Tuesday, 05 November 2024
  1.  Home/
  2. Guest/
  3. Imran Khan Ki Takht Ya Takhte Ki Tayari

Imran Khan Ki Takht Ya Takhte Ki Tayari

عمران خان صاحب نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کیمروں کے روبرو کھڑے ہوکر حلف اٹھانا شروع کردیا ہے۔ ارادہ ہے کہ غالباََ رواں مہینے کے آخری ہفتے میں اسلام آباد جمع ہوا جائے۔ 2014ءکی طرح عرب بہار کے دنوں والا ماحول اس شہر کے ڈی چوک میں نظر آئے۔ شہباز حکومت کو اس کی بدولت اس حد تک زچ کردیا جائے کہ وہ استعفیٰ دے کر گھر جانے کو مجبور محسوس کرے۔

عمران خان صاحب کی جانب سے تخت یا تختہ والے معرکے کی بابت ہورہی تیاریوں کو اجاگر کرتے ہوئے ٹی وی اینکر بے تابی سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ صاحب کو اپنے شو میں بولنے کے لئے ڈھونڈنا شروع ہوجاتے ہیں۔ وہ مل جائیں تو مونچھوں پر تاؤ دیتے ہوئے "آکے وخا تے سئی" والی تڑی لگاتے ہوئے سکرین کو پُررونق بنادیتے ہیں۔

نظر بظاہر پنجاب، خیبرپختونخواہ اور آزادکشمیر میں قائم حکومتوں کی بھرپور معاونت سے عمران خان صاحب اپنے حامیوں کا "لاکھوں تک پھیلا" ہجوم اسلام آباد میں بآسانی جمع کرسکتے ہیں۔ میں اس بحث میں الجھنے کو آمادہ نہیں کہ یہ پرجوش اجتماع گیارہ جماعتوں پر مشتمل حکومت کو گھر بھیج سکے گا یا نہیں۔ مستقبل کا نقشہ سوچتے ہوئے تاہم فرض کرلیتے ہیں کہ تحریک انصاف بالآخر اپنے ہدف کے حصول میں کامیاب ہوجائے گی۔

عمران خان صاحب کا دیا دھرنا مذکورہ ہدف کے حصول میں کامیاب ہوگیا تو نئے انتخابات کی تاریخ بھی دینا ہوگی۔ ممکنہ انتخاب کے انعقاد کے لئے نگران حکومت کا قیام لازمی ہے۔ ہمارا تحریری آئین متقاضی ہے کہ یہ حکومت قومی اسمبلی میں موجود قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے تشکیل دی جائے۔ عمران خان صاحب سوسے زیادہ ساتھیوں سمیت مگر قومی اسمبلی سے مستعفی ہوچکے ہیں۔ تحریک انصاف سے منسلک جو اراکین قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے پر راضی نہ ہوئے ان میں سے ایک یعنی راجہ ریاض صاحب کو سپیکر قومی اسمبلی قائد حزب اختلاف تسلیم کرچکے ہیں۔ شہباز شریف اور راجہ ریاض کی مشاورت سے قائم ہوئی عبوری حکومت مگر عمران خان صاحب کے لئے قابل قبول نہیں ہوگی۔

مسئلہ فقط عبوری یا نگران حکومت کی تشکیل تک ہی محدود نہیں ہے۔ سابق وزیر اعظم کو موجودہ چیف الیکشن کمشنر بھی سخت ناپسند ہیں۔ عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے وہ انہیں مسلسل "راشی اور بدعنوان" پکاررہے ہیں۔ اس حقیقت کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ لکھنے کو مجبور محسوس کررہا ہوں کہ وہ نئے الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا بھی تقاضہ کریں گے۔ سوال اس کے بعد مگر یہ اٹھتا ہے کہ موجودہ الیکشن کمشنر ازخود استعفیٰ دینے کو رضا مند ہوں گے یا نہیں۔ وہ رضا مند نہ ہوئے تو انہیں گھر کیسے بھیجا جائے گا۔ وہ ازخود یا شدید دباؤ کے تحت مستعفی ہو بھی گئے تو نئے الیکشن کمشنر کے انتخاب کے لئے بھی ہمارا تحریری آئین حکومت اور اپوزیشن کے مابین مشاورت کا تقاضہ کرتا ہے۔ عمران خان صاحب مگر حکومت میں بیٹھے "چوروں اور لٹیروں" سے ہاتھ ملانا بھی پسند نہیں کرتے۔ مشاورت تو دور کی بات ہے۔ سیاستدان مشاورت کے ذریعے فیصلے لینے میں ناکام رہیں تو ریاست کے دائمی اداروں ہی کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ ادارے عمران خان صاحب کی ہر خواہش تسلیم کرتے نظر آئیں گے تو دیگر فریقین بھی انہیں رگیدنے کے لئے ویسی ہی زبان اور رویہ اختیار کرسکتے ہیں جو سابق وزیر اعظم نے رواں برس کے اپریل میں وزارت عظمیٰ سے فراغت کے بعد اپنایا ہوا ہے۔ یوں آئندہ انتخابات کا عمل شروع دن سے متنازعہ بن جائے گا جو اندھی نفرت وعقیدت کی وجہ سے پھیلی تقسیم کو مزید گہرا بنادے گا۔ ہم استحکام کے بجائے کامل انتشار کی جانب سرپٹ دوڑنا شروع ہوجائیں گے۔

