Thursday, 31 October 2024
  1.  Home/
  2. Express/
  3. Bebas

Bebas

بابا جی سے میں نے ایک دن پوچھا " ہماری روحانی کتابوں میں لکھا ہوتا ہے، وہ بزرگ چلتے چلتے ندی کے کنارے پہنچے، پانی کی سطح پر پاؤں رکھا اور پانی پر چلتے چلتے ندی کے پار اتر گئے، کیا یہ ممکن ہے؟ کیا انسان روحانیت کے زور سے پانی پر چل سکتا ہے"۔

بابا جی نے فرمایا "تذکرہ نویس ثابت کرنا چاہتے ہیں ان کے بزرگ روحانی طاقت سے ایسا کرتے تھے" میں نے حیران ہو کر عرض کیا "کیا مطلب؟" وہ بولے "لاکھوں، کروڑوں بلکہ اربوں انسانوں میں سے کوئی ایک پانی پر چلنے کی طاقت حاصل کر لیتا ہوگا مگر آبی پرندے دنیا کے ہر کونے میں پانی پر تیرتے اور چلتے پھرتے ہیں لہٰذا کیاصرف یہی روحانیت ہوتی ہے"

میں نے عرض کیا " بزرگوں کے بارے میں لکھا جاتا ہے وہ اچانک ہوا میں اڑنا شروع ہو گئے" بابا جی نے ایک بار پھر فرمایا " بیٹا ہم اگر دس، بیس، چالیس سال کی تپسیا سے اڑنے کی شکتی حاصل کر لیں تو بھی ہم پرندوں سے اچھا نہیں اڑ سکیں گے چناں چہ روحانیت صرف اس صلاحیت کا نام بھی نہیں"۔

میں نے عرض کیا " اور بزرگوں کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے، اللہ کے فلاں ولی چشم زدن میں ایک شہر سے دوسرے شہر پہنچ جاتے تھے" بابا جی نے مسکرا کر جواب دیا " یہ بھی کوئی کمال نہیں" میں نے عرض کیا " پھر روحانیت کیا ہے" بابا جی بولے "روحانیت اشرف المخلوقیت ہے، اللہ تعالیٰ نے انسان کو جس قدر مطمئن، شاکر، صابر، عالم، متحرک اور خوش پیدا کیا تھا، انسان ٹینشن، پریشانیوں، ہوس اور افراتفری کے اس زمانے میں خود کو واپس اس بنیاد کی طرف لے جائے، یہ لوگوں کے درمیان رہے، ان سے معاملہ کرے، ترقی کرے، آگے بڑھے، لوگوں کی مدد کرے اور اپنے اہل و عیال کے نان نفقے کا بندوبست بھی کرے لیکن ان تمام کارہائے دراز کے باوجود اللہ کی یاد سے بھی غافل نہ ہو، یہ اپنی ہر کام یابی اور اپنی ہر ناکامی میں اللہ تعالیٰ کو یاد رکھے، یہ سوئے تو اللہ سے توبہ کرکے سوئے، یہ جاگے تو اللہ کا شکر ادا کرے، یہ رزق حلال پائے تو اللہ کا شکر گزار ہو، یہ رزق حلال ہضم ہو جائے تو اللہ کا احسان مند ہو، مشکلیں پڑیں تو مخلوق کے بجائے خالق سے رابطہ کرے، مشکلیں آسان ہو جائیں تو بھی مخلوق سے قبل خالق کا شکر ادا کرے، یہ کل روحانیت ہے۔

میں نے عرض کیا " کیا حکمران بھی ولی ہو سکتے ہیں" بابا جی نے جواب دیا " حکمران عام آدمی کے مقابلے میں ولایت کے بہت قریب ہوتے ہیں" میں نے عرض کیا "کیسے؟" باباجی نے فرمایا " بیٹا ہم لوگ جہاں سیکڑوں ہزاروں راتوں کے وظیفوں کے بعد پہنچتے ہیں، حکمران صرف حکومت کا حلف اٹھا کر وہاں پہنچ جاتے ہیں، اللہ تعالیٰ ہمیں سیکڑوں قربانیوں کے بعد خلق خدا کو مشکلات سے نکالنے، ان کا درد دور کرنے، ان کے مالی مسائل حل کرنے اور انھیں ریلیف دینے کی طاقت دیتا ہے مگر حکمرانوں کو یہ اختیار، یہ طاقت اقتدار کی دہلیز پر قدم رکھتے ہی مل جاتا ہے"

میں خاموشی سے سنتا رہا، وہ بولے " دنیا کے ہر بزرگ کے ڈیرے پر لنگر چلتا ہے، یہ لنگر دن رات جاری رہتا ہے لیکن ہم اس لنگر سے صرف چند سو یا چند ہزار لوگوں کو کھانا کھلا سکتے ہیں لیکن حکمران تین سطروں کا آرڈر جاری کر دے، یہ آٹے کی قیمت میں نصف کمی کر دے تو لاکھوں کروڑوں لوگوں کے چولہے جلنے لگتے ہیں، یہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کر دے، یہ فیصلہ کر لے، ہم ایگریکلچر کو فروغ دیں گے، ہم ملک میں سبزیوں، دالوں، اناج اور پھلوں کی فراوانی کر دیں گے، ہم دودھ، روٹی اور چینی کی قیمت نہیں بڑھنے دیں گے اور یہ تہیہ کر لیں ہمارے ملک میں کوئی شخص بھوکا نہیں سوئے گا تو آپ یقین کیجیے چند دنوں یا ہفتوں میں کروڑوں لوگوں کی بھوک کا مسئلہ حل ہو جائے، لوگ خوش حال ہو جائیں"۔

