Saturday, 02 November 2024
    1.  Home/
    2. Guest/
    3. Kashmiriyon Ki Kasmpursi Main Kartarpur Rahdari Ka Iftetah

    Kashmiriyon Ki Kasmpursi Main Kartarpur Rahdari Ka Iftetah

    کرتارپور راہداری کی تعمیر اور اس کا بھارت کی سکھ برادری کے لئے کھولنا ایک بہت بڑا فیصلہ ہے۔ تاریخی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل۔ اس کالم میں اس کی بابت اگرچہ میں نے خاموشی اختیار کئے رکھی۔ "خوف فسادِ خلق" کی وجہ سے نہیں بلکہ "حساس" سوالات اٹھانے سے گریز والی "احتیاط"۔ اس ہفتے کا آخری کالم لکھتے ہوئے مگر شیخی بگھارنے کو مجبور ہوں کہ کرتارپور کی اہمیت کو بطور صحافی اجاگر کرنے میں مجھ دو ٹکے کے رپورٹر نے بھی کچھ حصہ ڈالا ہے۔

    24/7 چینل دیکھنے والے دانیال عزیز کے نام اور چہرے سے کافی آشانا ہیں۔ موصوف کے ساتھ میرا ہمیشہ سیاسی اختلاف رہا۔ ہم دونوں کے مابین گرما گرم مباحثے ہوتے ہیں۔ وہ مگر چھوٹے بھائی کی مانند ہیں۔ چودھری انور عزیز کے فرزند ہیں اور بے تحاشہ حوالوں سے چودھری صاحب میرے اور میری بیوی کے لئے عزیز ترین ہیں۔ ہمارے خاندان کے بڑے ہیں۔ ربّ کریم انہیں طویل عمر عطافرمائے اور ان کی شفقت ہمیں میسر رہے۔ چودھری صاحب کو اپنے شکر گڑھ سے عشق ہے۔ 1990 کی دہائی سے میرا صحافتی وجوہات کی بنا پر بھارت جانا تقریباََ معمول ہوگیا تو چودھری صاحب نے کرتارپور کا ذکر شروع کردیا۔ محض مجھے ہی نہیں میری بیوی اور بچیوں کو 2001 میں اس مقام پر بہت چائو سے لے گئے۔ ان کی دیرینہ خواہش تھی کہ راوی کے اس پار بسے بھارتی سکھوں کو اس مقام تک بآسانی رسائی کی راہ نکل آئے۔ جنرل مشرف کو بھارتی وزیر اعظم واجپائی نے جب آگرہ سمٹ کی دعوت دی تو اس سمٹ کی تیاری اور ممکنہ اہداف کی تلاش کے لئے مجھے کئی مہینوں تک بھارت میں رہنا پڑا۔ وہاں قیام کے دوران مجھے اندازا ہوا کہ نام نہاد عالمی برادری کی جانب سے پاکستان اور بھارت کی حکومتوں پر دبائو بڑھ رہا ہے کہ وہ اپنے باہمی تعلقات میں بہتری لائیں۔ اپنے شہریوں کے لئے پاکستان یا بھارت کے سفر میں ویزا Regime میں بہتری لائیں۔ People to People Contact کا ورد اسی باعث شروع ہوا تھا۔ بطور پاکستانی میرا ہمیشہ یہ اصرار رہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر باہمی تعلقات میں بہتری لانا ناممکن ہے۔ بھارت کے پالیسی سازوں کو بھی اس حقیقت کا بخوبی احساس تھا۔ آن دی ریکارڈ مگر اس موضوع پر کچھ Commit کرنے کو تیار نہیں ہوتے تھے۔