جوخلفشار رونما ہوگی وہ عبوری یا نگران حکومت کے قابو میں نہیں آپائے گی۔ میرے اس دعویٰ کو رد کرنے سے قبل خدارا یہ حقیقت بھی ذہن میں رکھیے کہ موسم سرما کا آغاز ہونے والا ہے۔ 2019ءہی سے یہ موسم ہمارے ہاں گیس کی جان لیوا لوڈشیڈنگ کی بدخبری لانا شروع ہوچکا ہے۔ ہنگامی بنیادوں پر دیگر ممالک سے مہنگے داموں گیس خرید کر ہم اس بحران سے نبردآزما ہونے کی اذیت میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

اب کے برس مگر عالمی منڈی میں گیس تقریباََ نایاب ہوچکی ہے۔ روس یوکرین پر حملہ آور ہوا تو امریکہ نے اسے اقتصادی پابندیوں کے ذریعے سزا دینا چاہی۔ یورپ میں اس کی وجہ سے گیس کی قیمت عوام کی اکثریت کے لئے ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ سوال اٹھ رہا ہے کہ وہاں کے باسی آنے والی سردی میں گھروں کو گرم رکھیں یا خود کو زندہ رکھنے کے لئے درکار اشیاءخوردونوش خریدیں گے۔ برطانیہ اوریورپ کی تسلی کے لئے امریکہ اس امر کو یقینی بنانے کے لئے ہزاروں جتن کررہا ہے کہ انہیں گیس خواہ مہنگے داموں ہی سہی ہر صورت ملتی رہے۔ روس کے بعد گیس کا بڑا بیوپاری قطر ہے۔ اس کے ہاں جو گیس عالمی منڈی کو فراہم ہوسکتی ہے اس کا تمام ذخیرہ برطانیہ اور یورپ نے ابھی سے 2023ءکے موسم سرماکے لئے بک کررکھا ہے۔ پاکستان جیسے ممالک کو بیچنے کے لئے اب اس کے پاس قدرتی گیس کا بلبلہ تک موجود نہیں ہے۔ ہمارے ہاں سیاسی خلفشار کی شدت لہٰذا موسم سرما کو مزید ناقابل برداشت بنادے گی۔ اس مصیبت کا ذمہ دار اس تناظر میں کسے ٹھہرائیں گے۔ شہباز حکومت تو گھر جاچکی ہوگی اور عمران خان صاحب کو اقتدار میں لوٹنے کے لئے نئے انتخاب کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔ ایسے ماحول میں ہم کس کی ماں کو پنجابی محاورے کے مطابق "ماسی" کہیں گے؟

رواں برس کے مون سون نے ریکارڈ ساز بارشوں کے ذریعے چار کروڑ کے قریب پاکستانیوں کو پہلے ہی بے گھر ولاچار بنادیا ہے۔ لاکھوں ایکڑ اراضی گندم کی نئی فصل لگانے کے لئے بھی تیار نہیں ہوئی ہے۔ سیلاب زدگان کے دُکھ مگر ہم عمران خان صاحب کے متوقع لانگ مارچ کے انتظار میں بھلاچکے ہیں۔ اس ضمن میں ہماری غفلت اگرچہ تیزی سے نمودار ہوتے غذائی بحران کا تدارک نہیں کرپائے گی۔ اس عالم میں گیس کی نایابی جو عذاب لاسکتی ہے اس کا ہمیں اندازہ ہی نہیں ہورہا۔ عمران خان صاحب کی جانب سے اٹھائے حلف اور رانا ثناءاللہ صاحب کی لگائی تڑیوں سے جی بہلارہے ہیں۔

!

About Nusrat Javed

Nusrat Javed

Nusrat Javed, is a Pakistani columnist, journalist and news anchor. He also writes columns in Urdu for Express News, Nawa e Waqt and in English for The Express Tribune.