Tuesday, 24 December 2024
  1.  Home/
  2. Nai Baat/
  3. Kuch Inn Tasveeron Ka Bhi Sochen

Kuch Inn Tasveeron Ka Bhi Sochen

عزت مآب چیف جسٹس، قاضی فائز عیسیٰ نے بجا طور پر نکتہ اٹھایا ہے کہ آئین توڑنے والے ججوں کی تصویریں، عدالتی کمرہ نمبر ایک میں کیوں لگی ہیں؟ لیکن صرف آئین شکنوں ہی نہیں، اُن کی تصویروں کے بارے میں بھی کچھ سوچنا ہوگا جو طلائی حاشیوں والی ریشمی عبائیں پہن کر انصاف کی قبائیں تار تار کرتے رہے۔ جو بغض و عناد کی بنا پر اللہ تعالیٰ سے باندھا گیا حلفِ وفا توڑتے رہے۔ جنہیں پاکستان کے آئین و قانون سے "خُبثِ باطن" کی گنجائش نہ ملی تو "لُغتِ قانونِ سیاہ" (Black Law Dictionary) سے کسبِ عناد کرتے ہوئے سیاہ کار فیصلے رقم کرتے رہے۔

لگ بھگ پانچ برس بعد، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس پر نواز شریف کی اپیل کا فیصلہ سنا دیا۔ یہ داستان میرا موضوع نہیں کہ اِن پانچ برسوں میں نوازشریف پر کیا گذری۔ سو اس معاملے کو ایک طرف رکھتے ہوئے دیکھنا چاہیے کہ انصاف کے ایوانوں میں بیٹھی "چنڈال چوکڑی" نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کا کیا حشر کر دیا؟ پاکستان کے کروڑوں شہریوں کو کس جرم کی سزا دی جو تین چار فیصد مہنگائی میں کسی نہ کسی طور دو وقت کی روٹی کھا رہے تھے لیکن آج تاریخ کی ریکارڈ سطح، چالیس فیصد پہ پہنچی مہنگائی نے اُن کا جینا حرام کر دیا ہے۔

پاکستان کس طرح تقویم وقت کا پہیہ پیچھے کی طرف دھکیلتے ہوئے نواز شریف کے 2017 میں چلا جائے کہ آئی۔ ایم۔ ایف سے نجات کی نوید ایک بار پھر سنائی دے؟ اُسے ایک بار پھر کس نے عالمی ساہوکاروں کے قدموں میں لوٹنے پر مجبور کر دیا ہے؟ کس نے اُس سرزمین کو بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے کشتِ ویران بنا کے رکھ دیا جہاں نواز شریف ساٹھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لے کر آیا تھا؟ کس نے فعال اور متحرک سی پیک کو ناتواں برساتی کینچوا بنا دیا؟ کس نے چھ فی صد شرح سود کو بائیس فی صد تک لے جا کر صنعت و حرفت کے فروغ کا راستہ روک دیا؟

قومی گرڈ میں بارہ ہزار میگاواٹ بجلی کے بعد توانائی کے بحران پر قابو پایا جا چکا تھا۔ وہ کون تھے جن کے بغض نے آج پھر یہ صورت حال بنا دی کہ سردیوں میں بھی طویل لوڈشیڈنگ ہونے لگی؟ یہ کس کے ہُنر کا اعجاز ہے کہ دہشت گردی کے جس عفریت کو فولادی نکیل ڈال دی گئی تھی وہ آج پھر گلی کوچوں میں دندنا رہا ہے؟ 28 جولائی 2017 سے آج تک جاری ہمہ پہلو زوال اور سیاسی افراتفری کا سیل تُندرو کِن پہاڑوں سے اترا؟

کئی مہینوں سے ملک "دیہاڑ داری" نظام کی جھولی میں پڑا ہے؟ ایسا کیا ہوا کہ اچھا بھلا معاشرہ عدم برداشت، غصے، اشتعال اور نفرتوں کی گہری دلدل میں دھکیل دیا گیا؟ کُتب بدست نوجوان کیوں پٹرول بموں سے کھیلنے لگے؟ کیوں کر اخلاقی زوال اور تہذیبی انحطاط نے سماج کی جڑیں تک ہلا ڈالی ہیں؟ فوج کے اندر بغاوت بپا کرکے آرمی چیف کا تختہ الٹنے کی سازش کیا صرف9 مئی کے افق سے پھوٹی؟ انہیں کیسے نظرانداز کر دیا جائے جو مکروہ ذاتی اہداف و مقاصد کے لیے عدل و انصاف کے دامانِ تقدیس کو داغ داغ کرتے اور عمران خان کے آتشکدے کو ہوا دیتے رہے۔

