Monday, 18 November 2024
  1.  Home/
  2. Express/
  3. Janoobi Asia Mein Esaiyat Ka Farogh

Janoobi Asia Mein Esaiyat Ka Farogh

عیسائیت ایک ابراہیمی مذہب ہے جو حضرت عیسیٰؑ ناصری کی زندگی اور تعلیمات پر مبنی ہے۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا مذہب ہے جس کے تقریباً ڈھائی ارب پیروکار ہیں۔ اس کے پیروکار، جنھیں عیسائی کہا جاتا ہے، 157 ممالک اور خطوں میں آبادی کی اکثریت کی تشکیل کرتے ہیں، اور یہ مانتے ہیں کہ یسوع مسیح ہے، جس کے مسیحا کے طور پر آنے کی پیشن گوئی عبرانی بائبل میں کی گئی تھی (جسے عیسائیت میں عہد نامہ قدیم کہا جاتا ہے) اور نئے عہد نامہ میں اس کی تفصیل درج ہے۔

عیسائیت کی چار بڑی شاخیں کیتھولک چرچ (1.3 ارب/50.1 فی صد)، پروٹسٹنٹ ازم (920 ملین /36.7 فی صد)، ایسٹرن آرتھوڈوکس چرچ (230 ملین) اور اورینٹل آرتھوڈوکس گرجا گھر (62 ملین) ہیں۔ اتحاد کی کوششوں کے باوجود ہزاروں چھوٹی چرچ کمیونٹیز پائی جاتی ہیں، جن کے ساتھ عیسائیت دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے براعظم افریقہ اور ایشیا میں بڑھ رہی ہے۔

تثلیث عیسائی عقیدے کا ایک مرکزی حصہ ہے، یعنی باپ، بیٹے اور روح القدس کا اتحاد۔ یسوع مسیح عیسائیت کے پیغمبر ہیں۔ عیسائیت پرانے عہد نامہ اور نئے عہد نامہ دونوں کو خدا کے الہامی کلام کے طور پر مانتی ہے، جسے یسوع نے منتقل کیا۔

عیسائیت کی اہم علامت صلیبی نشان/صلیب ہے، جو یسوع کی مصلوبیت اور ان کے جذبے کی علامت ہے۔ بائبل کے مطابق، یسوع جب صلیب پر چڑھائے جانے کے لیے لے جائے جا رہے تھے تو انھوں نے بھاری صلیب کے ساتھ ایک طویل راستہ چل کر طے کیا۔ عیسائیت میں یہ سمجھا جاتا ہے کہ یسوع نے دوسرے لوگوں کے گناہوں کے لیے اپنی جان کی قربانی دی۔ بپتسمہ ایک رسم ہے جس میں پانی کا استعمال کیا جاتا ہے، اس کے ذریعے ایک شخص چرچ کی رکنیت میں داخل ہو جاتا ہے۔

جنوبی ہندوستان، سری لنکا اور مالدیپ کے عیسائی اپنی اصل کو بنیادی طور پر حواری سینٹ تھامس سے جوڑتے ہیں۔ روایت کے مطابق، عیسائیت کو ہندوستان میں تھامس حواری نے متعارف کرایا تھا، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ 52 عیسوی میں کیرالہ کے مالابار ساحل پر پہنچے تھے۔ اس بات پر ایک عمومی علمی اتفاق پایا جاتا ہے کہ چھٹی صدی عیسوی تک کیرالہ کے مالابار ساحل میں عیسائی برادریاں مستحکم ہو چکی تھیں، جو کیرالہ کی شامی عیسائی برادری بن گئی۔

شامی مالابار نصرانی لوگ کیرالہ میں ایک اور کمیونٹی کی نمایندگی کرتے ہیں۔ وہ ایک انوکھی عبرانی شامی عیسائی روایت کی پیروی کرتے ہیں جس میں ہندو رسم و رواج کے ساتھ کئی یہودی عناصر بھی شامل ہیں۔ یہ شامی کیرالائی ورثے کے حامل ہیں، ان کی ثقافت جنوبی ہندوستانی ہے، ان کا عقیدہ سینٹ تھامس عیسائی ہے، اور ان کی زبان ملیالم ہے۔ ہندوستان میں سب سے پہلے تھامس کی طرف منتقل ہونے والے مالاباری یہودی تھے، جو مسیح کی پیدائش سے بھی قبل کیرالہ میں آباد تھے۔

