغربی جمہوریت جبکہ چین میں یک جماعتی نظام رائج ہونے کے باوجود کے ہر دو ممالک نے حیران کُن ترقی کی ہے۔

وطنِ عزیز کی مختصر زندگی میں پہلا اہم دوراہا، (Critical Juncture) استعمار کے استحصالی (Extractive)نظام سے آزادی کی صورت سامنے آیا۔ چاہیئے تو یہ تھا کہ ہم قدرت کی طرف سے ملنے والے اس نادر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوامی مفاد عامہ کی نگہبانی پر معمور وسیع البنیاد قومی ادارے قائم کرتے۔ اس کے برعکس معاشرہ ایلیٹ گروہوں کے نرغے میں مزیدپھنستا چلا گیا۔ نو سال تک ہم آزاد ادارے تو کیا، ایک آئین تک نہ بنا سکے۔ بد عنوانی، شخصی آمریت، سیاسی اکھاڑ پچھاڑ اور جاگیردارانہ مفادات نے فوجی آمریت کی راہ ہموار کی۔ فوجی حکمران کا استقبال عوام نے کھلے بازوئوں کے ساتھ اس امید سے کیا کہ ان کے حالات بدلیں گے۔ کچھ عرصہ میں فوجی جنتا مگر ایک نئے ایلیٹ گروپ کی صورت اختیار کر گئی۔

آمریت اورجمہوری ادوار ایک کے بعد ایک آتے جاتے رہے، وطن عزیزآج بھی ایک جدید اسلامی فلاحی معاشرہ نہیں، ایلیٹ طبقات کی چراگاہ ہے کہ جہاں مخصوص طاقتور گروہ ایک دوسرے کے مفادات کے نگہبان ہیں۔ زوال پذیر ملکوں میں جب کوئی فوجی آمر، جمہوری حکمران یا انقلابی رہنماء نظام کو بدلنے کا نعرہ لے کر کسی بد عنوان حکومت کا تختہ الٹ کر برسرِ اقتدار آتا ہے تودیکھا گیا ہے کہ جلد یا بدیر وہ خود بھی اسی کرپٹ نظام کا حصہ بن جاتا ہے۔ معاشی اور معاشرتی علوم کے ماہرین اسے Iron Law of Oligarchy کہتے ہیں۔

کہا جا سکتا ہے کہ حالات کے ہاتھوں ستائی ہوئی پاکستانی مڈل کلاس نے اکتوبر 2011ء کی ایک شام خاموش انقلاب برپا کیا تھا۔ کہا جا سکتا ہے کہ آزادی کے کئی عشروں بعد ہم ایک بار پھرایک اہم دوراہے، پر کھڑے تھے۔ تاریخ دانوں کا خیال ہے کہ انقلاب شخصیات برپا نہیں کرتیں بلکہ برپا انقلاب کے نتیجے میں کوئی ایک فرد اچانک ابھر کر تبدیلی کا استعارہ بن جاتا ہے۔ یہ کہنا مشکل ہے کہ اکتوبر 2013ء کی شام مینارِ پاکستان کے سائے تلے جمع ہونے والے ہجوم کو عمران خان کھینچ کر لائے تھے یا حالات سے اکتائے عوام نے محض ایک شخص کی ذات میں اپنا مسیحا ڈھونڈ لیا تھا۔ تین سالہ حکمرانی کے بعدطاقتورایلیٹ گروہوں کی طرف سے مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ عمران خان پراجیکٹ، ناکام ہو چکا ہے، لہٰذا ان کو ہٹایا جائے۔

عمران خان محض ایک فرد ہیں، وہ چلیں جائیں گے تو کوئی اور آجائے گا۔ افراد بدلتے رہیں گے، نظام ِ حکومت تبدیل ہوتے رہیں گے، خود غرضی، اقرباء پروری، ٹیکس چوری اور بد عنوانی پرمبنی ایلیٹ گروہوں کے مفادات کا نگہبان ظلم اور جبر کا نظام جو ں کا توں قائم رہے گا۔ یہی Iron Law of Oligarchy ہے۔ یہی صدیوں سے قوموں کے عروج و زوال کی داستان ہے۔ اسی کو سنتِ الہٰیہ بھی کہا جاتاہے۔