Saturday, 02 November 2024
  1.  Home/
  2. Guest/
  3. Kisi Naye Bandobast Ka Intezar

Kisi Naye Bandobast Ka Intezar

جنرل ضیاء کے لگائے مارشل لاء نے کامل آٹھ برسوں تک نفسیاتی جنگ کے تمام حربے استعمال کرتے ہوئے ہم "ذلتوں کے ماروں" کو ریاستی بیانیے کی بابت سوالات اٹھانے کے ناقابل بنادیا تو 1985ء میں"غیر جماعتی" بنیادوں پر انتخاب کا انعقاد ہوا۔ اس کی بدولت "جمہوری بندوبست" کا جھانسہ دیتے سینٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں جیسے ادارے بحال کردئے گئے۔

ان کی بحالی سے قبل مگر جنرل صاحب نے قوم سے براہِ راست خطاب کیا۔ اس کے دوران واضح الفاظ میں سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ عوام کے منتخب نمائندوں کو اقتدار "منتقل" نہیں کررہے۔ اسمبلیوں تک پہنچے افراد "عوامی مسائل" حل کرنے کے عمل میں"میرے اور میرے رفقا" کے فقط "شراکت دار" ہوں گے۔ دو ٹکے کا جوان رپورٹر اس فقرے کی اہمیت سمجھ نہ پایا۔

نو منتخب قومی اسمبلی کی حلف برداری کی تقریب میں پیشہ وارانہ ذمہ داری کی وجہ سے شریک ہوا تو پہلی بار کسی منتخب ایوان کا رکن بنے نسبتاََ جواں افراد کی اکثریت سے تعارف اور گفتگو کے بعد محسوس ہوا کہ وہ اپنی "خودمختاری" دکھانے کو مچل رہے ہیں۔ سپیکر کے انتخاب نے انہیں اس خواہش کے بھرپور اظہار کی سہولت فراہم کردی۔

منتخب پارلیمان کے احیاء سے قبل جنرل صاحب کئی برسوں تک اپنے نامزد کردہ "صاف ستھرے" سیاست دانوں پر مشتمل "مجلس شوریٰ" کے ذریعے "مشاورت" کی فضا بنائے ہوئے تھے۔ خواجہ آصف کے والد صفدر مرحوم اس ادارے کے چیئرمین تھے۔ جنرل صاحب کا حکم تھا کہ انہیں نو منتخب اسمبلی کا سپیکر بھی منتخب کیا جائے۔ "خودمختاری" کومچلتے اراکین اسمبلی نے مگر سید فخر امام کو ان کے مقابلے میں کھڑا کردیا۔ بالآخر ان کی جیت نے ہمیں اس گماں میں مبتلا کردیا کہ "گیم" جنرل ضیاء کی گرفت سے نکلنا شروع ہوگئی ہے۔

بعدازاں جنرل صاحب ہی کے نامزد کردہ وزیر اعظم محمد خان جونیجو نے بھی کئی حیران کن پیش قدمیوں کی بدولت مذکورہ گماں کو حقیقت کی صورت فراہم کرنا شروع کردی۔ "خودمختاری" کی فضا مگر تین برس بھی قائم نہ رہ پائی۔ مئی 1988ء میں جنرل ضیاء نے اپنے ہی تشکیل کردہ بندوبست کو "نااہل اور بدعنوان" قرا ر دیتے ہوئے سلیٹ پر چاک سے لکھے حرف کی طرح مٹادیا۔ مذکورہ بندوبست سے نجات کے بعد وہ وطن عزیز میں"حقیقی اسلام" نافذکرنا چاہ رہے تھے۔ اگست 1988ء کے فضائی حادثے نے مگر اس کی مہلت نہ دی۔

"آنے والی تھاں" پر واپس آتے ہوئے پرانے بندوبست ہی کو بحال کرناپڑا۔ نئے انتخاب ہوئے۔ وہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو "مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم"منتخب کروانے کا سبب ہوئے۔ "اختیار" مگر انہیں بھی نصیب نہیں ہوا۔ ان کی "نگرانی" کے لئے افسر شاہی سے ابھرے غلام اسحاق خان کو ایوان صدر پہنچادیا گیا۔ آئینی اعتبا ر سے وہ جنرل ضیاء الحق جیسے ہی بااختیار تھے۔ فوجی وردی پہنے بغیر بھی منتخب اسمبلیاں توڑنے کا حق رکھتے تھے۔ اس حق کو انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کی پہلی حکومتوں کو فارغ کرنے کے لئے بے رحمی سے استعمال کیا۔

نواز شریف کی پہلی حکومت برطرف ہوئی تو وہ "میں ڈکٹیشن نہیں لوں گا" کا عہد باندھتے ہوئے عوامی حمایت کی تلاش میں متحرک ہوگئے۔ جسٹس نسیم حسن شاہ کی سپریم کورٹ نے انہیں اس ضمن میں آئینی اور قانونی کمک فراہم کی۔ غلام اسحاق خان کی فارغ کردہ قومی اسمبلی بحال کردی گئی۔ نواز شریف مگر اس کے باوجود اپنی "آئینی مدت" مکمل نہ کر پائے۔ "کاکڑ فارمولے" کو بروئے کار لانا پڑا جس کے نتیجے میں محترمہ بے نظیر بھٹو وزیر اعظم کے منصب پر لوٹ آئیں۔ اس کے بعد جو ہوتا رہا وہ حالیہ تاریخ ہے۔ اسے دہرانے سے کیا حاصل۔ لمبی تمہید کے بعد مکدی گل کی جانب بڑھنے کو ترجیح دوں گا۔