دلیل دی جائے گی کہ منصوبہ ساز کوئی اور تھے۔ بالکل درست۔ وہ منصوبہ ساز آج بھی کہہ رہے ہیں کہ ہاں ہم نے ایسا کیا لیکن ہم سے غلطی ہوگئی۔ وہ کچھ کہیں نہ کہیں، ہمارے نظام میں اتنی توانائی نہیں آ سکی کہ کوئی اُن سے باز پرس کر سکے۔ اللہ کرے ریاست کے پیکر خاکی میں کبھی اتنی جان پڑ جائے کہ وہ پاکستان اور پاکستانیوں کو اس حال تک پہنچانے والوں کا کڑا محاسبہ کر سکے لیکن اِس وقت معاملہ منصوبہ سازوں، کے منصوبے میں رنگ بھرنے اور اُن سے کہیں زیادہ والہانہ ذوق وشوق کے ساتھ اُن کی "دو سالہ محنت" کو ضائع ہونے سے بچانے والے اُن کرداروں کا ہے جو بظاہر ججوں کا بہروپ بھرے، شعوری طور پر، دیدہ دانستہ آئین سے کھیلتے، اپنے حلف کو پاؤں تلے روندتے، عدلیہ کے وقار کو پامال کرتے اور نفرت میں لتھڑی اُبکائیوں کو عدالتی فیصلوں، کے طور پر باور کراتے رہے۔ ستم رسیدہ لوگ عدالتوں کا رُخ کرتے ہیں۔ اُنہیں توقع ہوتی ہے کہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر، ہر حال میں بلا رغبت و عناد فیصلہ دینے کی قسم کھانے والے منصف، کسی منصوبہ ساز کا نہیں، آئین، قانون اور انصاف کا ساتھ دیں گے۔ وہ ہرگز اس توقع کے ساتھ عدلیہ کے دروازے پر دستک نہیں دیتے کہ جج صاحبان بھی، منصوبہ سازوں کی سپاہ کا حصہ ہو کر کسی پراجیکٹ کے کارندے بن جائیں گے۔

لیکن ایسا ہوا اور برملا ہوا۔ منصوبہ سازوں کی مہم تو 2011 کے لاہوری جلسے سے آشکار ہو کر 2014 کے دھرنوں میں موضوعِ کوچہ و بازار بن چکی تھی لیکن عدالتی بہروپیے 2016 میں اُس وقت اس کھیل کا حصہ بنے جب سکرپٹ کے عین مطابق انہیں بروئے کار آنا تھا۔ پانامہ، بہانہ بنا جس کا پیٹ کُند نشتر سے چاک کرکے اقامہ نکالا گیا۔ آصف سعید کھوسہ نے ہانک لگائی "عمران! سڑکوں پہ کیا کر رہے ہو، ہمارے پاس آؤ"۔ پھر وہ پٹیشن یکایک معتبر ہوگئی جسے سپریم کورٹ "فضول، ناکارہ، لایعنی اور بے وقعت" قرار دے کر رَد کر چکی تھی۔ وہاں سے عدلیہ کی توہین اور عدل کی تضحیک کی وہ حیا سوز کہانی شروع ہوئی جس کی نظیر شاید ہی عہدِ حاضر کی کسی اور ریاست میں ملے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے، اِسی مقدمے کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ "12 اکتوبر 1999 کے اقدام پر بھی کارروائی ہونی چاہیے"۔ یوں تو یہ کہانی 1954 سے بھی شروع کی جا سکتی ہے لیکن وہ سب کردار معدوم ہو چکے۔ اکتوبر 1999 کے کرداروں میں سے بھی کم کم رہ گئے ہیں۔ بہتر ہوگا کہ خود احتسابی کی مشق پانامہ کے فیصلے سے شروع کر لی جائے۔ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے والے "تاریخ ساز" فیصلے کے بعد اک بارش سنگ و آہن تھی کہ بظاہر "رائیونڈ" لیکن دراصل پاکستان پر برستی رہی اور جس کی تباہ کاریاں آج ہم چار سُو دیکھ رہے ہیں۔

ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت پارلیمنٹ کے اختیار قانون سازی کو جوتے کی نوک پر رکھنے اور من پسند فیصلوں کے لیے مرضی کا آئین رقم کرنے کا یہ سلسلہ ثاقب نثار سے شروع ہو کر بندیال کی رخصتی تک جاری رہا۔ بہتر ہو کہ آرٹیکل 184/3 پر نئی قانون سازی کے مطابق سہ رُکنی بینچ بٹھایا جائے جو 28 جولائی 2017 سے 16 ستمبر 2023 تک کے اُن تمام فیصلوں کا جائزہ لے جن کا تعلق سیاسی معاملات سے تھا۔ اس مشق سے عدلیہ کی اُجلی قبا پہ لگے کچھ داغ دُھل گئے تو بھی غنیمت ہوگا۔

آئین توڑنے والے ججوں کی تصویریں بھلے اتار دیں۔ اور اگر قرآنی حلف سے روگردانی کرنے والے "جج صاحبان" کی تصویریں، کورٹ روم نمبر ایک کی دیواروں سے ہٹانا مشکل ہو تو کم ازکم انہیں اُلٹا کر ٹانگ دیا جائے۔