    People to People Contact کے ورد نے جنرل مشرف کے دور میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے لئے "پنجاب- پنجاب" تعلقات کو بھی بہتر بنانے کے امکانات پیدا کئے۔ ان دنوں بھی مہارجہ پٹیالہ کا وارث کیپٹن امریندرسنگھ بھارتی پنجاب کا وزیر اعلیٰ ہوا کرتا تھا۔ اس کی جنرل پرویز مشرف سے ایک طویل ملاقات ہوگئی۔ اس ملاقات کی بدولت "پنجاب-پنجاب" رشتوں کی "دریافت" آسان ہوگئی۔ 2004 میں لیکن میں نے محسوس کیا کہ دلی میں بیٹھی افسر شاہی اس کے بارے قطعاََ خوش نہیں ہے۔ بالآخر بھارت کے پاکستان میں متعین ایک سفیرجو بعدازاں من موہن سنگھ کے مشیر برائے قومی سلامتی بھی تعینات ہوئے اسلا م آباد کی ایک تقریب میں مجھے ایک کونے میں لے گئے۔ مجھے سفارتی زبان میں سمجھانے کی کوشش کی کہ دہلی میں Deep State "پنجاب-پنجاب" Hype کو ناپسند کرتی ہے۔ بھارت کے قومی سلامتی سے متعلق اداروں کو اس کے بارے میں شدید تحفظات ہیں۔ ان تحفظات کا ذکر ایک نجی ملاقات میں جنرل مشرف کے مشیر برائے قومی سلامتی جناب طارق عزیز صاحب سے میں نے تفصیلاََ کردیا۔ ان سے یہ درخواست بھی کی کہ بھارتی سکھوں کو پاکستان میں ان کے مقدس مقامات تک رسائی میں آسانیاں پیدا کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان کو "کشمیر-کشمیر" راہداری کا ذکر بھی کرنا چاہیے۔ انہوں نے فقط یہ کہتے ہوئے مجھے خاموش کردیا کہ "اس ضمن میں بھی کام"ہورہا ہے۔ بعدازاں ان دنوں کے وزیر خارجہ خورشید قصوری صاحب نے بھی مہربانی فرماتے ہوئے اس ضمن میں چند "آف دی ریکارڈ" تفصیلات بیان کردیں اور چند ہفتوں کے بعد آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان تھوڑی تجارت بھی شروع ہوگئی۔ سری نگر میں "کشمیر کی منڈی-راولپنڈی" کا نعرہ بہت مقبولیت اختیار کرنا شروع ہوگیا۔ جنرل مشرف کے دورِ حکومت کے آخری ا یام میں پاکستان اور بھارت کے مابین جو بیک ڈور مذاکرات ہورہے تھے ان کے دوران اس معاملہ پر تقریباََ اتفاقِ رائے ہوچکا تھا کہ آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کو ایک دوسرے سے ملنے کے لئے پاسپورٹ کے بجائے اس "رہائشی پرمٹ" کو کافی تصور کیا جائے جو مہاراجہ کے دنوں میں ریاستی شہریوں کیلئے جاری ہوتا تھا۔ کشمیریوں کیلئے ایسی آسانیوں کے بدلے کرتارپورراہداری کا کھولنا ایک معقول Swap نظر آتا۔ حالات مگر اب قطعاََ بدل چکے ہیں۔ مودی سرکار نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کو 5 اگست 2019 کے دن ختم کردیا۔ اس مہینے کی پہلی تاریخ سے مقبوضہ کشمیر کی "خصوصی حیثیت" ختم کردی گئی ہے۔ اسے جموں وکشمیر اور لداخ کے دو "صوبوں " میں بانٹ کر فی الوقت ان دونوں صوبوں کو بھارتی ریاست کی Union Territory بنادیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے باسی اگر اب آزادکشمیر آنا چاہیں گے تو انہیں "بھارتی پاسپورٹ" پر سفر کرنا ہوگا۔ "رہائشی پرمٹ" قصہ پارینہ ہوا۔ آرٹیکل 370 کی تنسیخ نے مقبوضہ کشمیر کی تاریخی حیثیت ختم کردی ہے۔ کشمیریوں سے ان کی جداگانہ شناخت چھین لینے کے باوجود 5 اگست 2019 سے 80 لاکھ انسانوں کو آج کے دور میں بھی انٹرنیٹ تک رسائی میسر نہیں۔ موبائل فونز کا استعمال بھی "پوسٹ پیڈ" کنکشن تک محدود ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت بھی جیلوں میں ہے۔ وہاں کی سول سوسائٹی کے سرکردہ ا فراد کو گھروں سے اٹھاکر راجستھان اور دہلی کی جیلوں میں بند کردیا گیا ہے۔ کئی مہینوں سے مقبوضہ کشمیر دُنیا کی وسیع ترین جیل میں تبدیل ہوچکا ہے۔ پاکستان 80 لاکھ کشمیریوں پر5 اگست 2019 سے نازل ہوئی اذیتوں کے ازالے کیلئے کماحقہ اقدامات نہیں لے پایا۔ اس تناظر میں کرتارپور راہداری کا افتتاح مجھے خوش کرنے کے بجائے پریشان کئے ہوئے ہیں۔ مجھے شدید خدشہ لاحق ہے کہ 80 لاکھ کشمیریوں کی بے پناہ اکثریت بھی خود پر نازل ہوئی آفت کی اس گھڑی میں بھارتی سکھوں کو میسر ہوئی سہولتوں کے بارے میں کافی Bitter محسوس کررہی ہوگی۔ مناسب ہوتا اگرکرتارپور راہداری کھولنے کے عوض ہم عالمی برادری اور خاص کر حال ہی میں وزیر اعظم پاکستان کے "دوست" ہوئے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے ذریعے 80 لاکھ کشمیریوں کو کم از کم موبائل فونز اور انٹرنیٹ تک رسائی ہی دلواپاتے۔ موجودہ حالات میں یہ راہداری پاکستان کی جانب سے برتی یک طرفہ خیرسگالی ہے۔