گزشتہ تیس برسوں کے دوران حکومتی بندوست کے حوالے سے جو تماشے دیکھے ہیں ان کی بدولت دریافت ہوئے چند اسباق اب میری جبلت کا حصہ بن چکے ہیں۔ جو سیکھا اس میں اہم ترین یہ حقیقت بھی ہے کہ میرے اور آپ جیسے عام پاکستانیوں کا حکومتی تبدیلیوں میں رتی بھر حصہ بھی نہیں ہوتا۔ روایتی اور سوشل میڈیا میں"ذہن ساز"تصور ہوتے "عوام میں مقبول ترین" صحافی بھی اس ضمن میں مؤثر کردار ادا نہیں کرتے۔ لوگوں کے ذہنوں میں پہلے سے موجود خواہشات اور تعصبات ہی کو "دلیری" سے بیان کرتے ہوئے "سٹار" بن جاتے ہیں۔ ریاست کے دائمی اداروں کی رائے پر سب سے زیادہ اثرانداز میرے تجربے کے مطابق مختلف دھندوں کے اجارہ دا رسیٹھ ہوتے ہیں۔ سیاسی زائچے تیار کرتے ہوئے ان کی "آنیوں جانیوں" پر نگاہ رکھنا لازمی ہے۔

گزشتہ مہینوں سے اجارہ دار سیٹھوں کا مخصوص گروہ اسلام آباد کے طاقت ور تصور ہوتے ڈرائنگ روموں میں شہباز شریف کی قیادت میں قائم ہوئی حکومت سے بیزاری کا اظہار کرنا شروع ہوگیا تھا۔ "دیوالیہ-دیوالیہ" کی دہائی در حقیقت ان کی سرگوشیوں میں ہوئی گفتگو کی بدولت نمودار ہونا شروع ہوئی تھی۔ اپنے خیالات کا اب وہ برملا اظہار کرنا شروع ہوگئے ہیں۔ گورنر سٹیٹ بینک کے ساتھ حال ہی میں ان کی جو ملاقات ہوئی ہے اس کی تفصیلات اخبارات میں آچکی ہیں۔

میری آپ سے التجا ہے کہ وقت نکال کر ان پر سنجیدگی سے غور کریں۔ آپ کو بخوبی اندازہ ہوجائے گا کہ "بازار میں رونق" لگانے کے کلیدی کردار تصور ہوتے اجارہ دار سیٹھ حکومت پر دبائو بڑھارہے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف کو مزید اڑی نہ دکھائے۔ پاکستانی روپے کی قدر کو بازار کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا جائے۔ بجلی اور گیس کے نرخ بڑھا کر عالمی معیشت کے نگہبان ادارے کو اطمینان دلایا جائے۔ وہ مطمئن ہوگیا تو ہمارے ساتھ 2019ء میں طے ہوئے بندوبست کو بحال کردے گا۔ ہماری "امداد" کے لئے روکی رقم کا اجراء ہوجائے گا۔ وہ رقم جاری ہوگئی تو دیگر عالمی مالیاتی ادارے بھی مہربان ہونا شروع ہوجائیں گے۔ "برادر ممالک" بھی اس کی بدولت پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے وعدوں کو عملی صورت فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات لیتے نظر آئیں گے۔

جو فضا بنائی جارہی ہے شہباز حکومت اس کا مؤثر توڑ ڈھونڈنے میں قطعاََ ناکام ہے۔ عمران حکومت کو ہٹانے کے بعد اقتدار سنبھالنے اور اس سے چپکے رہنے کی ضد نے مسلم لیگ (نون) کا ووٹ بینک پہلے ہی غارت کردیا ہے۔ حکومت سے مگر اب بھی تقاضہ ہورہا ہے کہ وہ "منی بجٹ"لائے اور اس کے ذریعے مزید محاصل کا حصول یقینی بنائے۔ بجلی اور گیس کے نرخ بڑھانا بھی لازمی تصور ہورہا ہے۔ میں ہرگز سمجھ نہیں پارہا کہ "منی بجٹ" شہباز حکومت موجودہ قومی اسمبلی سے کیسے منظور کرواپائے گی۔

عمران خان صاحب نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد ان دوصوبوں میں انتخابی عمل کا اپریل میں ہونا"تقریباََ یقینی بنادیا ہے۔ مہنگائی کا ایک اور سیلاب یقینی بنانے والے "منی بجٹ" پر انگوٹھے لگانے کے بعد حکومتی نشستوں پر بیٹھے اراکین قومی اسمبلی کس منہ سے اپنی جماعتوں کے نامزد کردہ صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کے لئے ووٹ مانگنے جائیں گے۔ "منی بجٹ"سے مفر بھی لیکن اب ممکن نظر نہیں آرہا۔ "گیم"یقینا شہباز شریف کی قیادت میں کھڑے کئے حکومتی بندوبست کے ہاتھ سے پھسلنا شروع ہوگئی ہے۔ اسی باعث میں کسی نئے "بندوبست" کا سنجیدگی سے منتظر ہوں۔

About Nusrat Javed

Nusrat Javed

Nusrat Javed, is a Pakistani columnist, journalist and news anchor. He also writes columns in Urdu for Express News, Nawa e Waqt and in English for The Express Tribune.