Thursday, 09 January 2025
  1.  Home/
  2. Nai Baat/
  3. Pak Fauj, Allah Salamat Rakhe

Pak Fauj, Allah Salamat Rakhe

ایران نے تواسلامی دنیاکے فخر، نازاورماتھے کے جھومرپاکستان پرحملہ کرکے اپنی اصلیت دکھادی لیکن جواب میں پاک فوج کے جوانوں نے ایمرجنسی بنیادوں پرایران کے اندرگھس کرپاکستان کی سلامتی اورخودمختاری پروارکرنے والوں کوجس طرح کاجواب دیاایران اب اسے کبھی بھول نہیں پائے گا۔ ایک ایسے وقت میں جب اسرائیل نے ارض مقدس کولہولہوکرکے مسلمانوں کی نسل کشی شروع کردی ہے اوردنیابھرکے مسلمان فلسطین ومظلوم فلسطینیوں کے حوالے سے شدیدپریشان، فکرمند ہیں اوراس وقت تمام مسلمانوں کی نظریں فلسطین پرمرکوزہیں۔ ایسے وقت اورحالات میں اپنے آپ کواسلامی ملک کہنے والے ایران کاپاکستان جیسے ایک پرامن اورذمہ داراسلامی ملک پرپیٹھ پیچھے وارسمجھ سے بالاتر ہے۔

ایران کے اس بزدلانہ فعل اوراقدام سے صرف سوال نہیں بلکہ کئی طرح کے سوالات جنم لے رہے ہیں۔ ایران کو اگر مسلمانوں کااتنا احساس اورپاس ہے تواس نے مسلمانوں کی نسل کشی اورظلم وستم میں پیش پیش اسرائیل پراب تک ایک چھوٹاسامیزائل کیوں نہیں داغا؟ عراق، شام اورپاکستان کونشانے پررکھنے والے ایران نے اسرائیل کانشانہ اب تک کیوں نہیں لیا؟ دنیابھرکے مسلمان تواس انتظارمیں تھے کہ ایران سے اسرائیل پرمیزائلوں کی بارش ہوگی لیکن یہ کیا؟ ایران نے تو اسرائیل، یہود اور ہنود کے بجائے مسلمانوں کوہی نشانے پررکھ لیا۔

پاکستان جس نے ایران کے ساتھ ہمیشہ برادرانہ و دوستانہ تعلقات استوارکئے اورایران کواب تک ایک برادراسلامی ملک کی نظرسے دیکھا، جواب میں ایران کو اس قدرنہیں گرنا چاہئے تھا، ایران کواگرکوئی مسئلہ تھابھی تووہ بھائی چارے کے اندراس کاحل ڈھونڈنے کی کوشش کرتا۔ اس طرح کاکام اوراقدام توغیراسلامی ممالک بھی اپنے کسی پڑوسی ملک کے بارے میں نہیں اٹھاتے جوایران نے ایک برادراسلامی ملک کے خلاف اٹھایا۔ شائد ایران پاکستان کو بھی عراق اور شام سمجھنے لگا تھا، شکر ہے کہ پاک فوج نے ایرانیوں کی یہ غلط فہمی اورخوش فہمی بروقت دورکردی۔

پاک فوج کے منہ توڑجواب سے اب ایرانیوں کویہ بات سمجھ آئی ہوگی کہ پاکستان عراق ہے اورنہ کوئی شام کہ جس پرجس وقت اور جہاں سے یہ چاہے میزائل داغ دے۔ پاکستان سے آج تک جس نے بھی پنگا لیا وہ کبھی جگہ پرواپس نہیں آیا۔ بھارت نے بھی بالاکوٹ میں ایک درخت کونشانہ بنانے کی غلطی کی تھی پاک فوج کے جوانوں نے بھارت میں گھس کرانڈیاکوپھردن کی روشنی میں جس طرح تارے دکھائے تھے وہ تاریخ کاایک روشن حصہ ہے۔

پاکستان پرمیزائل داغنے سے پہلے ایران اگرایک باربھارت سے پوچھ لیتا تو شائد نہیں یقینا پاکستان کے حوالے سے ایرانیوں کی غلط فہمی اس وقت ہی دورہوجاتی۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اوریہاں رہنے والے سارے لوگ امن سے پیارکرتے ہیں مگرامن سے پیارکرنے کایہ مطلب ہرگز نہیں کہ ہم نے کہیں کوئی چوڑیاں پہن رکھی ہیں۔ ملک کے دفاع، بقاء وسلامتی کے لئے پہلے بھی سارے پاکستانی ایک تھے اورملک کی بقاء وسلامتی کے لئے آج بھی 22کروڑعوام ایک ہیں۔ ہمارے فوجی جوان توجان ہتھیلی پررکھ کرچوبیس گھنٹے ملک کے دفاع، سلامتی اورحفاظت کے لئے تیار کھڑے رہتے ہیں۔ اسی وجہ سے تو22کروڑعوام کواپنے ان جوانوں سے پیاراوران پر ناز ہے۔