بابا جی نے فرمایا " ہم اللہ تعالیٰ کے سامنے گڑگڑا کر، اللہ تعالیٰ کی منت کرکے ایک آدھ بے روزگار کو برسر روز گار کر سکتے ہیں، ہم اس کے لیے خوش حالی کے دروازے کھول سکتے ہیں لیکن حکمران فیصلہ کر لیں، ہمارے ملک میں آج سے کوئی شخص بے روز گار نہیں رہے گا، ملک کا ہر وہ نوجوان جس کی عمر اٹھارہ سال ہو جائے گی، وہ کوئی نہ کوئی کام کرے گا، اس کے پاس کوئی نہ کوئی ہنر ہوگا اور وہ اس ہنر کے ذریعے روزانہ روزی کمائے گا تو چند مہینوں میں لاکھوں کروڑوں لوگ خوشحال ہو جائیں گے، لوگوں کا مقدر بدل جائے گا"

باباجی بولے " ہم اللہ تعالیٰ کی منت کرکے کسی ایک آدھ مریض کی شفاء کا ذریعہ بن سکتے ہیں، کسی ایک آدھ زخمی کے زخموں کا علاج کر سکتے ہیں لیکن حکمران آج فیصلہ کر لیں، میرے ملک میں کوئی زخمی، کوئی مریض علاج کے بغیر نہیں رہے گا، ملک کے ہر شہری کو ڈاکٹر اور دوا ملے گی تو لاکھوں، کروڑوں مریضوں تک شفاء پہنچ جائے گی، مریض مطمئن ہو جائیں گے"

بابا جی بولے "اور ہم اللہ کے دس بیس گناہ گار بندے اللہ کے در پر سر رکھ کر ایک آدھ مظلوم کو انصاف دلا پاتے ہیں لیکن اگر حکمران فیصلہ کر لے میرے ملک میں آج سے کسی شخص کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، ملک کے ہر شہری کو عدل ملے گا تو کروڑوں مظلوموں کی آہوں اور سسکیوں کو قرار آ جائے گا"

بابا جی نے لمبی سانس لی اور فرمایا " آپ بتاؤ ہم بڑے ولی ہیں یا حکمران، ہم اپنی کوشش، تپسیا اور منت سے اللہ تعالیٰ کے رحم کی زنجیر ہلاتے ہیں اور اللہ تعالیٰ ہم پر کرم کرکے ہماری جھولی میں اپنے انعام کے چند پھول ڈال دیتا ہے مگر یہ حکمرانوں کو بن مانگے اپنے لاتعداد اختیارات دے دیتا ہے، یہ انھیں قطب، ابدال اور مجدد سے زیادہ بڑا مقام دے دیتا مگر افسوس یہ لوگ اللہ کے اس کرم کی قدر نہیں کرتے، یہ اللہ تعالیٰ کو ناراض کر دیتے ہیں"۔

میں نے بابا جی سے پوچھا "اللہ جب حکمرانوں سے ناراض ہوتا ہے تو یہ ان کے ساتھ کیا سلوک کرتا ہے" بابا جی مسکرائے اور بولے " حکمرانوں کے ساتھ اللہ کے سلوک کی طرف جانے سے قبل میں آپ کو یہ بتاتا ہوں، ہمارا خالق جب روحانی بزرگوں سے ناراض ہوتا ہے تو یہ ان کے ساتھ کیا سلوک کرتا ہے، اللہ تعالیٰ بزرگوں کی دعاؤں سے اثر خارج کر دیتا ہے، ہم اس سے کسی کے لیے رزق کی فراوانی مانگتے ہیں تو اللہ تعالیٰ اسے مزید مالی مسائل کا شکار کر دیتا ہے، ہم کسی کے لیے شفاء مانگتے ہیں، کسی کے لیے خوش حالی کی دعا کرتے ہیں یا پھر اس کے لیے انصاف کی عرضی ڈالتے ہیں تو اللہ تعالیٰ اس کے شکنجے کی مزید گراریاں چڑھا دیتا ہے۔

یہ مزید مشکلات میں پھنس جاتا ہے بالکل حکمرانوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے اللہ جب کسی حکمران سے ناراض ہوتا ہے تو یہ اس کے احکامات میں سے حکم اڑا دیتا ہے، حکمران حکم جاری کرتے ہیں مگر مسئلہ حل ہونے کے بجائے اس کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے، یہ مہنگائی کنٹرول کرنے کا حکم دیتے ہیں، مہنگائی بڑھ جاتی ہے، یہ امن قائم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہیں، ملک میں بدامنی بڑھ جاتی ہے، یہ انصاف دینے کے آرڈر جاری کرتے ہیں، ملک میں ظلم بڑھ جاتا ہے اور یہ روزگار کی اسکیمیں بناتے ہیں اور بے روزگاری میں اچانک اضافہ ہو جاتا ہے گویا اللہ تعالیٰ ان کے احکامات سے برکت ختم کر دیتا ہے اور یوں یہ تمام تر اختیارات اور مینڈیٹ کے باوجود بے توقیر اور بے بس ہو کر رہ جاتے ہیں اور حکمرانوں کی یہ بے بسی اللہ تعالیٰ کی ناراضی، اللہ تعالیٰ کے غصے کی نشانی ہوتی ہے"۔

About Javed Chaudhry

Javed Chaudhry

Javed Chaudhry is a newspaper columnist in Pakistan. His series of columns have been published in six volumes in Urdu language. His most notable column ZERO POINT has great influence upon people of Pakistan especially Youth and Muslims of Pakistan. He writes for the Urdu newspaper Daily Express four time a week, covering topics ranging from social issues to politics.