    مودی سرکار مگر اس خیر سگالی کا بھی کھلے دل سے خیرمقدم نہیں کررہی۔ دلی کی Deep State بلکہ اس راہداری کی بابت بہت منظم انداز میں بدگمانیاں پھیلانا شروع ہوگئی ہے۔ ان بدگمانیوں کے فروغ سے گھبراکر بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندرسنگھ اپنی "حب الوطنی" ثابت کرنے کے لئے تندوتیز بیانات دینے کو مجبور ہورہا ہے۔ تاریخی حقیقت اگرچہ یہ ہے کہ کرتارپورسیلاب کی وجہ سے 1930 کی دہائی میں "دریابرد" ہوگیا تھا۔ برسوں بعد جب راوی نے اپنی راہ بدلی تو یہ نمودار ہوا۔ اس کے احیاء اور تعمیر کے لئے تمام تر رقم امریندرسنگھ کے دادا اور والد نے ریاستِ پٹیالہ کے خزانے سے مختص کی تھی۔ کرتارپور راہدری کا افتتاح ذاتی حوالوں سے اس کے لئے اہم ترین جذباتی دن ہوتا۔ بھارت ان دنوں مگر ہندوانتہاپسندی کی شدید زد میں ہے۔ کرتارپورراہداری کا افتتاح وہ Feel Good ماحول نہیں بناپائے گا جس کی ہم توقع باندھے ہوئے ہیں۔ یہ لکھنے کے بعد بھی اگرچہ ہاتھ اُٹھاکر ربّ کریم سے فریاد کرنے کو مجبور ہوں کہ میرے اس ضمن میں خدشات بالآخر غلط ثابت ہوں۔

    About Nusrat Javed

    Nusrat Javed

    Nusrat Javed, is a Pakistani columnist, journalist and news anchor. He also writes columns in Urdu for Express News, Nawa e Waqt and in English for The Express Tribune.