پراواروں کے زیر اقتدار کنیا کماری کے آس پاس کے جنوبی ہندوستانی ساحلی علاقے جو موتیوں کے کاروبار کے لیے مشہور تھے۔ 1527 سے پراواروں کو عرب بحری بیڑوں سے خطرہ لاحق ہونے لگا، جنھیں کالی کٹ کے زمورین کی حمایت حاصل تھی۔ پراواروں نے علاقے میں منتقل ہونے والے پرتگالیوں سے تحفظ مانگا۔ یہ تحفظ اس شرط پر دیا گیا کہ ان کے رہنما فوری طور پر بپتسمہ لے کر عیسائی بنیں گے، اور وہ اپنے لوگوں کو بھی عیسائیت قبول کرنے کی ترغیب دیں گے، پرتگالی علاقے میں تزویراتی طور پر قدم جمائیں گے اور پرل فشریز پر بھی کنٹرول حاصل کر لیں گے۔

معاہدہ طے پا گیا اور کچھ مہینوں بعد 20 ہزار پراواروں نے اجتماعی طور پر بپتسمہ لیا اور 1537 تک پوری کمیونٹی نے اپنے عیسائی ہونے کا اعلان کیا۔ ایک یسوعی فرانسس زاویئر نے 1542 میں تامل معاشرے کے نچلے طبقے کے لیے ایک مشن شروع کیا اور مزید 30 ہزار پراواروں نے بپتسمہ لیا۔ زاویئر نے اپنی تعلیمات کو پھیلانے اور تقویت دینے کے لیے ساحلی پٹی سے 100 میل اوپر اور نیچے پراوار دیہاتوں میں کیٹیچسٹ (سوال و جواب کے ذریعے سکھانے والے) مقرر کیے تھے۔ پراوار عیسائیت کی اپنی ایک شناخت ہے جو عیسائی مذہبی عقیدے اور ہندو ذات پات کی ثقافت کے مرکب پر مبنی ہے، اور یہ آج بھی پراوار کی زندگی کا ایک اہم حصہ بنی ہوئی ہے۔

15 ویں صدی میں یورپی نوآبادیات کے ساتھ ساتھ لاطینی کیتھولک اور پروٹسٹنٹ فرقوں کی طرح کئی مغربی عیسائی فرقے پرتگالی گوا، دامن اور برطانوی ہندوستان کے شہروں میں وجود میں آئے۔ چرچ آف نارتھ انڈیا اور چرچ آف ساؤتھ انڈیا متحدہ پروٹسٹنٹ گرجا گھر ہیں، جو ہندوستان میں انگلیسی کلیسا کے ارکان، میتھوڈسٹس اور دیگر پروٹسٹنٹس کی انجیلی تبلیغ اور عالمگیر عیسائی اتحاد کی دعوت کے نتیجے میں قائم ہوئے تھے، جو کہ نوآبادیاتی ہندوستان میں پھلے پھولے تھے۔ مزید پروٹسٹنٹ ازم بعد میں شمالی امریکنوں، برطانویوں، جرمنوں، اور آزاد غیر فرقہ پرست مشنریوں کی کوششوں سے ہندوستان میں پھیلا جنھوں نے ہندوستانیوں کو انجیل کے پیروکار بنانے کے لیے حضرت عیسیٰؑ کی تعلیمات کی تبلیغ کی۔

تقریباً 1700 پروٹسٹنٹ مشنریوں نے پورے ہندوستان میں کام کرنا شروع کیا، جس کے نتیجے میں برصغیر بھر میں مختلف مسیحی برادریاں قائم ہوئیں۔ ہندوستان میں قدم رکھنے والے پہلے پروٹسٹنٹ مشنری جرمنی کے دو لوتھران تھے، بارتھولومس زیگنبلگ اور ہینریچ پلوشاؤ، جنھوں نے 1705 میں ڈنمارک کی ٹرینکوبار کی بستی میں کام شروع کیا۔ 18 اور 19 ویں صدی کے دوران پروٹسٹنٹ عیسائی مشنریوں نے ہندوستانی معاشرے میں مغربی تعلیم کو فروغ دیا۔ بیسویں صدی میں امریکا نے ہندوستان میں مشن اسپانسر کیے۔ 1914 کے بعد سے باہر کے عیسائی مشن کم فعال ہیں کیوں کہ ہندوستانی خود کارروائی کرتے ہیں اور پروٹسٹنٹ گروہوں نے یونین بنا لی ہیں۔

جنوبی ایشیا میں بنیادی طور پر نچلے طبقے ہی کے لوگوں نے عیسائیت کو اپنایا، بنیادی وجہ وہی تھی کہ ذات پات کے نظام سے جان چھڑانے کی کوشش میں تھے۔ بھارت میں مخلوط یورپی-ہندوستانی نسب کے ساتھ ایک چھوٹی سی برادری موجود ہے، یہ بنیادی طور پر پرتگالیوں کی اولاد ہیں۔

(فاضل کالم نگار دفاعی اور سیکیورٹی امور کے تجزیہ کار اور کراچی کونسل فار ریلیشنز (KCFR) کے چیئرمین ہیں۔)

About Ikram Sehgal

Ikram Sehgal

Major (R) Ikram Sehgal is a leading Pakistani defence analyst and security expert. He is a retired Pakistan Army officer.