انڈیا کا محاذ ہو یا ایران کا ہمارے ان جوانوں نے ملک وقوم کوکبھی مایوس نہیں کیا۔ اینٹ کاپتھرسے جواب یہ ہمارے ان جوانوں کاہی خاصہ ہے۔ ہم پہلے بھی کہتے اورلکھتے رہے اوراب بھی کہتے ولکھتے ہیں کہ پاک فوج ہماری جان بھی ہے آن بھی اورشان بھی۔ اس ملک میں کچھ لوگوں نے اپنی سیاست اورخباثت کی وجہ سے پاک فوج کے خلاف غلط باتیں اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا۔ غیروں کے اشاروں پرناچنے والے ایسے نادانوں کوہم نے اس وقت ہی کہاتھاکہ ملک وقوم پراس سے پہلے بھی جب کوئی مشکل آئی تویہی فوج دیواربن کرملک وقوم کے آگے کھڑی رہی آئندہ بھی جب ملک وقوم پرکوئی مشکل وقت اورمرحلہ آئے گاتویہی فوج آگے سب سے آگے ہوگی۔

نومئی کوجن لوگوں نے فوجی تنصیبات پرحملے کئے یاپاک فوج کے خلاف مہم چلاکرپروپیگنڈے کئے۔ ایرانی حملے کے وقت وہ لوگ کہاں تھے؟ یہ ملک ودین دشمن اگرپاک فوج کے جوانوں سے زیادہ ملک وقوم کے وفادار اور جانثارتھے تو پھرایرانی حملے کاجواب انہوں نے کیوں نہیں دیا؟ پاک فوج پر بھونکنے والے تواپنے گھروں اوربلوں میں چھپے رہے وہی پاک فوج تھی جس نے انڈیاکے بعدراتوں رات ایران کا تکبر وغرور بھی خاک میں ملادیا۔

پاکستان کوعراق اورشام سمجھنے والے ایران میں آج اگرماتم گردی ہے تواس کے پیچھے وردی ہے۔ اپنی سیاست اورخباثت کے لئے پاک فوج پر بھونکنے والوں سے ہماراایک ہی سوال ہے کہ حملہ انڈیاکاہویاایران کا۔ منہ توڑجواب کس نے دیا؟ بھارت کیا؟ ایران جیسے کئی ممالک بھی ہیں جن سے پاکستان کاوجودہضم نہیں ہو رہا۔ اگر ہماری پاک فوج نہ ہوتی توایرانیوں جیسے نمونے بھی ہمیں زندہ چپاجاتے۔ یہ تورب کاخاص کرم ہے کہ ہمیں پاک فوج جیسی دنیاکی مضبوط، طاقت ور، دیانتدار اور وفادار فوج دی ہوئی ہے جس کودیکھ کرایران کیا؟

بھارت جیسے ممالک کی ٹانگیں بھی کانپ جاتی ہیں۔ اپنی اس فوج کی قدر کیجئے۔ ان فوجی جوانوں کی قربانیوں سے ہی یہ ملک قائم ودائم ہے، ہمارے یہ جوان ہیں توہم آزاد فضاؤں میں سانسیں لے رہے ہیں، یہ راتوں کو جاگتے ہیں توہم سوتے ہیں۔ فوج کی قدروقیمت عراق، شام اورفلسطین میں رہنے والے ان بدقسمتوں سے پوچھیں جوآج بھی آگ وبارودمیں جل کرکوئلہ بن رہے ہیں۔ جن کے سروں پرمحافظوں کاسایہ نہیں ہوتا ان کو پھر گلی کے کتے بھی چیڑ پھاڑ کر کھا جاتے ہیں۔

ہم توبڑے خوش قسمت ہیں کہ رب نے ہمیں پاک فوج جیسی عظیم نعمت سے نوازاہے۔ اسی نعمت کی برکت سے توہم درندوں سے بچے ہوئے ہیں ورنہ آج ہماراحال ہی بھی عراق، شام اورفلسطین میں تڑپ تڑپ کرمرنے والوں سے کبھی مختلف نہ ہوتا۔